امریکہ کے اصل باشندوں کے لیے ایک خاص سٹال

امریکہ کے اصل باشندوں کے لیے ایک خاص سٹال

بہت سے لوگ سوچتے ہیں کہ امریکہ کے اصل باشندے مخصوص دیہاتی علاقوں میں رہتے ہیں۔ لیکن حقیقت تو یہ ہے کہ اِن میں سے 70 فیصد سے زیادہ شہروں میں رہتے ہیں۔ 5 سے 7 جون 2015ء کو امریکہ کے سب سے بڑے شہر نیو یارک میں امریکہ کے اصل باشندوں کا میلہ ”‏گیٹ وے ٹو نیشنز“‏ اور تہوار ”‏پووو“‏ منعقد ہوا۔‏ a جب نیو یارک میں کچھ یہوواہ کے گواہوں کو اِس کے بارے میں پتہ چلا تو اُنہوں نے فوراً وہاں جانے کا منصوبہ بنایا۔ اِس کی کیا وجہ تھی؟‏

یہوواہ کے گواہ بائبل پر مبنی مطبوعات کا سینکڑوں زبانوں میں ترجمہ کرتے ہیں۔ اِن زبانوں میں امریکہ کے اصل باشندوں کی زبانیں جیسا کہ اوڈاوا، بلیک فٹ، پلینز کری، ڈکوٹا، موہاک، ناواہو اور ہوپی بھی شامل ہیں۔ لہٰذا یہوواہ کے گواہوں نے اِس میلے پر اپنی مطبوعات کے دلکش سٹال اور ٹرالیاں لگائیں۔ اِن مطبوعات میں پرچہ ‏”‏آپ خالق پر بھروسا کر سکتے ہیں“‏ (‏انگریزی میں دستیاب)‏ بھی شامل تھا۔‏

ہماری ویب سائٹ پر اِن زبانوں میں بہت سی آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگز بھی دستیاب ہیں۔ میلے پر آنے والے لوگوں نے دیکھا تھا کہ زیادہ تر سائن بورڈ اور پروگرام صرف انگریزی اور سپینش زبان میں ہیں لیکن جب وہ یہوواہ کے گواہوں کے سٹال پر آئے تو اُن کے لیے اُن کی اپنی زبان میں کئی آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگز چلائی گئیں۔‏

بہت سے لوگ اِس بات سے متاثر ہوئے کہ یہوواہ کے گواہ امریکہ کے اصل باشندوں کی زبانوں میں نہ صرف اپنی مطبوعات کا ترجمہ کرتے ہیں بلکہ اُنہیں پاک کلام کی تعلیم دینے کے لیے شہروں اور دیہاتوں میں بھی جاتے ہیں۔ میلے کی اِنتظامیہ کے ایک رُکن نے یہوواہ کے گواہوں سے بات کرنے کے بعد اُن سے کہا:‏ ”‏مجھے بڑی خوشی ہوگی اگر آپ میرے پاس آئیں اور مجھے بائبل کی تعلیم دیں۔“‏

ہمارے ایک سٹال پر ایک ایسا جوڑا بھی آیا جو سُن نہیں سکتا تھا۔ اُس سٹال پر موجود یہوواہ کے گواہوں کو اِشاروں کی زبان نہیں آتی تھی اِس لیے وہ اُس جوڑے سے بات نہیں کر پائے۔ اُسی وقت وہاں یہوواہ کی ایک اَور گواہ آئی جو اِشاروں کی زبان جانتی تھی۔ اُس گواہ نے جوڑے سے تقریباً 30 منٹ بات کی اور اُن کو یہوواہ کے گواہوں کے ایک اِجتماع کے بارے میں بتایا جو اِشاروں کی زبان میں اُن کے علاقے میں منعقد ہونے والا تھا۔‏

امریکہ کے اصل باشندوں تک پاک کلام کا پیغام پہنچانے کی اِس کوشش میں 50 سے زیادہ یہوواہ کے گواہوں نے حصہ لیا اور تین دن کے دوران لوگوں کو 150 سے زیادہ مطبوعات دیں۔‏

a ثقافتوں پر تحقیق کرنے والے ایک ماہر نے ایک رسالے میں کہا:‏ ”‏آج کل پووو ایک سماجی تہوار ہے جس پر مرد، عورتیں اور بچے مل کر گاتے اور رقص کرتے ہیں۔“‏—‏رسالہ ”‏ایتھنومیوزیکالوجی،“‏ ستمبر 1968ء، صفحہ 354۔‏