مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

جب منادی بالخصوص یادگار بن جاتی ہے

جب منادی بالخصوص یادگار بن جاتی ہے

جب منادی بالخصوص یادگار بن جاتی ہے

‏”‏سورج ڈھل رہا ہے۔‏ پہاڑی سلسلہ غیرمختتم نظر آ رہا ہے۔‏ مختلف مشکلات پر قابو پانے کے بعد،‏ انجام‌کار ہم اپنی منزل،‏ ایک دُورافتادہ گاؤں میں پہنچ جاتے ہیں۔‏ جب ہم پہلے دروازے پر دستک دیتے اور مہمان‌نوازی کا مظاہرہ دیکھتے ہیں تو ہماری ساری تھکن خوشی میں بدل جاتی ہے۔‏ دن کے اختتام پر،‏ ہم اپنا سارا لٹریچر پیش کر چکے ہیں اور مختلف بائبل مطالعے شروع کر چکے ہیں۔‏ لوگ سیکھنے کے مشتاق ہیں۔‏ اب ہمیں جانا ہے مگر ہم واپس آنے کا وعدہ کرتے ہیں۔‏“‏

ایسے تجربات میکسیکو کے پائنیروں کے ایک گروہ کے لئے بڑی عام سی بات ہیں۔‏ یہ اُس حکم کی تکمیل میں سرگرمِ‌عمل ہیں جو یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کو دیا تھا:‏ ”‏تم .‏ .‏ .‏ زمین کی انتہا تک میرے گواہ ہوگے۔‏“‏ (‏اعمال ۱:‏۸‏)‏ میکسیکو میں،‏ منادی کی خاص مہمات جو پائنیر روٹس کہلاتی ہیں ایسے علاقوں تک رسائی کرنے کیلئے ترتیب دی جاتی ہیں جو کلیسیا کو تفویض نہیں کئے گئے اور جن میں بادشاہتی خوشخبری باقاعدگی سے نہیں پہنچ رہی۔‏ عموماً یہ ایسے دُوراُفتادہ علاقے ہوتے ہیں جہاں پہنچنا مشکل ہوتا ہے۔‏ دُوراُفتادہ کلیسیاؤں کو بھی جنکا علاقہ بہت وسیع ہوتا ہے مدد دی جاتی ہے۔‏

اس بات کا تعیّن کرنے کیلئے کہ مُلک کے کن علاقوں کا احاطہ پائنیر روٹس کے ذریعے کِیا جائیگا،‏ یہوواہ کے گواہوں کا برانچ دفتر علاقے کی ضروریات کا جائزہ لیتا ہے۔‏ * اسکے بعد سپیشل پائنیروں کے ایک گروہ کو اس علاقے میں کام کرنے کیلئے کہا جاتا ہے۔‏ اُنہیں ایسی گاڑیاں فراہم کی جاتی ہیں جو ناہموار سڑکوں کیلئے مناسب ہوتی ہیں۔‏ یہ گاڑیاں لٹریچر کے گودام بھی ہوتی ہیں اور بوقتِ‌ضرورت سونے کے کمرے بھی بن جاتی ہیں۔‏

فوری جوابی‌عمل

اکتوبر ۱۹۹۶ سے خوشخبری کے دیگر مُنادوں کو بھی سپیشل پائنیروں کیساتھ ملکر اس کارگزاری میں شرکت کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔‏ جہاں زیادہ ضرورت ہے وہاں بادشاہتی پبلشر اور ریگولر پائنیر دونوں خوشی سے اس مہم کے مختلف مراحل میں شرکت کرتے ہیں۔‏ بعض کو اس روٹ پر واقع کلیسیاؤں میں تفویض کر دیا جاتا ہے تاکہ علاقے کی دیکھ‌بھال ہو سکے اور لوگوں کی دلچسپی کو مزید بڑھایا جا سکے۔‏ بیشتر نوجوان پبلشروں اور پائنیروں نے اس دعوت کو قبول کِیا ہے اور انتہائی حوصلہ‌افزا تجربات سے مستفید ہوئے ہیں۔‏

