نوجوانوں کا سوال
خدا کا کلام میری مدد کیسے کر سکتا ہے؟—پہلا حصہ: بائبل کو پڑھنے کا شوق پیدا کریں
”مَیں نے بائبل کو پڑھنے کی کوشش کی۔ لیکن یہ اِتنی موٹی کتاب ہے کہ مَیں نے سوچا کہ اِسے پڑھنا میرے بس کی بات نہیں۔“—برِیانہ، عمر 15 سال۔
کیا آپ کو بھی ایسا ہی محسوس ہوتا ہے؟ اگر ہاں تو یہ مضمون آپ کے بہت کام آ سکتا ہے!
بائبل کو کیوں پڑھیں؟
جب بائبل پڑھنے کی بات آتی ہے تو کیا آپ کو ایسا کرنے کے خیال سے ہی بوریت ہوتی ہے؟ اگر ایسا ہے تو پریشان نہ ہوں۔ شاید آپ بائبل کو ایک ایسی کتاب سمجھتے ہیں جس میں ہزاروں صفحے ہیں، جس میں لکھائی بہت چھوٹی ہے اور کوئی تصویر نہیں ہے۔ شاید اِس کے مقابلے میں آپ کو ٹیوی یا ویڈیوز دیکھنا زیادہ اچھا لگے۔
لیکن ذرا اِس بات پر غور کریں: اگر آپ کو ایک بہت ہی قدیم خزانے کا بکس ملتا ہے تو کیا آپ کو تجسّس نہیں ہوگا کہ آپ اِسے کھول کر دیکھیں کہ اِس کے اندر ہے کیا؟
بائبل خزانے کے بکس کی طرح ہے۔ اِس میں آپ کو دانشمندی کی بہت سی باتیں ملیں گی جو ہیرے موتیوں جیسی ہیں۔ اِن کی مدد سے آپ ...
اچھے فیصلے کر پائیں گے۔
اپنے امی ابو کے ساتھ اچھے سے رہ پائیں گے۔
اچھے دوست بنا پائیں گے۔
پریشانیوں سے نمٹ پائیں گے۔
لیکن اِتنی پُرانی کتاب آج بھی فائدہمند کیسے ہو سکتی ہے؟ اِس کی وجہ یہ ہے کہ ”پاک صحیفوں میں جو کچھ بھی لکھا ہے، وہ خدا کے اِلہام سے ہے۔“ (2-تیمُتھیُس 3:16) اِس کا مطلب ہے کہ بائبل میں پائی جانے والی ہدایتیں کائنات کی سب سے دانشمند ہستی کی طرف سے ہیں۔
مجھے بائبل کو کیسے پڑھنا چاہیے؟
ایک طریقہ تو یہ ہے کہ آپ اِسے شروع سے لے کر آخر تک پڑھیں۔ اِس طرح آپ یہ جان پائیں گے کہ بائبل کا پیغام کیا ہے۔ آپ بائبل کو پڑھنے کے لیے بہت سے طریقے آزما سکتے ہیں۔ ذرا اِن دو طریقوں پر غور کریں:
آپ بائبل کی 66 کتابوں کو اُسی ترتیب سے پڑھ سکتے ہیں جس ترتیب سے یہ بائبل میں درج ہیں یعنی پیدایش سے لے کر مکاشفہ تک۔
آپ بائبل میں درج واقعات کو اُس ترتیب سے پڑھ سکتے ہیں جس ترتیب سے یہ پیش آئے۔
مشورہ: کتاب ”کتابِمُقدس کی تحقیق کے لیے گائیڈ“ میں حصہ ”یسوع کی زندگی کے اہم واقعات“ کو دیکھیں۔ اِس میں زمین پر یسوع مسیح کی زندگی کے اہم واقعات کو اُسی ترتیب سے بتایا گیا ہے جس ترتیب سے یہ پیش آئے۔
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ آپ کوئی ایسا واقعہ پڑھیں جو اُس مشکل میں آپ کے کام آ سکے جس کا آپ سامنا کر رہے ہیں۔ مثال کے طور پر:
کیا آپ کسی بھروسےمند شخص سے دوستی کرنا چاہتے ہیں؟ تو پھر یونتن اور داؤد کی کہانی پڑھیں۔ (1-سموئیل 18-20 ابواب) دیکھیں کہ داؤد میں کون سی خوبیاں تھیں جن کی وجہ سے یونتن نے اُن سے دوستی کی ہوگی۔
کیا آپ آزمائش کا مقابلہ کرنے کے اپنے عزم کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں؟ تو پھر یوسف کی کہانی پر غور کریں کہ اُنہوں نے آزمائش کا مقابلہ کیسے کِیا۔ پیدایش 39 باب کو پڑھیں اور ویبسائٹ jw.org پر ”پاک کلام کی ڈرامائی ریکارڈنگ“ ”یہوواہ یوسف کے لیے محبت اور رحم ظاہر کرتا رہا“ کو سنیں۔ دیکھیں کہ یوسف کو آزمائش کا مقابلہ کرنے کی طاقت کہاں سے ملی۔
کیا آپ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ دُعا میں کتنی طاقت ہے؟ تو پھر نحمیاہ کے واقعے پر غور کریں۔ نحمیاہ 2 باب کو پڑھیں اور ڈرامہ ”نحمیاہ: یہوواہ کی خوشی پناہگاہ ہے—حصہ 1“ اور ”نحمیاہ: یہوواہ کی خوشی پناہگاہ ہے—حصہ 2“ کو دیکھیں۔ ایسی باتوں کو نوٹ کریں جن سے ظاہر ہو کہ نحمیاہ کو اُن کی دُعا کا جواب ملا۔
مشورہ: جب آپ بائبل پڑھتے ہیں تو اِسے کسی ایسی جگہ بیٹھ کر پڑھیں جہاں خاموشی ہو تاکہ آپ کا پورا دھیان اِس پر رہے۔
تیسرا طریقہ یہ ہے کہ آپ کچھ آیتوں یا کسی زبور کو چُنیں، اِنہیں پڑھیں اور پھر اِس بات پر غور کریں کہ جو کچھ آپ نے پڑھا ہے، وہ آپ پر کیسے لاگو ہوتا ہے۔ پڑھنے کے بعد خود سے اِس طرح کے سوال پوچھیں:
یہوواہ خدا نے اِس بات کو بائبل میں کیوں لکھوایا؟
اِس سے مَیں یہوواہ خدا کے بارے میں کیا سیکھتا ہوں؟ اور مجھے اُس کے کام کرنے کے طریقے کے بارے میں کیا پتہ چلتا ہے؟
مَیں اِس معلومات کو کن صورتحال میں اِستعمال کر سکتا ہوں؟
مشورہ: بائبل پڑھنے کا منصوبہ بنائیں۔ وہ تاریخ لکھ لیں جس پر آپ ”بائبل پڑھنے کے لئے شیڈول“ کے مطابق بائبل کو پڑھنا شروع کریں گے۔ یہ شیڈول ہماری ویبسائٹ jw.org پر ہے۔