مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

ناانصافی کا خاتمہ

ناانصافی کا خاتمہ

ناانصافی کا خاتمہ

خدا کے کلام کی پیشین‌گوئیوں سے پتہ چلتا ہے کہ جلد ہی خدا اِس ناانصاف دُنیا کو ختم کرے گا اور اِس کی جگہ ایک نئی دُنیا قائم کرے گا۔‏ تب پوری زمین پر ایک ہی حکومت ہوگی یعنی خدا کی بادشاہت۔‏ خدا نے یسوع مسیح کو اِس حکومت کا بادشاہ مقرر کِیا ہے۔‏ (‏مکاشفہ ۱۱:‏۱۵‏)‏ خدا کی بادشاہت ناانصافی کو ختم کرنے کے لئے کیا کرے گی؟‏ وہ دو اقدام اُٹھائے گی۔‏

۱.‏ خدا کی بادشاہت ناانصاف انسانی حکومتوں کو ختم کر دے گی۔‏ خدا کے کلام میں لکھا ہے:‏ ”‏اُن بادشاہوں [‏یعنی حکومتوں]‏ کے ایّام میں آسمان کا خدا ایک سلطنت برپا کرے گا .‏ .‏ .‏ وہ اِن تمام [‏انسانی]‏ مملکتوں کو ٹکڑےٹکڑے اور نیست کرے گی اور وہی ابد تک قائم رہے گی۔‏“‏—‏دانی‌ایل ۲:‏۴۴‏۔‏

۲.‏ خدا کی بادشاہت بدکار لوگوں کو ختم کر دے گی اور انصاف‌پسند لوگوں کو محفوظ رکھے گی۔‏ زبور ۳۷:‏۱۰ میں لکھا ہے:‏ ”‏تھوڑی دیر میں شریر نابود ہو جائے گا۔‏“‏ اِسی زبور کی ۲۸ آیت میں بتایا گیا ہے کہ ”‏[‏یہوواہ]‏ اِنصاف کو پسند کرتا ہے اور اپنے مُقدسوں [‏یعنی بندوں]‏ کو ترک نہیں کرتا۔‏ وہ ہمیشہ کے لئے محفوظ ہیں۔‏“‏

خدا کے بندے اپنی آنکھوں سے یسوع مسیح کے اِن الفاظ کو پورا ہوتے دیکھیں گے:‏ ”‏تیری بادشاہی آئے۔‏ تیری مرضی جیسی آسمان پر پوری ہوتی ہے زمین پر بھی ہو۔‏“‏ (‏متی ۶:‏۱۰‏)‏ زمین کے لئے خدا کی مرضی کیا ہے؟‏

خدا کی بادشاہت کیا تبدیلیاں لائے گی؟‏

بددیانتی اور ظلم کا خاتمہ ہوگا۔‏ خدا کے کلام میں یسوع مسیح کے بارے میں کہا گیا ہے:‏ ”‏تُو نے راست‌بازی سے محبت اور بدکاری سے عداوت رکھی۔‏“‏ (‏عبرانیوں ۱:‏۹‏)‏ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یسوع مسیح ایک انصاف‌پسند حکمران ہیں۔‏ ”‏وہ محتاج کو جب وہ فریاد کرے اور غریب کو جس کا کوئی مددگار نہیں چھڑائے گا۔‏ .‏ .‏ .‏ وہ فدیہ دے کر اُن کی جان کو ظلم اور جبر سے چھڑائے گا اور اُن کا خون اُس کی نظر میں بیش‌قیمت ہوگا۔‏“‏—‏زبور ۷۲:‏۱۲-‏۱۴‏۔‏

خوراک کی کثرت ہوگی۔‏ ‏”‏تب زمین اپنی پیداوار دے گی،‏ اور خدا،‏ ہمارا خدا ہمیں برکت دے گا۔‏“‏ (‏زبور ۶۷:‏۶‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن)‏ ‏”‏زمین میں پہاڑوں کی چوٹیوں پر اناج کی افراط ہوگی۔‏“‏ (‏زبور ۷۲:‏۱۶‏)‏ جب یسوع مسیح زمین پر تھے تو اُنہوں نے معجزانہ طور پر ہزاروں لوگوں کو کھانا کھلایا۔‏ اِس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ خدا کی بادشاہت کے حکمران کے طور پر کیا کچھ انجام دیں گے۔‏—‏متی ۱۴:‏۱۵-‏۲۱؛‏ ۱۵:‏۳۲-‏۳۸‏۔‏

