1-‏تھسلُنیکیوں 4‏:1‏-‏18

  • حرام‌کاری سے گریز کریں (‏1-‏8‏)‏

  • ایک دوسرے سے اَور زیادہ پیار کریں (‏9-‏12‏)‏

    • ‏”‏اپنے کام سے کام رکھیں“‏ (‏11‏)‏

  • جو مسیح کی پیروی کرتے کرتے مر گئے، وہ پہلے زندہ ہوں گے (‏13-‏18‏)‏

4  بھائیو، ہم نے آپ کو ہدایت کی تھی کہ ایسی زندگی گزاریں جو خدا کو پسند آئے اور آپ بالکل ایسا ہی کر رہے ہیں۔ اب ہم مالک یسوع کے نام سے آپ سے درخواست اور اِلتجا کرتے ہیں کہ ایسی زندگی گزارنے کی پوری کوشش کرتے رہیں 2  کیونکہ آپ اُن ہدایتوں*‏ کو جانتے ہیں جو ہم نے مالک یسوع کے نام سے آپ کو دی تھیں۔‏ 3  خدا کی مرضی یہ ہے کہ آپ پاک ہوں اور حرام‌کاری*‏ سے گریز کریں۔ 4  آپ میں سے ہر ایک کو پتہ ہونا چاہیے کہ اپنے جسم*‏ کو کیسے قابو میں رکھے تاکہ آپ پاک اور باعزت زندگی گزاریں 5  اور اُن قوموں کی طرح نہ بنیں جو اپنی بے‌لگام جنسی خواہشوں کو پورا کرنے کے جنون میں مبتلا ہیں اور خدا کو نہیں جانتیں۔ 6  اِس سلسلے میں کوئی شخص حد سے آگے نہ بڑھے اور اپنے بھائی کا فائدہ نہ اُٹھائے کیونکہ یہوواہ*‏ ایسے کام کرنے والوں کو سزا دے گا جیسا کہ ہم آپ کو پہلے سے بتا چکے اور خبردار کر چکے ہیں۔ 7  کیونکہ خدا نے ہمیں ناپاکی کے لیے نہیں بلکہ پاکیزگی کے لیے بلا‌یا ہے۔ 8  لہٰذا جو شخص اِس بات کو ٹھکراتا ہے، وہ کسی اِنسان کو نہیں بلکہ اُس خدا کو ٹھکراتا ہے جو آپ کو پاک روح عطا کرتا ہے۔‏ 9  لیکن جہاں تک ایک دوسرے سے بہن بھائیوں کی طرح پیار کرنے کا تعلق ہے تو ہمیں آپ کو لکھنے کی ضرورت نہیں کیونکہ خدا نے آپ کو سکھایا ہے کہ ایک دوسرے سے پیار کریں۔ 10  اور آپ اِس بات پر عمل کرتے ہیں اور مقدونیہ کے تمام بہن بھائیوں سے پیار کرتے ہیں۔ لیکن بھائیو، ہم آپ سے اِلتجا کرتے ہیں کہ ایک دوسرے سے اَور زیادہ پیار کریں۔ 11  یہ عزم کریں کہ آپ ہماری ہدایت کے مطابق سکون سے زندگی گزاریں گے، اپنے کام سے کام رکھیں گے اور اپنے ہاتھوں سے محنت کریں گے 12  تاکہ آپ کا طرزِزندگی دُنیا کی نظر میں مناسب ہو اور آپ کسی چیز کے محتاج نہ ہوں۔‏ 13  بھائیو، ہم نہیں چاہتے کہ آپ اُن کے حوالے سے بے‌خبر رہیں جو موت کی نیند سو رہے ہیں تاکہ آپ اُن لوگوں کی طرح غم نہ کریں جن کے پاس کوئی اُمید نہیں ہے۔ 14  کیونکہ اگر ہمارا ایمان ہے کہ یسوع مر گئے اور پھر زندہ ہوئے تو ہمارا یہ بھی ایمان ہے کہ خدا اُن لوگوں کو زندہ کرے گا جو یسوع کی پیروی کرتے کرتے موت کی نیند سو گئے ہیں تاکہ وہ یسوع کے ساتھ ہوں۔ 15  ہم یہوواہ*‏ کے کلام کے ذریعے آپ کو بتا رہے ہیں کہ ہم میں سے جو لوگ مالک کی موجودگی کے وقت باقی ہوں گے، وہ کسی بھی صورت میں اُن لوگوں سے پہلے آسمان پر نہیں جائیں گے جو موت کی نیند سو گئے ہیں۔ 16  کیونکہ ہمارے مالک آسمان سے خدا کے نرسنگے*‏ کے ساتھ آئیں گے اور للکار کر فرشتوں کے سردار کی آواز میں حکم دیں گے اور وہ لوگ پہلے زندہ ہوں گے جو مسیح کی پیروی کرتے کرتے مر گئے۔ 17  اِس کے بعد ہم جو باقی ہوں گے، بادلوں میں اُٹھائے جائیں گے تاکہ ہم بھی اُن لوگوں کے ساتھ ہوں اور آسمان پر اپنے مالک سے ملیں۔ پھر ہم ہمیشہ اپنے مالک کے ساتھ رہیں گے۔ 18  آئیں، ایک دوسرے کو اِن باتوں کے ذریعے تسلی دیتے رہیں۔‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏حکموں“‏
یونانی لفظ:‏ ”‏پورنیا۔“‏ ”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
یونانی میں:‏ ”‏برتن“‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
یا ”‏باجے“‏