مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باب 9

بہترین رہنما اور حکمران

بہترین رہنما اور حکمران

خدا نے پیشینگوئی کی تھی کہ وہ مسیح کو تمام قوموں کے حکمران کے طور پر مقرر کر‌ے گا۔ خدا جانتا ہے کہ انسانوں کے لئے کس قسم کا حکمران سب سے اچھا ثابت ہوگا۔ اِس لئے اُس نے ہمارے لئے بہترین رہنما اور حکمران کا انتخاب کِیا ہے۔ جب یسوع مسیح زمین پر تھے تو وہ کس قسم کے رہنما تھے؟ کیا وہ ایک جرنیل تھے؟ کیا وہ ایک سیاست‌دان تھے؟ یا پھر کیا وہ ایک فلاسفر تھے؟ جی‌نہیں۔ پاک صحیفوں کے مطابق اُنہیں ایک خاص نبی کا مقام حاصل تھا۔—‏متی 23:‏10‏۔‏

چونکہ خدا نے اپنی پاک روح کے ذریعے یسوع مسیح کی زندگی مریم کے رَحم میں منتقل کی اِس لئے وہ گُناہ سے پاک اور ہر لحاظ سے بےعیب پیدا ہوئے۔ شیطان نے یسوع مسیح کو ورغلانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن وہ خدا کے وفادار رہے۔ یسوع مسیح نے اپنی باتوں اور اعمال سے خدا کی صفات ظاہر کیں۔ اُنہوں نے اپنی خداداد قوت اپنے فائدے کے لئے استعمال نہیں کی۔ وہ انصاف‌پسندی، حکمت اور محبت کی مثال تھے۔ آئیں دیکھیں کہ ہم یسوع مسیح کی مثال سے کیا سیکھ سکتے ہیں۔‏

یسوع مسیح نے بڑی فیاضی سے لوگوں کی مدد کی۔‏

اُنہوں نے اپنی خداداد قوت دوسروں کی مدد کر‌نے کے لئے استعمال کی۔‏ یسوع مسیح کو لوگوں کی بڑی فکر تھی۔ وہ لوگوں کی ضروریات پوری کر‌نے کے لئے اکثر اپنی خداداد قوت کو کام میں لاتے تھے۔ ایک بار لوگوں کی ایک بڑی بِھیڑ یسوع مسیح کی تعلیمات سننے کے لئے آئی۔ اِس بِھیڑ کو دیکھ کر یسوع مسیح نے کہا:‏ ”‏مجھے اِس بِھیڑ پر ترس آتا ہے کیونکہ .‏ .‏ .‏ اِن کے پاس کچھ کھانے کو نہیں۔“‏ (‏مرقس 8:‏2‏)‏ پھر اُنہوں نے ایک معجزہ دکھا کر اُن لوگوں کو کھانا کھلایا۔‏

یسوع مسیح نے مختلف شہروں کا دورا کِیا کیونکہ وہ لوگوں کو تعلیم دینا چاہتے تھے اور اُن کی ’‏ہر طرح کی بیماری اور ہر طرح کی کمزوری کو دُور کر‌نا چاہتے تھے۔‘‏ (‏متی 4:‏23‏)‏ وہ جہاں بھی جاتے، وہاں بہت سے لوگ جمع ہو جاتے اور ’‏اُن کو چُھونے کی کوشش کر‌تے کیونکہ قوت اُن سے نکلتی اور سب کو شفا بخشتی تھی۔‘‏ (‏لوقا 6:‏19‏)‏ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یسوع مسیح ’‏اِس لئے نہیں آئے کہ خدمت لیں بلکہ اِس لئے کہ خدمت کر‌یں اور اپنی جان بہتیروں کے بدلے فدیہ میں دیں۔‘‏ (‏متی 20:‏28‏)‏ a بھلا کتنے حکمران اپنے لوگوں کے لئے اپنی جان قربان کر‌نے کو تیار ہیں؟‏

