مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

‏”‏بعض‌اوقات تو مجھے لگتا ہے کہ مَیں کوئی خواب دیکھ رہی ہوں!‏“‏

‏”‏بعض‌اوقات تو مجھے لگتا ہے کہ مَیں کوئی خواب دیکھ رہی ہوں!‏“‏

‏”‏بعض‌اوقات تو مجھے لگتا ہے کہ مَیں کوئی خواب دیکھ رہی ہوں!‏“‏

لورڈس اپنے اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے شہر کا نظارہ کر رہی ہے جبکہ اُس نے ہاتھوں سے اپنا چہرہ چھپایا ہوا ہے۔‏ یہ لاطینی امریکہ سے تعلق رکھنے والی ایک عورت ہے جو ۲۰ سال سے اپنے متشدّد شوہر الفریڈو کا ظلم‌وستم برداشت کر رہی ہے۔‏ الفریڈو کو تبدیل ہونے کی ترغیب ملی۔‏ تاہم،‏ ابھی تک لورڈس کیلئے اُس جسمانی اور جذباتی تکلیف کی بابت بیان کرنا انتہائی مشکل ہے جو اُس نے اپنے شوہر کے ہاتھوں اُٹھائی ہے۔‏

‏”‏یہ سب کچھ ہماری شادی کے صرف دو ہفتے بعد ہی شروع ہو گیا تھا،‏“‏ لورڈس دھیمی آواز میں کہتی ہے۔‏ ”‏ایک مرتبہ اُس نے میرے دو دانت توڑ دئے۔‏ ایک دوسرے موقع پر مَیں آگے سے ہٹ گئی تو اُسکے گھونسے نے کپڑوں کی الماری توڑ دی۔‏ مگر اُسکا مجھے تحقیرآمیز ناموں سے پکارنا زیادہ تکلیف‌دہ تھا۔‏ وہ مجھے ’‏ناکارہ،‏ نِکمّی‘‏ کہتا اور ایسا برتاؤ کرتا گویا مَیں بےعقل ہوں۔‏ مَیں اُسے چھوڑنا چاہتی تھی مگر تین بچوں کیساتھ یہ کیسے ممکن تھا؟‏“‏

الفریڈو بڑے پیار سے لورڈس کے کندھے پر ہاتھ رکھ لیتا ہے۔‏ ”‏مَیں ایک اعلیٰ عہدے پر فائز ہوں۔‏ جب میرے سمن جاری ہوئے اور مجھے کورٹ کی طرف سے زیادتی کرنے کا نوٹس موصول ہوا تو مجھے بڑی شرمندگی محسوس ہوئی۔‏ مَیں نے اپنے رویے میں تبدیلی لانے کی کوشش کی مگر جلد ہی مَیں واپس اُسی ڈگر پر چلنے لگا۔‏“‏

حالات کیسے بدل گئے؟‏ لورڈس بیان کرتی ہے جو کہ اب کسی حد تک پُراعتماد نظر آ رہی تھی۔‏ ”‏گلی کی نکڑ والی دوکان ایک یہوواہ کی گواہ خاتون کی ہے جس نے مجھے بائبل کو سمجھنے کیلئے مدد کی پیشکش کی۔‏ مَیں نے سیکھا کہ یہوواہ خدا عورتوں کی قدر کرتا ہے۔‏ مَیں نے یہوواہ کے گواہوں کے اجلاسوں پر جانا شروع کر دیا اگرچہ شروع شروع میں الفریڈو اس سے سخت ناراض ہوتا تھا۔‏ کنگڈم ہال میں دوست‌احباب کیساتھ وقت گزارنا میرے لئے ایک نیا تجربہ تھا۔‏ مَیں یہ جان کر حیران رہ گئی کہ مَیں اپنے ذاتی اعتقادات رکھ سکتی تھی،‏ اُنکا اظہار کرتے ہوئے دوسروں کو اِنکی بابت سکھا بھی سکتی تھی۔‏ مَیں سمجھ گئی کہ مَیں خدا کی نظروں میں قدروقیمت رکھتی ہوں۔‏ اس چیز نے مجھے بڑا حوصلہ دیا۔‏

