مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کامپلوشن پالی‌گلٹ—‏ترجمہ کرنے کی ایک عمدہ بنیاد

کامپلوشن پالی‌گلٹ—‏ترجمہ کرنے کی ایک عمدہ بنیاد

کامپلوشن پالی‌گلٹ—‏ترجمہ کرنے کی ایک عمدہ بنیاد

سن ۱۴۵۵ میں،‏ بائبل کی چھپائی کے کام میں بڑی تبدیلی واقع ہوئی۔‏ یوہانس گوٹنبرگ نے بائبل کو چھاپنے کے لئے ایک مشین استعمال کی۔‏ تاریخ میں پہلی مرتبہ بائبلیں نقش‌ساز تختی [‏ٹائپ]‏ کے ذریعے چھاپی گئی تھیں۔‏ اس سے قبل بائبلوں کو ہاتھ سے لکھا جاتا تھا جو بہت مہنگا پڑتا تھا۔‏ لیکن اب بڑی تعداد میں بائبلیں شائع ہو سکتی تھیں اور زیادہ لوگ انکو خرید سکتے تھے۔‏ اِسطرح بائبل دُنیا کی سب سے زیادہ تقسیم ہونے والی کتاب بن گئی۔‏

گوٹنبرگ کی بائبل لاطینی زبان میں تھی۔‏ کیتھولک چرچ صرف بائبل کے لاطینی ترجمہ کو قبول کرتا تھا جسے ولگاتا کہا جاتا ہے۔‏ اس سے دو بڑے مسائل پیدا ہو گئے۔‏ پہلا تو یہ کہ ۱۶ ویں صدی کے زیادہ‌تر لوگ لاطینی زبان سے ناواقف تھے۔‏ دوسرا یہ کہ ۰۰۰،‏۱ سال کے دوران ولگاتا کو باربار نقل کرنے کی وجہ سے اِس میں کافی حد تک غلطیاں پیدا ہو گئی تھیں۔‏ اِس وجہ سے یورپ کے کچھ علما ایک ایسی بائبل چاہتے تھے جو اسکی اصلی زبانوں یعنی عبرانی اور یونانی میں ہو۔‏

بائبل علما اور مترجمین عبرانی اور یونانی زبان کے علاوہ لاطینی زبان میں بھی بائبل کا ایک درست ترجمہ چاہتے تھے۔‏ کارڈینل خمی‌نیس دے سس‌نیروس ہسپانوی ملکہ اِیسابلا اوّل کا سیاسی اور مذہبی مشیر تھا۔‏ اُس نے ۱۵۰۲ میں ان تمام ضروریات کو پورا کرنے والی ایک بائبل شائع کرنے کا منصوبہ بنایا۔‏ اِس میں بائبل کا متن عبرانی،‏ یونانی،‏ لاطینی اور کچھ ارامی زبان میں درج ہونا تھا۔‏ یہ بائبل کامپلوشن پالی‌گلٹ کے نام سے مشہور ہوئی۔‏ اُس وقت چھاپنے کا فن اپنے ابتدائی مراحل میں تھا لیکن پالی‌گلٹ کی چھپائی سے اِس فن میں بہت ترقی ہوئی۔‏

سس‌نیروس نے اپنے منصوبہ کو حقیقی شکل دینے کے لئے پُرانے عبرانی مسودے خریدے جو سپین میں بڑی تعداد میں دستیاب تھے۔‏ اسکے علاوہ اُس نے یونانی اور لاطینی زبان میں مختلف مسودے بھی جمع کئے۔‏ پھر اُس نے بعض علما کو سپین میں الکالا دے اینارس کی یونیورسٹی آنے کی دعوت دی۔‏ وہاں ان علما نے تمام مسودوں کا مطالعہ کِیا اور پھر پالی‌گلٹ [‏مختلف زبانوں پر مشتمل ایک بائبل]‏ کو ترتیب دیا۔‏ سس‌نیروس نے شہر روٹرڈم کے ایراسمس کو جو ایک مشہور ماہرِزبان تھا اِس کام میں شامل ہونے کی دعوت دی۔‏ لیکن ایراسمس نے اس دعوت کو قبول نہ کِیا۔‏

