مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کیا آپ کو معلوم ہے؟‏

کیا آپ کو معلوم ہے؟‏

کیا آپ کو معلوم ہے؟‏

عہد کے صندوق کے ساتھ کیا واقع ہوا تھا؟‏

عہد کا صندوق اسرائیلیوں کے لئے یہوواہ خدا کی موجودگی کی علامت تھا۔‏ (‏خروج ۲۵:‏۲۲‏)‏ یہ صندوق لکڑی کا بنا ہوا اور سونے سے منڈھا ہوا تھا جس میں موسیٰ نے پتھر کی وہ دو لوحیں رکھی تھیں جن پر شریعت کے احکام درج تھے۔‏ جب اسرائیلی بیابان میں تھے تو اِس صندوق کو خیمۂ‌اجتماع کے پاک‌ترین مقام میں رکھا جاتا تھا۔‏ (‏خروج ۲۶:‏۳۳‏)‏ بعد میں اِس صندوق کو سلیمان کی ہیکل کے پاک‌ترین مقام میں رکھا گیا۔‏—‏۱-‏سلاطین ۶:‏۱۹‏۔‏

اِس صندوق کا آخری مرتبہ ذکر ۲-‏تواریخ ۳۵:‏۳ میں ملتا ہے جب ۶۴۲ قبل‌ازمسیح میں بادشاہ یوسیاہ اِسے واپس ہیکل میں لایا تھا۔‏ غالباً یوسیاہ کے دادا،‏ بادشاہ منسی نے ہیکل میں سے اِس عہد کے صندوق کو ہٹا کر اِس کی جگہ ایک مورت نسب کر دی تھی۔‏ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ جب بادشاہ یوسیاہ نے ہیکل کی مرمت کرائی تو عہد کے صندوق کو کسی اَور جگہ پر رکھا گیا ہو۔‏ (‏۲-‏تواریخ ۳۳:‏۱،‏ ۲،‏ ۷؛‏ ۳۴:‏۱،‏ ۸-‏۱۱‏)‏ بائبل یہ نہیں بتاتی کہ اِس کے بعد اِس صندوق کے ساتھ کیا ہوا۔‏ جب ۶۰۷ قبل‌ازمسیح میں بابلیوں نے یروشلیم پر چڑھائی کی تو وہ ہیکل میں سے جو چیزیں لیکر گئے اُن میں اِس صندوق کا ذکر نہیں آتا۔‏—‏۲-‏سلاطین ۲۵:‏۱۳-‏۱۷‏۔‏

خدا کا کلام یہ بیان نہیں کرتا کہ جب زربابل نے ہیکل کو دوبارہ تعمیر کِیا تو عہد کے صندوق کو ہیکل کے پاک‌ترین مقام میں واپس لایا گیا یا نہیں۔‏ نیز،‏ اِس بات کی بھی کوئی شہادت نہیں ملتی کہ اِس کی جگہ کوئی نیا عہد کا صندوق بنایا گیا تھا۔‏—‏عزرا ۱:‏۷-‏۱۱‏۔‏

بائبل کے یونانی صحائف میں یعقوب نامی جن اشخاص کا ذکر کِیا گیا،‏ وہ کون تھے؟‏

بائبل کے یونانی صحائف میں ہمیں کئی ایسے اشخاص کا ذکر ملتا ہے جن کا نام یعقوب تھا۔‏ ایک تو یہوداہ رسول (‏یہ یہوداہ اسکریوتی نہیں تھا)‏ کا باپ تھا جس کے بارے میں مزید کوئی تفصیل درج نہیں ہے۔‏—‏لوقا ۶:‏۱۶؛‏ اعمال ۱:‏۱۳‏۔‏

اِس کے بعد ہم زبدی کے بیٹے یعقوب کے بارے میں پڑھتے ہیں۔‏ وہ اور اُس کا بھائی یوحنا،‏ یسوع کے رسول تھے۔‏ (‏متی ۱۰:‏۲‏)‏ غالباً اِس یعقوب کی ماں،‏ سلومی یسوع کی ماں،‏ مریم کی بہن تھی۔‏ (‏متی ۲۷:‏۵۵،‏ ۵۶ کا مرقس ۱۵:‏۴۰،‏ ۴۱؛‏ یوحنا ۱۹:‏۲۵ کے ساتھ موازنہ کریں۔‏)‏ اگر ایسا تھا تو یعقوب یسوع کا خالہ‌زاد بھائی تھا۔‏ وہ اور اُس کا بھائی ماہی‌گیر تھے اور پطرس اور اندریاس کے ساتھ کام کرتے تھے۔‏—‏مرقس ۱:‏۱۶-‏۱۹؛‏ لوقا ۵:‏۷-‏۱۰‏۔‏

اِس کے بعد حلفئی کے بیٹے یعقوب کا ذکر آتا ہے۔‏ وہ بھی یسوع کا رسول تھا۔‏ (‏مرقس ۳:‏۱۶-‏۱۸‏)‏ اُسے مرقس ۱۵:‏۴۰ میں ’‏چھوٹا یعقوب‘‏ کہا گیا ہے۔‏ اِس کی وجہ غالباً یہ تھی کہ اُس کا قد چھوٹا تھا یاپھر یہ کہ وہ زبدی کے بیٹے یعقوب سے عمر میں چھوٹا تھا۔‏

آخر میں یوسف اور مریم کے بیٹے یعنی یہوداہ کے بھائی اور یسوع کے سوتیلے بھائی،‏ یعقوب کا ذکر آتا ہے۔‏ (‏مرقس ۶:‏۳؛‏ گلتیوں ۱:‏۱۹‏)‏ وہ یسوع مسیح کی زمینی خدمتگزاری کے دوران اُس کا شاگرد نہیں بنا تھا۔‏ (‏متی ۱۲:‏۴۶-‏۵۰؛‏ یوحنا ۷:‏۵‏)‏ مگر بعد میں ہم یعقوب کے بارے میں پڑھتے ہیں کہ وہ ۳۳ عیسوی کی عیدِپنتِکُست سے پہلے اپنی ماں،‏ بھائیوں اور رسولوں کے ساتھ یروشلیم کے بالاخانے میں دُعا کر رہا تھا۔‏ (‏اعمال ۱:‏۱۳،‏ ۱۴‏)‏ بعدازاں،‏ یعقوب یروشلیم کی کلیسیا کا ایک رُکن بن گیا اور بائبل میں یعقوب کے خط کو تحریر کِیا۔‏—‏اعمال ۱۲:‏۱۷؛‏ یعقوب ۱:‏۱‏۔‏