زبور 18‏:1‏-‏50

  • نجات دِلانے کی وجہ سے خدا کی بڑائی

    • ‏”‏یہوواہ میری چٹان“‏ ‏(‏2‏)‏

    • یہوواہ وفادار شخص کے ساتھ وفادار ‏(‏25‏)‏

    • ‏”‏خدا کی راہیں کامل ہیں“‏ ‏(‏30‏)‏

    • ‏”‏تُو جھک کر مجھے سرفراز کرتا ہے“‏ ‏(‏35‏)‏

موسیقار کے لیے۔ یہوواہ کے بندے داؤد کا گیت۔ اُنہوں نے یہوواہ کے لیے یہ گیت تب گایا جب یہوواہ نے اُنہیں اُن کے سب دُشمنوں اور ساؤل کے ہاتھ سے بچایا۔ داؤد نے کہا:‏ 18  اَے یہوواہ!‏ تُو میری طاقت ہے۔ مَیں تجھ سے پیار کرتا ہوں۔‏  2  یہوواہ میری چٹان اور میرا قلعہ ہے۔ وہ مجھے بچاتا ہے۔‏ میرا خدا میری چٹان ہے جس میں مَیں پناہ لیتا ہوں۔‏وہ میری ڈھال، میرا نجات کا سینگ*‏ اور میری محفوظ پناہ‌گاہ*‏ ہے۔‏  3  مَیں یہوواہ کو پکاروں گا جو تعریف کا حق‌دار ہےاور وہ مجھے میرے دُشمنوں سے بچائے گا۔‏  4  موت کی رسیوں نے مجھے گھیر لیا؛‏فضول آدمیوں کے سیلاب نے مجھے دہشت‌زدہ کر دیا؛‏  5  قبر*‏ کی رسیوں نے مجھے جکڑ لیا؛‏موت کے پھندے میرے سامنے تھے۔‏  6  مَیں نے پریشانی کے عالم میں یہوواہ کو پکارا؛‏مَیں اپنے خدا سے مدد کی فریاد کرتا رہا؛‏ اُس نے اپنی ہیکل سے میری آواز سنیاور مدد کے لیے میری فریاد اُس کے کانوں تک پہنچی۔‏  7  تب زمین لرزنے اور تھرتھرانے لگی؛‏پہاڑوں کی بنیادیں ہل گئیںاور بُری طرح جھولنے لگیں کیونکہ خدا کا قہر بھڑک اُٹھا تھا۔‏  8  اُس کے نتھنوں سے دُھواں اُٹھنے لگا؛‏اُس کے مُنہ سے بھسم کرنے والی آگ نکلنے لگیاور اُس کے سامنے دہکتے کوئلے بھڑکنے لگے۔‏  9  اُس نے نیچے اُترتے وقت آسمان کو جھکا دیااور اُس کے پاؤں کے نیچے گہری تاریکی تھی۔‏ 10  وہ ایک کروبی پر سوار ہو کر اُڑتے ہوئے آیا؛‏ وہ ایک فرشتے*‏ کے پَروں پر سوار ہو کر تیزی سے نیچے آیا۔‏ 11  پھر اُس نے تاریکی کو اوڑھ لیا؛‏گھنے طوفانی بادلوں کو خیمے کی طرح لپیٹ لیا؛‏ 12  اُس کے سامنے روشنی چمکی؛‏بادلوں سے اَولے اور دہکتے کوئلے برسنے لگے۔‏ 13  تب یہوواہ آسمان میں گرجنے لگا؛‏اَولوں اور دہکتے کوئلوں کے ساتھ خدا تعالیٰ کی آواز سنائی دی۔‏ 14  اُس نے اپنے تیر برسائے اور میرے دُشمنوں کو تتربتر کر دیا؛‏اُس نے اپنی بجلی گِرائی اور اُنہیں بوکھلاہٹ کا شکار کر دیا۔‏ 15  اَے یہوواہ!‏ تیری ڈانٹ اور تیرے نتھنوں کی تیز ہوا سےندیوں کی تہیں نظر آنے لگیں اور زمین کی بنیادیں دِکھائی دینے لگیں۔‏ 16  اُس نے اُوپر سے ہاتھ بڑھا کر مجھے تھام لیااور مجھے گہرے پانیوں سے باہر کھینچ لیا۔‏ 17  اُس نے مجھے میرے طاقت‌ور دُشمنوں سے بچا لیا،‏اُن سے جو مجھ سے نفرت کرتے تھے اور مجھ سے زیادہ طاقت‌ور تھے۔