اِس اعلیٰ درجے کی بائبل کو ترتیب دیتے ہوئے علما کو دس سال لگ گئے جسکے بعد اِسے چھاپنے میں مزید چار سال لگے۔‏ اسے چھاپنے میں دقت ہوئی کیونکہ سپین میں عبرانی،‏ یونانی اور ارامی حروف کی تختیاں موجود نہیں تھیں۔‏ اِس وجہ سے سس‌نیروس نے سپین کے ایک چھپائی کے ماہر کو ان تینوں زبانوں میں حروف کی تختیاں بنانے کا کام سونپ دیا۔‏ آخرکار،‏ ۱۵۱۴ میں پالی‌گلٹ کی چھپائی شروع ہو گئی۔‏ چھ جِلدوں پر مشتمل پالی‌گلٹ کی چھپائی جولائی ۱۰،‏ ۱۵۱۷ میں مکمل ہوئی۔‏ اسکے محض چار مہینے بعد سس‌نیروس نے وفات پائی۔‏ پالی‌گلٹ کے تقریباً ۶۰۰ نسخے چھاپے گئے۔‏ دلچسپی کی بات ہے کہ پالی‌گلٹ کو اُس زمانے میں چھاپا گیا جب سپین میں کیتھولک چرچ لوگوں کو مذہبی تاریکی میں رکھنے کی کوشش میں تھا۔‏ *

پالیگلٹ کی ترتیب

پالی‌گلٹ بائبل کا ہر صفحہ معلومات سے پُر تھا۔‏ اسکی پہلی چار جِلدیں عبرانی صحائف (‏”‏پُرانا عہدنامہ“‏)‏ پر مشتمل تھیں۔‏ ہر صفحے پر تین کالم تھے۔‏ ایک کالم عبرانی زبان کے اصلی متن پر مشتمل تھا۔‏ درمیانے کالم میں لاطینی زبان میں بائبل کا ترجمہ (‏ولگاتا‏)‏ درج تھا۔‏ آخری کالم میں یونانی زبان کا اصلی متن تھا جسکی لائنوں کے درمیان ہر یونانی لفظ کا لاطینی ترجمہ درج تھا۔‏ ہر صفحے کے حاشیے میں بنیادی عبرانی الفاظ دئے گئے تھے۔‏ اسکے علاوہ توریت کے ہر صفحے کے نچلے حصے پر ارامی اور لاطینی زبان میں مواد کا ترجمہ بھی درج تھا۔‏

پالی‌گلٹ بائبل کی پانچویں جِلد ”‏نئے عہدنامے“‏ پر مشتمل تھی۔‏ ہر صفحے پر دو کالم درج تھے۔‏ ایک یونانی زبان میں تھا اور دوسرے کالم میں ولگاتا کا متن تھا۔‏ ہر لفظ کے اُوپر ایک چھوٹا سا حرف ہوتا جو دوسرے کالم میں ہم‌معنی لفظ کی طرف اشارہ کرتا تھا۔‏ ”‏نئے عہدنامے“‏ کو مکمل طور پر یونانی زبان میں شائع کرنے کی یہ پہلی کوشش تھی۔‏ اسکے تھوڑے ہی عرصے بعد ایراسمس نے بھی ”‏نئے عہدنامے“‏ پر مشتمل اپنا ایڈیشن شائع کِیا۔‏

پالی‌گلٹ کو ترتیب دینے کے بعد علما نے بڑے دھیان سے اسکے مواد کا جائزہ لیا۔‏ اسلئے پانچویں جِلد میں صرف ۵۰ غلطیاں پائی گئی۔‏ اِن علما کا کام اتنے اعلیٰ درجے کا تھا کہ آج کے علما کے مطابق یہ ایراسمس کے مشہور ”‏نئے عہدنامے“‏ سے زیادہ صحیح نکلا۔‏ اسکے علاوہ اس جِلد کے یونانی حروف اتنے خوبصورت تھے کہ ایسا لگتا تھا جیسے کسی کاتب نے انہیں لکھا ہو۔‏ پندرھویں صدی میں چھپائی کے فن کے بارے میں ایک کتاب یوں بیان کرتی ہے:‏ ”‏یونانی حروف کی سب سے پہلی نقش‌ساز تختیاں جو سپین میں بنائی گئی تھیں سب سے خوبصورت ہیں۔‏“‏

پالی‌گلٹ کی چھٹی جِلد میں بائبل کا مطالعہ کرنے کے لئے مختلف امدادی سہولتیں تھیں:‏ عبرانی اور ارامی زبان کی لغت۔‏ یونانی،‏ عبرانی اور ارامی ناموں کے ترجمے۔‏ عبرانی گرامر کی وضاحت اور لاطینی الفاظ کی ایک فہرست جس میں بتایا گیا ہے کہ اِن الفاظ کا ترجمہ عبرانی اور ارامی لغت میں کہاں پایا جاتا ہے۔‏ اس وجہ سے پالی‌گلٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ ”‏چھپائی کے فن اور صحیفوں کی تحقیق کا فن‌پارہ ہے۔‏“‏

سس‌نیروس اُمید رکھتا تھا کہ پالی‌گلٹ کی بِنا پر ”‏صحیفوں کی تحقیق میں دلچسپی تازہ ہو جائیگی۔‏“‏ لیکن وہ یہ نہیں چاہتا تھا کہ عام لوگ بھی بائبل کو پڑھیں کیونکہ اُسکے خیال میں ”‏خدا کے کلام کو عام لوگوں سے چھپا کر رکھنا چاہئے۔‏“‏ وہ یہ سوچ بھی رکھتا تھا کہ ”‏صحائف کو صرف ان تین زبانوں میں پڑھا جانا چاہئے جن میں یسوع کی سولی پر کتابہ لکھا گیا تھا۔‏“‏ * اِس وجہ سے پالی‌گلٹ میں ہسپانوی زبان کا کوئی ترجمہ شامل نہیں تھا۔‏

کیا ولگاتا بائبل کی اصلی زبانوں سے زیادہ اہم ہے؟‏

پالی‌گلٹ کو ترتیب دینے والے علما ہر بات پر متفق نہیں تھے۔‏ مشہور ہسپانوی عالم انٹونیو دے نبریخا * کو ولگاتا کی نظرثانی کا کام سونپا گیا۔‏ کیتھولک چرچ نے صرف عالم جیروم کی ولگاتا کو صحیح قرار دیا تھا۔‏ لیکن نبریخا لاطینی ولگاتا کا مقابلہ عبرانی،‏ ارامی اور یونانی مسودوں سے کرنا چاہتا تھا تاکہ ولگاتا میں جو غلطیاں تھیں اُنکو نکالا جا سکے۔‏

نبریخا ولگاتا کا مقابلہ عبرانی اور یونانی زبان کے اصلی صحائف سے کرنا چاہتا تھا اور اسطرح ولگاتا میں پائی جانے والی غلطیوں کو درست کرنا چاہتا تھا۔‏ اُس نے سس‌نیروس سے کہا:‏ ”‏عبرانی اور یونانی زبانیں دو چراغوں کی مانند ہیں جنہیں بجھا دیا گیا ہے۔‏ انکو دوبارہ روشن کرو تاکہ یہ ہمارے ایمان پر روشنی ڈال سکیں۔‏ اُن لوگوں کو انعام دو جو ایسا کرنے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔‏“‏ اُس نے سس‌نیروس کو یہ تجویز بھی پیش کی:‏ ”‏جب ہم نئے عہدنامے کے دو لاطینی مسودوں میں اختلاف پاتے ہیں تو ہمیں انکا مقابلہ یونانی زبان کے اصلی مسودوں سے کرنا چاہئے۔‏ اسی طرح جب ہم پُرانے عہدنامے کے لاطینی اور یونانی مسودوں میں اختلاف پاتے ہیں تو ہمیں انکا مقابلہ عبرانی زبان کے اصلی متن سے کرنا چاہئے۔‏“‏

ان تجاویز پر سس‌نیروس کا کیا ردِعمل تھا؟‏ پالی‌گلٹ بائبل کے پیش‌لفظ میں سس‌نیروس نے اپنی رائے کو واضح کِیا:‏ ”‏جسطرح یسوع کی سولی کے دونوں طرف مجرموں کو لٹکایا گیا اسی طرح ہم نے کیتھولک جیروم کے لاطینی ترجمے کو یہودیوں کے [‏عبرانی]‏ متن اور آرتھوڈکس چرچ کے [‏یونانی]‏ متن کے درمیان رکھا ہے۔‏“‏ اسلئے سس‌نیروس نے نبریخا کو اجازت نہ دی کہ وہ بائبل کی اصلی زبانوں کے مطابق لاطینی ولگاتا کی اصلاح کرے۔‏ اِس پر نبریخا نے پالی‌گلٹ کو تشکیل دینے کے کام سے ہاتھ دھو لئے۔‏ وہ نہیں چاہتا تھا کہ اُسکا نام ایک غیرمعیاری کتاب کیساتھ منسوب کِیا جائے۔‏

اصلی متن میں ردوبدل

پالی‌گلٹ کی بِنا پر بائبل کے اصلی متن کو محفوظ رکھا گیا۔‏ لیکن کبھی‌کبھار علما نے جان‌بوجھ کر بائبل کو اپنی روایت کی خاطر بدل دیا۔‏ اُنکی نظروں میں لاطینی ولگاتا معیاری ترجمہ تھا۔‏ اسلئے وہ جب بھی بائبل کے اصلی یونانی متن اور ولگاتا میں فرق پاتے تو ولگاتا میں تبدیلی کرنے کی بجائے وہ یونانی متن کو بدل دیتے تھے۔‏ اسکی ایک مثال یوحنا رسول کے خط ۱-‏یوحنا ۵:‏۷ کے اضافی الفاظ ہیں۔‏ * یہ الفاظ بائبل کے کسی بھی پُرانے یونانی مسودے میں موجود نہیں ہیں۔‏ علما کا خیال ہے کہ یہ اضافہ اِس خط کی تحریر کے صدیوں بعد کِیا گیا تھا۔‏ یہ اضافی الفاظ ولگاتا کے سب سے پُرانے مسودوں میں بھی نہیں پائے جاتے۔‏ اِس وجہ سے ایراسمس نے اپنے یونانی ”‏نئے عہدنامے“‏ میں اِن الفاظ کو شامل نہیں کِیا۔‏

