نوجوانوں کا سوال
کیا مجھے بپتسمہ لے لینا چاہیے؟—پہلا حصہ: بپتسمہ لینے کا مطلب
ہر سال بہت سے ایسے نوجوان بپتسمہ لیتے ہیں جنہوں نے بچپن سے یہوواہ کے بارے میں سیکھا ہے۔ کیا آپ بھی یہ قدم اُٹھانے کے بارے میں سوچ رہے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو سب سے پہلے آپ کو یہ سمجھنا ہوگا کہ اپنی زندگی یہوواہ کے نام کرنے اور بپتسمہ لینے کا کیا مطلب ہے۔
بپتسمہ لینے کا کیا مطلب ہے؟
بپتسمہ لینے کا مطلب صرف یہ نہیں ہے کہ ایک شخص پر پانی چھڑکا جائے۔ اِس کی بجائے بپتسمے کا مطلب مکمل طور پر پانی میں ڈبکی لینا ہے۔ اور پانی میں ڈبکی لینا ایک بہت ہی خاص چیز کی طرف اِشارہ کرتا ہے۔
جب آپ پانی میں ڈبکی لیتے ہیں تو اِس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ اب آپ صرف وہ کام نہیں کریں گے جن سے آپ کو خوشی ملتی ہے۔
جب آپ پانی سے باہر آتے ہیں تو اِس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اب آپ نے ایک نئی زندگی کی شروعات کی ہے اور اب آپ وہ کام کریں گے جن سے خدا خوش ہوتا ہے۔
جب آپ بپتسمہ لیتے ہیں تو آپ سب لوگوں کے سامنے یہ با ت تسلیم کر رہے ہوتے ہیں کہ صرف یہوواہ ہی کو صحیح اور غلط کے حوالے سے معیار قائم کرنے کا حق ہے اور سب کو پتہ چل جاتا ہے کہ آپ نے یہوواہ سے وعدہ کِیا ہے کہ اب آپ وہی کریں گے جو وہ چاہتا ہے۔
اِس بارے میں سوچیں: یہ کیوں ضروری ہے کہ آپ سب لوگوں کو دِکھائیں کہ اب سے آپ یہوواہ کے وفادار رہیں گے؟ 1-یوحنا 4:19 اور مُکاشفہ 4:11 کو دیکھیں۔
اپنی زندگی یہوواہ کے نام کرنے کا کیا مطلب ہے؟
بپتسمہ لینے سے پہلے آپ کو اکیلے میں اپنی زندگی یہوواہ کے نام کرنی ہوگی۔ آپ ایسا کیسے کر سکتے ہیں؟
دُعا میں یہوواہ سے وعدہ کریں کہ آپ ہمیشہ اُس کی عبادت کریں گے اور چاہے جو بھی ہو جائے اور اِردگِرد کے لوگ جو بھی کرنے کا فیصلہ کریں، آپ ہمیشہ وہی کریں گے جن سے وہ خوش ہو۔
جب آپ بپتسمہ لے رہے ہیں تو سب کو یہ پتہ چل جائے گا کہ آپ نے اپنی زندگی یہوواہ کے نام کر دی ہے اور اب سے آپ کی زندگی آپ کی نہیں بلکہ یہوواہ کی ہے۔—متی 16:24۔
اِس بارے میں سوچیں: اپنی زندگی یہوواہ کے نام کر دینے سے آپ کی زندگی بہتر کیوں ہو جاتی ہے؟ یسعیاہ 48:17، 18اور عبرانیوں 11:6 کو دیکھیں۔
بپتسمہ لینا اِتنا ضروری کیوں ہے؟
یسوع نے بتایا تھا کہ اُن کے شاگردوں کے لیے بپتسمہ لینا بہت ضروری ہے۔ (متی 28:19، 20) اِس لیے آج بھی مسیحیوں کے لیے بپتسمہ لینا لازمی ہے۔ پاک کلام میں یہ بتایا گیا ہے کہ اگر ہم نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اِس کے لیے بپتسمہ لینا بہت ضروری ہے۔—1-پطرس 3:21۔
لیکن بپتسمہ لینے کی سب سے خاص وجہ یہ ہونی چاہیے کہ آپ یہوواہ سے محبت کرتے ہیں اور اُس کے بہت شکرگزار ہیں۔ آپ کو بھی ویسا ہی محسوس کرنا چاہیے جیسا زبور لکھنے والے ایک شخص نے کِیا۔ اُس نے کہا: ”یہوواہ نے میرے ساتھ جتنی بھی اچھائیاں کی ہیں، مَیں اُن کے بدلے میں اُسے کیا دے سکتا ہوں؟ مَیں ... یہوواہ کا نام لوں گا۔ مَیں یہوواہ کے سب بندوں کے سامنے اپنی وہ منتیں پوری کروں گا جو مَیں نے اُس کے حضور مانی ہیں۔“—زبور 116:12-14۔
اِس بارے میں سوچیں: یہوواہ نے آپ کے لیے جو کچھ کِیا ہے، آپ اُس کے بدلے میں اُس کے لیے کیا کر سکتے ہیں؟ اِستثنا 10:12، 13اور رومیوں 12:1 کو دیکھیں۔