مواد فوراً دِکھائیں

کیا یہوواہ کے گواہ پُرانے عہدنامے پر ایمان رکھتے ہیں؟‏

کیا یہوواہ کے گواہ پُرانے عہدنامے پر ایمان رکھتے ہیں؟‏

جی ہاں۔‏ یہوواہ کے گواہ مانتے ہیں کہ پوری بائبل ”‏خدا کے اِلہام سے ہے۔‏“‏ (‏2-‏تیمُتھیُس 3:‏16‏)‏ اِس میں پُرانا عہدنامہ بھی شامل ہے اور نیا عہدنامہ بھی۔‏ یہوواہ کے گواہ عموماً پُرانے عہدنامے کو عبرانی صحیفے اور نئے عہدنامے کو یونانی صحیفے کہتے ہیں۔‏ اِس طرح وہ یہ تاثر نہیں دیتے کہ بائبل کے کچھ حصے پُرانے ہیں اور ہمارے زمانے کے لیے عملی نہیں ہیں۔‏

مسیحیوں کو پُرانے عہدنامے اور نئے عہدنامے دونوں پر ایمان کیوں رکھنا چاہیے؟‏

یسوع مسیح کے پیروکار پولُس نے خدا کے اِلہام سے لکھا:‏ ”‏جتنی باتیں پہلے لکھی گئیں وہ ہماری تعلیم کے لئے لکھی گئیں۔‏“‏ (‏رومیوں 15:‏4‏)‏ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عبرانی صحیفوں میں ہمارے لیے بہت ہی فائدہ مند معلومات درج ہیں۔‏ اِن میں بہت اہم تاریخی واقعات اور عملی ہدایات پائی جاتی ہیں۔‏

  • اہم تاریخی واقعات۔‏ عبرانی صحیفوں میں تفصیل سے بتایا گیا ہے کہ کائنات کو کیسے بنایا گیا اور اِنسان گُناہ میں کیسے پڑ گئے۔‏ اگر ہمارے پاس یہ ساری معلومات نہ ہوتیں تو ہمیں ایسے سوالوں کے تسلی بخش جواب نہ ملتے کہ اِنسان کیسے وجود میں آئے؟‏ اور اِنسان کیوں مرتے ہیں؟‏ (‏پیدایش 2:‏7،‏ 17‏)‏ عبرانی صحیفوں سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ قدیم زمانے میں بھی خدا کے بندے ہمارے جیسے احساسات رکھتے تھے۔‏ (‏یعقوب 5:‏17‏)‏ ہم عبرانی صحیفوں سے یہ بھی سیکھتے ہیں کہ یہوواہ خدا فرق فرق حالات میں اپنے بندوں کے ساتھ کس طرح پیش آیا۔‏

  • عملی ہدایات۔‏ عبرانی صحیفوں میں امثال اور واعظ کی کتابیں شامل ہیں جن میں ہر زمانے کے لوگوں کے لیے عملی مشورے پائے جاتے ہیں۔‏ اِن میں بتایا گیا ہے کہ ہم خوش گوار گھریلو زندگی کیسے گزار سکتے ہیں (‏امثال 15:‏17‏)‏،‏ ہم ملازمت کے سلسلے میں صحیح نظریہ کیسے رکھ سکتے ہیں (‏امثال 10:‏4؛‏ واعظ 4:‏6‏)‏ اور نوجوان اپنی زندگی میں حقیقی خوشی کیسے حاصل کر سکتے ہیں (‏واعظ 11:‏9–‏12:‏1‏)‏۔‏

عبرانی صحیفوں میں موسیٰ کی شریعت بھی شامل ہے جو بنی اِسرائیل کو دی گئی تھی۔‏ حالانکہ یہ شریعت مسیحیوں پر لاگو نہیں ہوتی لیکن اِس میں کچھ ایسے اصول پائے جاتے ہیں جن پر عمل کرنے سے ہم خوش گوار زندگی گزار سکتے ہیں۔‏—‏احبار 19:‏18؛‏ اِستثنا 6:‏5-‏7‏۔‏