‏”‏تاہم ایک ایسا نقطۂ‌انقلاب آیا جسے مَیں کبھی نہیں بھول سکتی۔‏ الفریڈو ابھی تک ہر اتوار کیتھولک ماس کیلئے جایا کرتا تھا اور جو کچھ مَیں یہوواہ کے گواہوں کیساتھ رہ کر رہی تھی اُسے اُس پر سخت اعتراض تھا۔‏ مَیں نے اُسکی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھا اور نہایت دھیمے مگر پُراعتماد لہجے میں کہا:‏ ’‏الفریڈو میری اور آپکی سوچ میں بہت فرق ہے۔‏‘‏ یہ سُن کر اُس نے مجھے کچھ نہ کہا!‏ اسکے کچھ ہی عرصہ بعد مَیں نے بپتسمہ لے لیا اور اب پانچ سال سے اُس نے کبھی مجھ پر ہاتھ نہیں اُٹھایا ہے۔‏“‏

مگر ابھی تو اَور تبدیلیاں واقع ہونی تھیں۔‏ الفریڈو بیان کرتا ہے:‏ ”‏لورڈس کے بپتسمہ لینے کے تقریباً تین سال بعد،‏ میرے ایک ساتھی کارکُن نے جو کہ یہوواہ کا گواہ ہے مجھے اپنے گھر مدعو کِیا اور اُس نے مجھے بائبل سے نہایت ہی حیران‌کُن باتیں بتائیں۔‏ اپنی بیوی کو بتائے بغیر مَیں نے اُس کیساتھ بائبل کا مطالعہ شروع کر دیا۔‏ تھوڑے عرصہ بعد مَیں لورڈس کیساتھ اجلاسوں پر جانے لگا۔‏ بہت سی تقاریر جو مَیں نے وہاں سنی اُن میں سے بیشتر خاندانی زندگی کی بابت تھیں اور اِن سے مجھے اکثر ندامت کا احساس ہوتا تھا۔‏“‏

الفریڈو کلیسیا کے اراکین،‏ بالخصوص اجلاس کے بعد مردوں کو فرش صاف کرتے دیکھ کر بہت متاثر ہوا تھا۔‏ جب وہ اُنکے گھروں میں گیا تو اُس نے شوہروں کو برتن دھونے میں اپنی بیویوں کا ہاتھ بٹاتے دیکھا۔‏ اِن چھوٹے چھوٹے واقعات نے الفریڈو پر ظاہر کر دیا کہ حقیقی محبت کیسے ظاہر کی جا سکتی ہے۔‏

کچھ ہی عرصہ بعد،‏ الفریڈو نے بھی بپتسمہ لے لیا،‏ اب وہ اور اُس کی بیوی دونوں کُل‌وقتی خدمت انجام دے رہے ہیں۔‏ لورڈس بیان کرتی ہے،‏ ”‏وہ کھانے کے بعد اکثر میز صاف کرنے اور بستر بچھانے میں میری مدد کرتا ہے۔‏ وہ میرے کھانے کی تعریف کرتا ہے اور اُس نے مجھے موسیقی سننے اور گھر کا سازوسامان خریدنے کے سلسلے میں انتخاب کرنے کی بھی اجازت دے رکھی ہے۔‏ یہ چند ایسی باتیں ہیں جنکی اجازت الفریڈو نے پہلے کبھی نہیں دی تھی!‏ حال ہی میں،‏ وہ پہلی مرتبہ میرے لئے پھولوں کا گلدستہ بھی خرید کر لایا۔‏ بعض‌اوقات تو مجھے لگتا ہے کہ مَیں کوئی خواب دیکھ رہی ہوں!‏“‏

‏[‏صفحہ ۱۰ پر تصویر]‏

‏”‏مجھے احساس ہو گیا کہ خدا مجھے عزیز رکھتا ہے۔‏ اس سے مجھے حوصلہ ملا“‏

‏[‏صفحہ ۱۰ پر تصویر]‏

اُس نے شوہروں کو برتن دھونے میں اپنی بیویوں کی مدد کرتے دیکھا

‏[‏صفحہ ۱۰ پر تصویر]‏

الفریڈو اجلاس کے بعد مردوں سمیت کلیسیا کے اراکین کو فرش صاف کرتے دیکھ کر بہت متاثر ہوا

‏[‏صفحہ ۱۰ پر تصویر]‏

‏”‏حال ہی میں،‏ اُس نے پہلی مرتبہ مجھے ایک گلدستہ خرید کر دیا“‏