پاک کلام کی آیتوں کی وضاحت
یسعیاہ 42:8—”مَیں خداوند ہوں“
”مَیں یہوواہ ہوں۔ یہی میرا نام ہے۔ مَیں نہ تو اپنی شان کسی کو دوں گا اور نہ اپنی حمد تراشی ہوئی مورتوں کو۔“—یسعیاہ 42:8، ترجمہ نئی دُنیا۔
”مَیں خداوند ہوں۔ یہ میرا نام ہے۔ مَیں اپنی تعظیم دوسرے کو اور اپنی حمد تراشی ہوئی مورتوں کو نہ دوں گا۔“—یسعیاہ 42:8، کیتھولک ترجمہ۔
یسعیاہ 42:8 کا مطلب
خدا نے ہمیں اپنا ذاتی نام بتایا ہے اور یہ بھی بتایا ہے کہ وہ نہیں چاہتا کہ ہم اُس کی عبادت میں بُتوں کو بھی شامل کریں۔
خدا نے اپنے لیے یہ نام چُنا اور عام طور پر اُردو میں اِس کا ترجمہ ”یہوواہ“ کِیا جاتا ہے۔ a (خروج 3:14، 15، ترجمہ نئی دُنیا) حالانکہ یہ نام پُرانے عہدنامے (عبرانی اور اَرامی صحیفوں) میں تقریباً 7000 مرتبہ آیا ہے لیکن بائبل کے بہت سے ترجموں میں اِس نام کی جگہ لقب”خداوند“ اِستعمال کِیا گیا ہے۔ اِس کی ایک مثال زبور 110:1 میں ہے جہاں ایک پیشگوئی کی گئی ہے جس میں یہوواہ خدا اور یسوع مسیح دونوں کا ذکر ہے۔کیتھولک ترجمے میں لکھا ہے:”خداوند [یہوواہ]نے میرے خداوند[یسوع]سے کہا۔“(اعمال 2:34-36) چونکہ اِس آیت میں دونوں جگہ ”خداوند“ اِستعمال ہوا ہے اِس لیے اِس آیت کو سمجھنا مشکل لگ سکتا ہے۔ لیکن ”ترجمہ نئی دُنیا“ میں خدا کا ذاتی نام صحیح جگہ پر لگانے سے اِس آیت کا مطلب واضح ہو گیا ہے اور اِسے سمجھنا آسان ہو گیا ہے۔اِس میں لکھا ہے: ”یہوواہ نے میرے مالک سے کہا: ”میری دائیں طرف بیٹھو جب تک مَیں تمہارے دُشمنوں کو تمہارے پاؤں کی چوکی نہ بنا دوں۔““
کئی عالم مانتے ہیں کہ خدا کے نام کا مطلب ہے کہ ”وہ بناتا ہے۔“ یہ نام صرف سچے خدا کا ہی ہو سکتا ہے کیونکہ وہ اپنا مقصد پورا کرنے کے لیے کچھ بھی بن سکتا ہے اور اپنی مخلوق کو کچھ بھی بنا سکتا ہے۔
یہوواہ ہمارا خالق ہے اور واحد سچا خدا ہے اِس لیے صرف وہی ہماری عبادت کا حقدار ہے۔ ہمیں نہ تو کسی دوسرے معبود کی اور نہ ہی کسی اَور چیز کی عبادت کرنی چاہیے۔ اِس میں بُت اور تصویریں بھی شامل ہیں۔—خروج 20:2-6؛ 34:14؛ 1-یوحنا 5:21۔
یسعیاہ 42:8 کا سیاقوسباق
یہوواہ نے یسعیاہ 42 باب کی شروع کی آیتوں میں اپنے ’چُنے ہوئے بندے‘ کے کاموں کے بارے میں پیشگوئی کی۔ خدا نے اپنے چُنے ہوئے بندے کے بارے میں کہا: ”وہ قوموں میں اِنصاف قائم کرے گا۔“ (یسعیاہ 42:1) اور اِس وعدے کے بارے میں خدا نے فرمایا: ”اب مَیں نئی باتوں کا اِعلان کر رہا ہوں۔ مَیں اُن کے ہونے سے پہلے تمہیں اُن کے بارے میں بتا رہا ہوں۔“ (یسعیاہ 42:9) ’چُنے ہوئے بندے‘ کے بارے میں پیشگوئی اُس وقت پوری ہوئی جب مسیح زمین پر آیا اور اُس نے مُنادی شروع کی۔—متی 3:16، 17؛ 12:15-21۔
یسعیاہ 42:8 کے فرق فرق ترجمے
”یہوواہ مَیں ہوں۔ یہی میرا نام ہے۔ مَیں اپنا جلال کسی دوسرے کے لئے اور اپنی حمد کھودی ہوئی مورتوں کے لئے روا نہ رکھوں گا۔“—اُردو ریوائزڈ ورشن۔
”یہوواہ مَیں ہوں؛ یہی میرا نام ہے! مَیں اپنا جلال کسی اَور کو نہ دوں گا نہ اپنی حمد کو بُتوں کے لیے روا رکھوں گا۔“—نیو اُردو بائبل ورشن۔
[فٹنوٹ]
a عبرانی زبان میں خدا کے نام کے چار ہجے ہیں جنہیں اُردو زبان میں یوں لکھا جاتا ہے: ی-ہ-و-ہ۔ بائبل کے کچھ اَور ترجموں میں خدا کے نام کو ”یہوِہ“ بھی لکھا جاتا ہے۔اِس بارے میں اَور جاننے کے لیے ”کتابِمُقدس کی تحقیق کے لیے گائیڈ“ کے پہلے حصے ”کتابِمُقدس کے عبرانی صحیفوں میں خدا کا نام“ کو دیکھیں۔