‏ 18  اُنہوں نے مصیبت کے دن مجھ پر حملہ کِیالیکن یہوواہ میرے ساتھ تھا۔‏ 19  وہ مجھے ایک محفوظ*‏ جگہ میں لے گیا؛‏اُس نے مجھے بچایا کیونکہ وہ مجھ سے خوش تھا۔‏ 20  یہوواہ مجھے میری نیکی کے مطابق اجر دیتا ہے؛‏وہ مجھے میری بے‌گُناہی*‏ کے مطابق صلہ دیتا ہے 21  کیونکہ مَیں یہوواہ کی راہوں پر چلتا رہا ہوںاور مَیں نے اپنے خدا کو چھوڑنے کا گُناہ نہیں کِیا۔‏ 22  مَیں اُس کے سب حکموں*‏ کو اپنے سامنے رکھتا ہوں؛‏مَیں اُس کے قوانین کی بے‌قدری نہیں کروں گا۔‏ 23  مَیں اُس کے سامنے بے‌اِلزام رہوں گااور خود کو بُرائی سے بچا کر رکھوں گا۔‏ 24  یہوواہ مجھے میری نیکی کے مطابق صلہ دےکیونکہ مَیں*‏ اُس کی نظروں میں بے‌گُناہ ہوں۔‏ 25  تُو وفادار شخص کے ساتھ وفاداری کرتا ہے؛‏تُو بے‌اِلزام شخص کے ساتھ پیش آتے وقت خود کو بے‌اِلزام ثابت کرتا ہے؛‏ 26  تُو پاک شخص کے ساتھ پیش آتے وقت خود کو پاک ثابت کرتا ہےلیکن ٹیڑھی چال چلنے والوں کے ساتھ ہوشیاری سے پیش آتا ہے۔‏ 27  تُو ادنیٰ*‏ لوگوں کو بچاتا ہےلیکن مغروروں کا سر*‏ نیچا کرتا ہے۔‏ 28  اَے یہوواہ!‏ تُو ہی میرا چراغ جلاتا ہے؛‏تُو میرا خدا ہے جو میری تاریکی کو روشنی میں بدل دیتا ہے۔‏ 29  تیری مدد سے مَیں لُٹیروں کے گروہ کا مقابلہ کر سکتا ہوں؛‏خدا کی طاقت سے مَیں دیوار پھلانگ سکتا ہوں۔‏ 30  سچے خدا کی راہیں کامل ہیں؛‏یہوواہ کی باتیں پاک ہیں۔‏ وہ اُن سب لوگوں کی ڈھال ہے جو اُس کے پاس پناہ لیتے ہیں 31  کیونکہ یہوواہ کے علاوہ اَور کون خدا ہے اور ہمارے خدا کے سوا اَور کون چٹان ہے؟‏ 32  سچا خدا ہی مجھے طاقت کا لباس پہناتا ہے؛‏وہ میرا راستہ ہموار کرے گا۔‏ 33  وہ میرے پاؤں ہِرن کے پاؤں جیسے بناتا ہے؛‏وہ مجھے اُونچی جگہوں پر کھڑا کرتا ہے۔‏ 34  وہ میرے ہاتھوں کو جنگ کرنا سکھاتا ہے؛‏میرے بازو تانبے کی کمان کو موڑ سکتے ہیں۔‏ 35  تُو مجھے اپنی نجات کی ڈھال دیتا ہے؛‏تیرا دایاں ہاتھ مجھے سنبھالتا ہے*اور تُو جھک کر مجھے سرفراز کرتا ہے۔‏ 36  تُو میرے قدموں کے لیے راستہ چوڑا کرتا ہے؛‏میرے پاؤں نہیں پھسلیں گے۔‏ 37  مَیں اپنے دُشمنوں کا پیچھا کروں گا اور اُنہیں پکڑ لوں گا؛‏مَیں تب تک نہیں لوٹوں گا جب تک اُن کا نام‌ونشان نہیں مٹ جاتا۔‏ 38  مَیں اُنہیں کچل دوں گا تاکہ وہ اُٹھ نہ سکیں؛‏مَیں اُنہیں اپنے پاؤں تلے مسل دوں گا۔‏ 39  تُو مجھے جنگ لڑنے کے لیے طاقت بخشے گا؛‏تُو میرے دُشمنوں کو میرے قدموں میں گِرا دے گا۔