خدا کے معیاروں کے مطابق انصاف کِیا جائے گا۔‏ ‏”‏[‏خدا]‏ سے مخلوقات کی کوئی چیز چھپی نہیں بلکہ جس سے ہم کو کام ہے اُس کی نظروں میں سب چیزیں کُھلی اور بےپردہ ہیں۔‏“‏ (‏عبرانیوں ۴:‏۱۳‏)‏ خدا کے کلام میں یسوع مسیح کے بارے میں کہا گیا:‏ ”‏وہ نہ اپنی آنکھوں کے دیکھنے کے مطابق اِنصاف کرے گا اور نہ اپنے کانوں کے سننے کے موافق فیصلہ کرے گا۔‏ بلکہ وہ راستی سے مسکینوں کا اِنصاف کرے گا اور عدل سے زمین کے خاکساروں کا فیصلہ کرے گا۔‏“‏—‏یسعیاہ ۱۱:‏۳،‏ ۴‏۔‏

خدا کی بادشاہت آنے والی ہے!‏

دُنیا کے حالات دن‌بدن بگڑتے جا رہے ہیں۔‏ اِس سے پتہ چلتا ہے کہ اِس دُنیا کا خاتمہ بالکل قریب ہے۔‏ خدا کے کلام میں بتایا گیا ہے کہ ”‏جب شریر گھاس کی طرح اُگتے ہیں اور سب بدکردار پھولتے پھلتے ہیں“‏ تو وہ وقت آنے والا ہے جب وہ ”‏ہمیشہ کے لئے فنا“‏ ہو جائیں گے۔‏ (‏زبور ۹۲:‏۷‏)‏ آپ کیا کر سکتے ہیں تاکہ اُس وقت آپ ہلاک نہ ہوں؟‏ آپ کو خدا کی خوشنودی حاصل کرنی چاہئے۔‏ اِس سلسلے میں یسوع مسیح نے بتایا:‏ ”‏ہمیشہ کی زندگی یہ ہے کہ وہ تجھ خدایِ‌واحد اور برحق کو اور یسوؔع مسیح کو جسے تُو نے بھیجا ہے جانیں۔‏“‏—‏یوحنا ۱۷:‏۳‏۔‏

کیا آپ خدا اور یسوع مسیح کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں؟‏ تو پھر ہائیڈے،‏ ڈورتھی اور فرودین کی طرح یہوواہ کے گواہوں سے رابطہ کریں۔‏ وہ خوشی سے آپ کے سوالوں کے جواب دیں گے۔‏

‏[‏صفحہ ۹ پر بکس/‏تصویر]‏

یہ بھی تو ناانصافی ہے!‏

امریکہ میں رہنے والی امیلی کو سات سال کی عمر سے لیوکیمیا ہے۔‏ اُسے کئی سال سے اِس بیماری کا علاج کروانے کے لئے کافی تکلیف سے گزرنا پڑ رہا ہے۔‏ وہ کہتی ہے کہ ”‏لیوکیمیا ایک بڑی خطرناک بیماری ہے۔‏“‏

اِس مشکل صورتحال کے باوجود امیلی نااُمید نہیں ہے۔‏ وہ اُس وقت کا بےچینی سے انتظار کر رہی ہے جب خدا کی بادشاہت زمین پر فردوس قائم کرے گی۔‏ تب ”‏کوئی نہ کہے گا کہ مَیں بیمار ہوں۔‏“‏ (‏یسعیاہ ۳۳:‏۲۴‏)‏ امیلی کہتی ہے:‏ ”‏میری پسندیدہ آیت مرقس ۱۲:‏۳۰ ہے جس میں لکھا ہے:‏ ”‏تُو [‏یہوواہ]‏ اپنے خدا سے اپنے سارے دل اور اپنی ساری جان اور اپنی ساری عقل اور اپنی ساری طاقت سے محبت رکھ۔‏“‏ جب مَیں یہوواہ خدا سے دُعا کرتی ہوں تو مجھے بڑی ہمت ملتی ہے۔‏ مَیں یہوواہ خدا کا بہت شکریہ ادا کرتی ہوں کہ اُس نے مجھے اِتنے پیار کرنے والے ماں‌باپ دئے ہیں اور اِتنی اچھی کلیسیا دی ہے۔‏ میرے پاس فردوس میں ہمیشہ تک زندہ رہنے کی اُمید بھی ہے جس سے مجھے بڑا حوصلہ ملتا ہے۔‏“‏

‏[‏صفحہ ۸،‏ ۹ پر تصویریں]‏

جب خدا کی بادشاہت حکمرانی کرے گی تو زمین پر خوراک کی کثرت ہوگی اور ناانصافی اور تعصب کا نام‌ونشان مٹ جائے گا۔‏