مثال کے طور پر،‏ ایک نوجوان مسیحی ابی‌میل نے جو ایک موبائل کمپنی میں بھاری تنخواہ حاصل کر رہا تھا اِن علاقوں میں منادی کے کام میں حصہ لینے کا فیصلہ کِیا۔‏ جب اُسکے مالکان کو پتہ چلا کہ وہ ملازمت چھوڑنے والا ہے تو اُنہوں نے اُسے نہ صرف ترقی دیدی بلکہ تنخواہ بھی بڑھا دی۔‏ ساتھی کارکنوں نے اُس پر دباؤ ڈالا کہ یہ ایک منفرد موقع ہے اور ملازمت چھوڑ کر جانا سراسر حماقت ہے۔‏ تاہم،‏ ابی‌میل تین مہینوں کیلئے منادی کی اس خاص مہم کی حمایت کرنا چاہتا تھا۔‏ اس خدمت سے استفادہ کرنے کے بعد،‏ ابی‌میل نے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دُوراُفتادہ کلیسیا کیساتھ کام کرنے کا فیصلہ کر لیا جہاں بادشاہتی مُنادوں کی بہت ضرورت ہے۔‏ اب وہ ایک معمولی کام کر رہا ہے اور اُس نے اپنی زندگی کو سادہ بنانا سیکھ لیا ہے۔‏

ایک دوسری مثال میں،‏ جولسا کو اپنے علاقے تک پہنچنے کے لئے بس میں ۲۲ گھنٹے سفر کرنا پڑتا تھا۔‏ اُس کے دورے کے اختتام پر اُسکی بس چھوٹ گئی۔‏ تاہم،‏ وہاں ایک ٹرک کھڑا تھا جو کارکنوں کے آنےجانے کیلئے استعمال ہوتا تھا۔‏ جولسا نے ہمت کرکے اُن سے درخواست کی کہ اُسے بھی ساتھ لے جائیں۔‏ صاف ظاہر ہے کہ اتنے زیادہ آدمیوں میں تنہا عورت ہونے سے وہ کافی سراسیمہ تھی۔‏ جب اُس نے ایک نوجوان آدمی کو منادی کرنا شروع کی تو اُسے معلوم ہوا کہ وہ یہوواہ کا ایک گواہ ہے!‏ اسکے علاوہ،‏ جولسا یاد کرتی ہے،‏ ”‏پک‌اپ کا ڈرائیور بھی اُس کلیسیا کا بزرگ تھا جہاں مجھے بھیجا گیا تھا!‏“‏

عمررسیدہ بھی حصہ لیتے ہیں

تاہم،‏ صرف نوجوان ہی اس کام میں حصہ نہیں لیتے۔‏ ایک عمررسیدہ بہن،‏ اڈیلا بھی ہمیشہ اپنا زیادہ وقت منادی کے کام میں صرف کرنا چاہتی تھی۔‏ ایک وقت آیا کہ اُسے بھی منادی کی اس خاص کارگزاری میں شرکت کیلئے مدعو کِیا گیا۔‏ وہ بیان کرتی ہے:‏ ”‏مجھے اپنی تفویض اتنی پسند آئی کہ مَیں نے اپنی کلیسیا کے بزرگوں سے درخواست کی کہ مجھے وہاں رہنے کی اجازت دیدی جائے۔‏ مَیں خوش ہوں کہ عمررسیدہ ہونے کے باوجود،‏ مَیں یہوواہ کیلئے مفید ثابت ہو سکتی ہوں۔‏“‏

اسی طرح،‏ یہوواہ اور ساتھی انسانوں کیلئے محبت سے تحریک پا کر،‏ ۶۰ سالہ مارتھا نے اس مہم میں شامل ہونے کا منصوبہ بنایا۔‏ طویل فاصلے اور دُشوار راستے کی وجہ سے اُس نے پائنیرز کے استعمال کیلئے ایک کار خرید لی۔‏ اس بہن کے ہدیے نے علاقے میں کام کرنا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک بائبل سچائی پہنچانا آسان بنا دیا۔‏

پُرجوش جوابی‌عمل

منادی کی اِن خاص مہمات میں شریک ہونے والوں کا نصب‌اُلعین ”‏شاگرد بنانا“‏ ہے۔‏ اس سلسلے میں،‏ نتائج شاندار رہے ہیں۔‏ دُوردراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں نے بھی بائبل سے زندگی‌بخش سچائی حاصل کی ہے۔‏ (‏متی ۲۸:‏۱۹،‏ ۲۰‏)‏ بہت سے بائبل مطالعے شروع کئے گئے ہیں۔‏ قریبی علاقوں میں رہنے والے پبلشر یا اسی علاقے میں قیام کرنے والے مُناد اِن کی پیروی کرتے ہیں۔‏ بعض صورتوں میں،‏ پبلشروں کے گروہ منظم کئے گئے ہیں اور دیگر صورتوں میں چھوٹی کلیسیائیں تشکیل دی گئی ہیں۔‏

مگدلینو اور اُسکے ساتھی دُوراُفتادہ علاقے میں پہنچنے کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتے تھے۔‏ راستے میں،‏ اُنہوں نے ڈرائیور کو منادی کرنے کے موقع سے استفادہ کِیا۔‏ ”‏اُس شخص نے ہمیں بتایا کہ اُسکی غیرموجودگی میں ایک ہفتہ پہلے چند گواہ اُسکے گھر آئے تھے۔‏ جب وہ واپس لوٹا تو اُسکے خاندان نے ساری بات‌چیت اُسکے سامنے بیان کی۔‏ ہم نے اُسے بتایا کہ ہمارا تعلق اس علاقے سے نہیں اور ہم منادی کی اس خاص مہم کی حمایت کیلئے مختلف ممالک سے آئے ہیں اور ہم نے اپنا اپنا خرچہ خود دیا ہے۔‏ اس بات سے متاثر ہو کر ڈرائیور نے کہا کہ وہ اپنے خاندان سمیت اسی ہفتے بائبل مطالعہ شروع کریگا۔‏ اس کام کی حمایت کرنے کیلئے اُس نے ہم سے کرایہ بھی نہ لیا۔‏“‏

مگدلینو چیاپس پہاڑی سلسلے پر رہنے والے مقامی لوگوں سے بہت متاثر تھا۔‏ ”‏مجھے اور میری اہلیہ کو ۲۶ نوجوانوں کے ایک گروہ کو بادشاہتی پیغام سنانے کا شرف حاصل ہوا جو پریسبٹیرین چرچ کے ممبر تھے۔‏ اُن سب نے ۳۰ منٹ تک بہت توجہ سے سنا۔‏ اُنہوں نے اپنی اپنی بائبلیں نکالی اور ہم نے یہوواہ کے مقاصد کی بابت پوری طرح سے گواہی دی۔‏ لوگوں کی اکثریت کے پاس ٹزلٹل زبان میں بائبل کی ذاتی کاپی تھی۔‏“‏ کئی ترقی‌پسند بائبل مطالعے شروع ہو گئے۔‏

مخالفت میں کمی

لوگوں کی مخالفت کی وجہ سے تقریباً دو سال سے چیاپس کے ایک علاقے میں بائبل پیغام نہیں پہنچا تھا۔‏ ٹریسا نامی ایک کُل‌وقتی مبشر نے محسوس کِیا کہ بعض گواہ اُس گاؤں میں منادی کرنے سے ہچکچاتے تھے۔‏ ”‏مگر سب یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ لوگ سننے کیلئے تیار تھے۔‏ جونہی ہم نے منادی کا کام ختم کِیا شدید بارش شروع ہو گئی۔‏ بارش سے بچنے کیلئے ہم سبسٹیئن نامی ایک انتہائی مہمان‌نواز شخص کے گھر پہنچ گئے جس نے ہمیں اندر آنے اور بارش سے بچنے کیلئے بیٹھ جانے کی اجازت دے دی۔‏ گھر میں داخل ہوتے ہی مَیں نے اُس سے پوچھا کہ پہلے کبھی کوئی اُسکے پاس آیا ہے۔‏ جب اُس نے کہا کہ نہیں تو مَیں نے اُسے گواہی دینا شروع کی اور علم جو ہمیشہ کی زندگی کا باعث ہے کتاب سے بائبل مطالعہ شروع کر دیا۔‏ * جب ہم نے مطالعہ ختم کِیا تو سبسٹیئن نے روتے ہوئے مطالعہ کیلئے دوبارہ آنے کی درخواست کی۔‏“‏

چیاپس کا دورہ کرنے والا پائنیروں کا ایک دوسرا گروہ بیان کرتا ہے:‏ ”‏یہوواہ کا شکر ہے کہ ہمیں اچھے نتائج حاصل ہوئے۔‏ پہلے ہفتے میں ہم نے ۲۷ مطالعے شروع کئے؛‏ دوسرے میں ہم نے لوگوں کو اپنی ویڈیو دی بائبل—‏اِٹس پاور اِن یور لائف دیکھنے کیلئے مدعو کِیا۔‏ ساٹھ لوگ حاضر ہوئے۔‏ سب کو یہ بہت پسند آئی۔‏ آخر میں ہم نے گروپ کے طور پر بائبل مطالعہ شروع کرنے کی پیشکش کی۔‏ حیرت کی بات ہے کہ اس گاؤں میں مطالعے کے دو گروپ تشکیل دئے گئے۔‏

‏”‏تفویض‌شُدہ علاقے کو مکمل کرنے کے بعد،‏ ہم یہ دیکھنے کے لئے کہ منظم‌شُدہ بائبل سٹڈی گروپ کیسے چل رہے ہیں اور دلچسپی دکھانے والے لوگوں کی حوصلہ‌افزائی کے لئے گاؤں واپس آئے۔‏ ہم نے اُنہیں مینارِنگہبانی کے مطالعے اور عوامی اجلاس پر حاضر ہونے کی دعوت دی۔‏ تاہم،‏ اتنی بڑی جگہ نہیں تھی جہاں اجلاس منعقد کئے جا سکتے تھے۔‏ جس شخص نے مطالعے کیلئے اپنا گھر پیش کِیا تھا اُس نے اپنے صحن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا:‏ ’‏یہاں اجلاس منعقد کِیا جا سکتا ہے۔‏‘‏ “‏

اُس ہفتے کے آخر پر آنے والے پائنیر اور دلچسپی رکھنے والے لوگ صحن کو تیار کرنے میں لگ گئے تاکہ وہاں اجلاس منعقد کئے جا سکے۔‏ پہلے اجلاس پر ۱۰۳ اشخاص حاضر ہوئے۔‏ اس وقت اُس گاؤں میں ۴۰ بائبل مطالعے کرائے جا رہے ہیں۔‏

‏”‏ ایک دلچسپ تجربہ“‏

منادی کے کام میں شاندار نتائج حاصل کرنے کے علاوہ اس بشارتی کارگزاری میں شرکت کرنے والے لوگوں نے خود بھی استفادہ کِیا ہے۔‏ ایک نوجوان پائنیر ماریا جس نے اس مہم میں حصہ لیا اپنے احساسات کو کچھ اسطرح بیان کرتی ہے:‏ ”‏دو وجوہات کی بِنا پر یہ ایک انتہائی دلچسپ تجربہ تھا۔‏ منادی کے کام میں مجھے اضافی خوشی حاصل ہوئی اور یہوواہ کیساتھ میرا رشتہ مزید مضبوط ہو گیا۔‏ ایک مرتبہ پہاڑ پر چڑھتے ہوئے ہمیں تھکن محسوس ہوئی۔‏ یہوواہ سے مدد طلب کرنے کے بعد،‏ ہمیں یسعیاہ ۴۰:‏۲۹-‏۳۱ جیسا احساس ہوا جو بیان کرتی ہے:‏ ’‏یہوواہ کا انتظار کرنے والے ازسرِنو زور حاصل کرینگے۔‏‘‏ پس ہم نے وہاں پہنچ کر ایسے لوگوں کیساتھ مطالعے شروع کئے جنہوں نے بڑی مہمان‌نوازی کا مظاہرہ کِیا تھا۔‏“‏

ایک دوسری جواں‌سال پائنیر،‏ ۱۷ سالہ کلاؤڈیا بیان کرتی ہے:‏ ”‏مَیں نے بہت فائدہ اُٹھایا ہے۔‏ مَیں نے خدمتگزاری میں بہتری پیدا کی ہے جس سے مجھے بہت خوشی ہوئی ہے اور یہ میرے لئے روحانی نشانے قائم کرنے پر منتج ہوا ہے۔‏ مَیں روحانی طور پر پُختہ ہو گئی ہوں۔‏ گھر میں میری والدہ میرے لئے سب کچھ کرتی تھی۔‏ اب زیادہ تجربے کیساتھ مَیں ذمہ‌داری اُٹھانا بھی سیکھ گئی ہوں۔‏ مثال کے طور پر،‏ مَیں کھانے میں بڑا نخرا کرتی تھی۔‏ مگر اب چونکہ مجھے مختلف حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،‏ لہٰذا مَیں کھانے کے سلسلے میں کوئی شکایت نہیں کرتی۔‏ اس خدمت نے مجھے اچھے دوست بنانے میں بھی مدد دی ہے۔‏ ہم ایک دوسرے کو اپنی چیزوں میں شریک کرتے اور ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔‏“‏