‏ 40  تُو میرے دُشمنوں کو میرے سامنے سے اُلٹے پاؤں بھاگنے پر مجبور کر دے گااور مَیں اُن لوگوں کو ختم کر دوں گا*‏ جو مجھ سے نفرت کرتے ہیں۔‏ 41  وہ مدد کے لیے پکارتے ہیں لیکن اُنہیں بچانے والا کوئی نہیں؛‏وہ یہوواہ کو بھی پکارتے ہیں لیکن وہ اُنہیں جواب نہیں دیتا۔‏ 42  مَیں اُنہیں کُوٹ کُوٹ کر دُھول بنا دوں گا جسے ہوا اُڑا لے جاتی ہے؛‏مَیں اُنہیں کیچڑ کی طرح گلیوں میں پھینک دوں گا۔‏ 43  تُو مجھے لوگوں کی مخالفت سے بچائے گا۔‏ تُو مجھے قوموں کا سربراہ مقرر کرے گا۔‏ جن لوگوں کو مَیں جانتا تک نہیں، وہ میری خدمت کریں گے۔‏ 44  پردیسی بس ایک خبر سُن کر ہی میرا کہنا مانیں گے؛‏وہ ڈرتے کانپتے میرے سامنے آئیں گے۔‏ 45  پردیسی ہمت ہار جائیں گے؛‏*وہ اپنے قلعوں سے کانپتے ہوئے نکلیں گے۔‏ 46  یہوواہ زندہ خدا ہے!‏ میری چٹان کی بڑائی ہو!‏ مجھے نجات دِلانے والے خدا کی تعظیم ہو!‏ 47  سچا خدا میری طرف سے بدلہ لیتا ہے؛‏وہ قوموں کو میرے تابع کر دیتا ہے۔‏ 48  وہ مجھے میرے بھڑکے ہوئے دُشمنوں سے چھڑاتا ہے؛‏تُو مجھے اُن لوگوں سے اُونچا کر دیتا ہے جو مجھ پر حملہ کرتے ہیں؛‏تُو مجھے ظالموں سے بچاتا ہے۔‏ 49  اِسی لیے اَے یہوواہ!‏ مَیں قوموں کے درمیان تیری بڑائی کروں گااور تیرے نام کی تعریف میں گیت گاؤں گا۔‏* 50  وہ اپنے بادشاہ کی خاطر بڑے بڑے نجات‌بخش کام کرتا ہے؛‏*وہ اپنے مسح‌شُدہ*‏ بندے یعنی داؤد اور اُس کی نسل*‏ کے لیےہمیشہ اٹوٹ محبت ظاہر کرتا ہے۔‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏میرا طاقت‌ور نجات‌دہندہ۔“‏ ”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ میں ”‏سینگ“‏ کو دیکھیں۔‏
یا ”‏محفوظ اُونچی جگہ“‏
عبرانی لفظ:‏ ”‏شیول۔“‏ ”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
یا ”‏ہوا۔“‏ لفظی ترجمہ:‏ ”‏روح“‏
یا ”‏کُھلی“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏میرے ہاتھوں کی پاکیزگی“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏فیصلوں“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏میرے ہاتھ“‏
یا ”‏مصیبت‌زدہ“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏مغرور آنکھوں کو“‏
یا ”‏میری مدد کرتا ہے“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏خاموش کرا دوں گا“‏
یا ”‏مُرجھا جائیں گے؛“‏
یا ”‏موسیقی بجاؤں گا۔“‏
یا ”‏کو عظیم فتوحات دِلاتا ہے؛“‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ میں ”‏مسح کرنا“‏ کو دیکھیں۔‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏بیج“‏