آپ کے عطیات کیسے اِستعمال کیے جاتے ہیں؟
ایک چھوٹا سا بکس جو روحانی کھانا پہنچاتا ہے
1 ستمبر 2020ء
اب یہوواہ کے گواہ اِنٹرنیٹ کے ذریعے پہلے سے کہیں زیادہ روحانی کھانا حاصل کر رہے ہیں۔ لیکن دُنیا کے بہت سے علاقوں میں اِنٹرنیٹ بہت مہنگا ہے جس کی وجہ سے بہن بھائی اِسے اِستعمال نہیں کر سکتے۔ اور کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں اِنٹرنیٹ اکثر بند ہو جاتا ہے؛ اِس کی سپیڈ بہت کم ہوتی ہے یا پھر وہاں پر اِنٹرنیٹ ہے ہی نہیں۔
لیکن اب ہمارے بہت سے بہن بھائی اِنٹرنیٹ کے بغیر بھی کتابوں اور ویڈیوز کو ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ مگر وہ کیسے؟
جےڈبلیو بکس کے ذریعے! یہ ایک ایسا بکس ہے جو اُن کلیسیاؤں کو دیا جاتا ہے جن میں بہن بھائیوں کے پاس اِنٹرنیٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔ اِس میں ایک رُوٹر (یعنی سگنل پہنچانے والا آلہ) ہوتا ہے جسے ہم ایک کمپنی سے خریدتے ہیں۔ اِس میں ایک سافٹ ویئر بھی ہوتا ہے جسے بیت ایل میں کمپیوٹر کے شعبے میں کام کرنے والے بہن بھائیوں نے تیار کِیا ہے۔ اور اِس میں وہ کتابیں اور ویڈیو ہوتی ہیں جو jw.org پر دستیاب ہیں۔ ہر بکس تقریباً 12ہزار روپے (تقریباً 75 امریکی ڈالر) میں پڑتا ہے۔
ہماری عبادت گاہ میں بہن بھائی اپنے موبائل یا ٹیبلٹ وغیرہ کو بغیر کسی تار کے جےڈبلیو بکس کے ساتھ کنیکٹ کر لیتے ہیں اور پھر کتابوں اور ویڈیوز کو ڈاؤن لوڈ کر لیتے ہیں۔ اِس بکس کے ساتھ ایسے موبائل اور ٹیبلٹ بھی کنیکٹ کیے جا سکتے ہیں جو پُرانے ماڈل کے یا بہت سستے ہیں۔ لیکن اگر ایک کلیسیا میں بہن بھائیوں کے پاس اِنٹرنیٹ نہیں ہے تو جےڈبلیو بکس میں نئی کتابیں اور ویڈیوز کیسے آتی ہیں؟ برانچ jw.org سے نئی کتابوں اور ویڈیوز کو یو ایس بیز میں ڈاؤن لوڈ کر کے اِن یو ایس بیز کو کلیسیاؤں کو بھیجتی رہتی ہے اور پھر اِن کے ذریعے سے کتابوں اور ویڈیوز کو جےڈبلیو بکس پر ڈالا جا سکتا ہے۔ ہر یو ایس بی کی قیمت تقریباً 700 روپے (تقریباً 4 امریکی ڈالر) ہوتی ہے۔
جےڈبلیو بکس سے بہن بھائیوں کو کیا فائدہ ہوا ہے؟ عوامی جمہوریہ کانگو سے ناتھان اوڈروعانڈا نے کہا: ”مَیں کافی عرصے سے اِن دو ڈراموں کو ڈاؤن لوڈ کرنا چاہتا تھا: ’O Jehovah, . . . I Trust in You‘ اور Remember the Wife of Lot ۔ لیکن مَیں اِن کو کبھی بھی ڈاؤن لوڈ نہیں کر سکا اور مجھے اِس کا بڑا افسوس تھا۔ لیکن اب مَیں اِن ڈراموں کو ڈاؤن لوڈ کر سکتا ہوں اور اپنی بیوی کے ساتھ مل کر اپنے بچوں کو اچھی طرح سے تعلیم دے سکتا ہوں۔“
ایک بھائی جو کہ نائیجیریا میں جےڈبلیو بکس کے حوالے سے کلیسیاؤں کی مدد کرتا ہے، اُس نے کہا: ”بہن بھائی کہتے ہیں کہ جےڈبلیو بکس یہوواہ کی طرف سے ایک خاص تحفہ ہے۔ وہ بہت خوش ہیں کہ اب وہ بڑی آسانی سے ہمارے تعلیم دینے کے اوزاروں میں سے کتابوں اور ویڈیوز کو ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔“
اب تک افریقہ، اوقیانوسیہ اور جنوبی امریکہ میں بہن بھائیوں کو 1700 جےڈبلیو بکس بھیجے جا چُکے ہیں۔ اور اِنہیں بہت سی اَور کلیسیاؤں کو بھیجنے پر بھی کام ہو رہا ہے۔ لیکن اِس سب کے لیے پیسے کہاں سے آتے ہیں؟ اُن عطیات سے جو عالم گیر کام کے لیے دیے جاتے ہیں جن میں سے بہت سے عطیات donate.jw.org کے ذریعے دیے جاتے ہیں۔ ہم آپ کے اِن عطیات کے لیے دل سے شکرگزار ہیں۔