سبق نمبر 13

یعقوب اور عیسُو نے صلح کر لی

یعقوب اور عیسُو نے صلح کر لی

یہوواہ نے یعقوب سے وعدہ کِیا تھا کہ وہ اُن کی ویسے ہی حفاظت کرے گا جیسے اُس نے اَبراہام اور اِضحاق کی حفاظت کی تھی۔ یعقوب حاران نام کی ایک جگہ میں رہنے لگے۔ وہاں اُنہوں نے شادی کی، اُن کا گھرانہ بڑھ گیا اور وہ بہت امیر ہو گئے۔‏

کچھ وقت بعد یہوواہ نے یعقوب سے کہا:‏ ”‏اپنے ملک واپس جاؤ۔“‏ اِس لیے یعقوب اور اُن کے گھر والوں نے واپس جانے کے لیے ایک لمبا سفر شروع کر دیا۔ راستے میں کچھ لوگ یعقوب کے پاس آئے اور اُنہوں نے کہا:‏ ”‏آپ کے بھائی عیسُو آ رہے ہیں۔ اُن کے ساتھ 400 آدمی بھی ہیں۔“‏ یعقوب ڈرے ہوئے تھے کیونکہ اُنہیں لگ رہا تھا کہ عیسُو اُنہیں اور اُن کے بیوی بچوں کو نقصان پہنچائیں گے۔ اُنہوں نے یہوواہ سے یہ دُعا کی:‏ ”‏مہربانی سے مجھے میرے بھائی سے بچا۔“‏ اگلے دن یعقوب نے عیسُو کو تحفے میں بھیڑیں، بکریاں، گائیں، اُونٹ اور گدھے بھجوائے۔‏

اُس رات جب یعقوب اکیلے تھے تو اُنہوں نے ایک فرشتے کو دیکھا۔ فرشتے نے یعقوب کے ساتھ کُشتی کرنی شروع کر دی۔ وہ صبح تک کُشتی کرتے رہے۔ اِس دوران یعقوب کو چوٹ لگی۔ لیکن اُنہوں نے ہار نہیں مانی۔ فرشتے نے کہا:‏ ”‏مجھے جانے دیں۔“‏ لیکن یعقوب نے کہا:‏ ”‏مَیں تب تک آپ کو نہیں جانے دوں گا جب تک آپ مجھے برکت نہیں دے دیتے۔“‏

پھر فرشتے نے یعقوب کو برکت دے دی۔ اب یعقوب کو یقین ہو گیا کہ یہوواہ عیسُو کو اُنہیں نقصان پہنچانے نہیں دے گا۔‏

اُسی صبح یعقوب نے کچھ دُوری پر عیسُو اور 400 آدمیوں کو دیکھا۔ یعقوب اپنے گھر والوں سے آگے گئے اور عیسُو کے سامنے سات بار زمین تک جھکے۔ عیسُو بھاگ کر یعقوب کے پاس گئے اور اُنہیں گلے لگا لیا۔ وہ دونوں بھائی رو پڑے اور آپس میں صلح کر لی۔ آپ کے خیال میں یعقوب نے جس طرح سے اِس معاملے کو حل کِیا، وہ دیکھ کر یہوواہ کو کیسا لگا ہوگا؟‏

اِس کے بعد عیسُو اپنے گھر چلے گئے اور یعقوب اپنے گھر۔ یعقوب کے 12 بیٹے تھے۔ اُن کے نام یہ تھے:‏ رُوبِن، شمعون، لاوی، یہوداہ، دان، نفتالی، جد، آشر، اِشّکار، زِبُولون، یوسف اور بِنیامین۔ اِن میں سے ایک بیٹے یعنی یوسف کے ذریعے یہوواہ نے اپنے بندوں کو بچایا۔ کیا آپ کو پتہ ہے کہ اُس نے ایسا کیسے کِیا؟ آئیے دیکھتے ہیں۔‏

‏”‏اپنے دُشمنوں سے محبت کریں اور جو آپ کو اذیت دیتے ہیں، اُن کے لیے دُعا کرتے رہیں تاکہ آپ ثابت کریں کہ آپ اپنے آسمانی باپ کے بیٹے ہیں۔“‏—‏متی 5:‏44، 45