یسوع مسیح کو بچوں سے بڑا پیار تھا۔‏

وہ انصاف‌پسند تھے۔‏ یسوع مسیح خدا کے حکموں پر عمل کر‌تے تھے اور پاک صحیفوں میں درج اصولوں کے پابند تھے۔ یسوع مسیح نے قول‌وفعل سے اِس آیت پر عمل کِیا:‏ ”‏اَے میرے خدا!‏ میری خوشی تیری مرضی پوری کر‌نے میں ہے بلکہ تیری شریعت میرے دل میں ہے۔“‏ (‏زبور 40:‏8‏)‏ یسوع مسیح سب کے ساتھ احترام اور پیار سے پیش آتے تھے، چاہے وہ امیر ہوں یا غریب، مرد ہوں یا عورت، بچے ہوں یا بالغ۔ اُن کی نظر میں سب برابر تھے اور وہ کسی کی طرفداری نہیں کر‌تے تھے۔ یسوع مسیح کو بچوں سے بھی بڑا پیار تھا۔ ایک مرتبہ جب کچھ لوگ اپنے بچوں کو اُن کے پاس لا رہے تھے تو اُن کے شاگرد اِن لوگوں کو ٹوکنے لگے۔ یہ دیکھ کر یسوع مسیح نے کہا:‏ ”‏بچوں کو میرے پاس آنے دو۔ اُن کو منع نہ کر‌و کیونکہ خدا کی بادشاہی ایسوں ہی کی ہے۔“‏—‏مرقس 10:‏14‏۔‏

وہ بڑی حکمت کے مالک تھے۔‏ یسوع مسیح انسانوں کی سیرت اور فطرت کو خوب سمجھتے تھے۔ انجیل میں لکھا ہے:‏ ”‏وہ .‏ .‏ .‏ جانتا تھا کہ انسان کے دل میں کیاکیا ہے۔“‏ (‏یوحنا 2:‏25‏)‏ ایک بار یسوع مسیح کے دُشمنوں نے اُنہیں گرفتار کر‌نے کے لئے سپاہی بھیجے۔ اِن سپاہیوں نے یسوع مسیح کی تعلیم سُن کر تسلیم کِیا کہ ”‏انسان نے کبھی ایسا کلام نہیں کِیا۔“‏ یسوع مسیح کو اِتنی حکمت کس نے عطا کی تھی؟ اُنہوں نے خود کہا:‏ ”‏میری تعلیم میری نہیں بلکہ میرے بھیجنے والے کی ہے۔“‏—‏یوحنا 7:‏16،‏ 46‏۔‏

یسوع مسیح کو بیماروں سے ہمدردی تھی اور اُنہوں نے اُن کو شفا بخشی۔‏

اُن کی محبت مثالی تھی۔‏ یسوع مسیح کو لوگوں سے ہمدردی تھی۔ ایک مرتبہ ”‏کوڑھ سے بھرا ہوا ایک آدمی“‏ اُن کے پاس آیا اور اُن سے مِنت کر‌نے لگا:‏ ”‏اگر تُو چاہے تو مجھے پاک صاف کر سکتا ہے۔“‏ یسوع مسیح کو اِس آدمی پر بڑا ترس آیا۔ اُنہوں نے اپنا ”‏ہاتھ بڑھایا اور اُسے چُھو کر کہا مَیں چاہتا ہوں۔ تُو پاک صاف ہو جا۔“‏ فوراً ہی اُس آدمی نے کوڑھ کی بیماری سے شفا پائی اور وہ پاک‌صاف ہو گیا۔ (‏لوقا 5:‏12، 13؛‏ مرقس 1:‏41، 42‏)‏ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یسوع مسیح اِس آدمی کی مدد کر‌نے کی دلی خواہش رکھتے تھے۔‏

کیا یسوع مسیح کو آپ کی بھی فکر ہے؟ جی‌ہاں۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏اَے محنت اُٹھانے والو اور بوجھ سے دبے ہوئے لوگو سب میرے پاس آؤ۔ مَیں تُم کو آرام دُوں گا۔ میرا جؤا اپنے اُوپر اُٹھا لو اور مجھ سے سیکھو۔ کیونکہ مَیں حلیم ہوں اور دل کا فروتن۔ تو تمہاری جانیں آرام پائیں گی۔“‏—‏متی 11:‏28، 29‏۔‏

بِلاشُبہ یسوع مسیح سب سے بہترین رہنما اور حکمران ہیں۔ ہمارے رہنما کے طور پر وہ ہم سب کو یہ نصیحت کر‌تے ہیں:‏ ”‏مجھ سے سیکھو۔“‏ کیا آپ اُن کی اِس نصیحت پر عمل کر‌یں گے؟ ایسا کر‌نے سے آپ حقیقی خوشی حاصل کر‌یں گے۔‏

a اِس آیت میں جس فدیہ کا ذکر ہوا ہے اِس کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر‌نے کے لئے کتاب اب اور ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی!‏ کے سبق نمبر 27 کو دیکھیں۔‏