خوشگوار فصل

اس خاص کاوش کے نتائج کیا رہے ہیں؟‏ سن ۲۰۰۲ کے اوائل میں،‏ تقریباً ۳۰۰،‏۲۸ پائنیر اِن پائنیر روٹس میں شریک ہوئے ہیں۔‏ اُنہوں نے ۰۰۰،‏۴۰،‏۱ سے زائد بائبل مطالعے کرائے ہیں اور منادی میں دو ملین سے زیادہ گھنٹے صرف کئے ہیں۔‏ لوگوں کو بائبل سچائی سیکھنے میں مدد دینے کیلئے اُنہوں نے تقریباً ۰۰۰،‏۲۱،‏۱ کتابیں اور ۰۰۰،‏۳۰،‏۷ رسالے پیش کئے ہیں۔‏ بعض پائنیروں کیلئے ۲۰ یا اس سے بھی زیادہ بائبل مطالعے کرانا کوئی غیرمعمولی بات نہیں ہے۔‏

اس فراہمی سے مستفید ہونے والے لوگ بائبل پیغام کیساتھ اُن تک پہنچنے کیلئے کی جانے والی اضافی کاوشوں کیلئے انتہائی مشکور ہیں۔‏ غربت کے باوجود،‏ اُن میں سے بیشتر اس بات پر اصرار کرتے ہیں کہ پبلشر عطیات قبول کریں۔‏ ایک ۷۰ سالہ حاجتمند عمررسیدہ خاتون ملاقات کیلئے آنے والے پائنیرز کو ہمیشہ کچھ نہ کچھ پیش کرتی ہے۔‏ اگر وہ لینے سے انکار کرتے ہیں تو وہ رونے لگتی ہے۔‏ ایک نادار خاندان کُل‌وقتی مُنادوں سے کہتا ہے کہ مرغی نے خاص طور پر آپ کیلئے انڈے دئے ہیں لہٰذا مہربانی سے انہیں قبول کریں۔‏

سب سے بڑھ کر،‏ یہ مخلص لوگ روحانی چیزوں کیلئے حقیقی قدردانی ظاہر کرتے ہیں۔‏ مثال کے طور پر،‏ ایک مسیحی خاتون اجلاس پر باقاعدہ حاضر ہونے کیلئے تنہا ساڑھے تین گھنٹے کا سفر کرتی ہے۔‏ گھٹنے میں تکلیف کے باوجود دلچسپی رکھنے والی ایک عمررسیدہ خاتون نے سفری نگہبان کے دورے کے دوران بائبل ہدایت حاصل کرنے کی غرض سے دو گھنٹے کا سفر کِیا۔‏ بعض اَن‌پڑھ لکھنا پڑھنا سیکھنا چاہتے تھے تاکہ وہ بائبل کی تعلیم سے مستفید ہو سکیں۔‏ اُنکی کاوشیں بابرکت ثابت ہوئی ہیں۔‏

اعمال کی کتاب میں،‏ لوقا ایک رویا کا ذکر کرتا ہے جو پولس رسول نے دیکھی تھی:‏ ”‏ایک مکدنی آدمی کھڑا ہوا اُسکی منت کرکے کہتا ہے کہ پار اُتر کر مکدؔنیہ میں آ اور ہماری مدد کر۔‏“‏ پولس وہاں گیا۔‏ آج بھی میکسیکو کے دُوراُفتادہ علاقوں میں بہتیروں نے ایسے ہی جذبے کا اظہار کِیا ہے اور خود کو ”‏زمین کی انتہا تک“‏ خوشخبری سنانے کیلئے پیش کِیا ہے۔‏—‏اعمال ۱:‏۸؛‏ ۱۶:‏۹،‏ ۱۰‏۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 4 حالیہ سالوں میں،‏ میکسیکو کے ۸ فیصد علاقے کا یہوواہ کے گواہوں کی کلیسیاؤں کے ذریعے باقاعدہ احاطہ نہیں ہو رہا تھا۔‏ اسکا مطلب ہے کہ دُوراُفتادہ علاقوں میں جہاں منادی کا کام بہت محدود پیمانے پر کِیا جا رہا ہے ۰۰۰،‏۰۰،‏۸۲ لوگ رہتے ہیں۔‏

^ پیراگراف 17 یہوواہ کے گواہوں کی شائع‌کردہ۔‏

‏[‏صفحہ ۹ پر تصویر]‏

میکسیکو میں بہت سے گواہوں نے منادی کی خاص مہم میں شرکت کی ہے