علما اِن اضافی الفاظ کو بائبل کے متن سے نہیں نکالنا چاہتے تھے کیونکہ یہ صدیوں سے لاطینی ولگاتا میں شامل تھے۔‏ اِس لئے اُنہوں نے اِن الفاظ کا ترجمہ کرکے اِنہیں یونانی متن میں شامل کر دیا تاکہ لاطینی اور یونانی متن میں فرق مِٹ جائے۔‏

بائبل کا ترجمہ کرنے کی بنیاد

مکمل یونانی صحائف اور سپتواجنتا کو سب سے پہلی مرتبہ پالی‌گلٹ بائبل ہی میں چھاپا گیا۔‏ لیکن پالی‌گلٹ کو نہ صرف اِس وجہ سے نہایت اہم سمجھا جاتا ہے۔‏ جسطرح ایراسمس کے یونانی ”‏نئے عہدنامے“‏ کی بِنا پر بائبل کا ترجمہ بہت سی زبانوں میں کِیا گیا ہے اسی طرح پالی‌گلٹ کی بِنا پر بائبل کے عبرانی اور ارامی صحائف کے متن کا ترجمہ بھی بہت سی زبانوں میں ہوا ہے۔‏ * مثال کے طور پر،‏ وِلیم ٹینڈیل نے پالی‌گلٹ ہی کے ذریعے بائبل کے عبرانی صحائف کا ترجمہ انگریزی زبان میں کِیا۔‏

پالی‌گلٹ نے صحائف کے علم کو ترقی دی۔‏ اِس کی اشاعت ایسے وقت میں ہوئی جب یورپ میں بائبل کا ترجمہ عام لوگوں کی مختلف زبانوں میں کرنے کی کوششیں جاری تھیں۔‏ پالی‌گلٹ کے ذریعے بائبل کے یونانی اور عبرانی متن میں غلطیاں درست کی گئیں اور اصلی متن کو محفوظ رکھا گیا۔‏ اِن تمام کوششوں نے خدا کے اِس مقصد کو فروغ دیا ہے کہ اُسکا پاک کلام ’‏ابد تک قائم رہے۔‏‘‏—‏زبور ۱۸:‏۳۰؛‏ یسعیاہ ۴۰:‏۸؛‏ ۱-‏پطرس ۱:‏۲۵‏۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 6 پالی‌گلٹ کے ۶۰۰ نسخے کاغذ پر اور ۶ کھال پر چھاپے گئے۔‏ سن ۱۹۸۴ میں پالی‌گلٹ کی دوبارہ اشاعت ہوئی جو پُرانی اشاعت کی نقل تھی۔‏

^ پیراگراف 12 عبرانی،‏ یونانی اور لاطینی زبان۔‏—‏یوحنا ۱۹:‏۲۰‏۔‏

^ پیراگراف 14 نبریخا نے انسانی بہبود کیلئے ایک تحریک کا آغاز کِیا۔‏ سن ۱۴۹۲ میں اُس نے سپین میں بولی جانے والی کستیلی زبان کی گرامر کی وضاحت شائع کی۔‏ اسکے تین سال بعد اُس نے اپنی بقیہ زندگی کو پاک صحائف کے مطالعہ کیلئے وقف کرنے کا ارادہ کر لیا۔‏

^ پیراگراف 18 پہلا یوحنا ۵:‏۷ کے اضافی الفاظ یہ ہیں:‏ ”‏آسمان پر باپ اور بیٹے اور رُوح‌اُلقدس اور یہ تینوں ایک ہی ہیں۔‏“‏ یہ الفاظ بائبل کے کچھ ترجموں میں پائے جاتے ہیں۔‏

^ پیراگراف 21 ایراسمس کے کارِنمایاں کے بارے میں دی واچ‌ٹاور ستمبر ۱۵،‏ ۱۹۸۲،‏ صفحہ ۸ تا ۱۱ کا مطالعہ کریں۔‏

‏[‏صفحہ ۲۹ پر تصویر]‏

کارڈینل خمی‌ینس دے سس‌نیروس

‏[‏تصویر کا حوالہ]‏

‏.Biblioteca Histórica

Universidad Complutense de Madrid

‏[‏صفحہ ۳۰ پر تصویر]‏

انٹونیو دے نبریخا

‏[‏تصویر کا حوالہ]‏

‏.Biblioteca Histórica

Universidad Complutense de Madrid

‏[‏صفحہ ۲۸ پر تصویر کا حوالہ]‏

‏.Biblioteca Histórica

Universidad Complutense de Madrid