نوجوانوں کا سوال

اگر میرا دوست میرا دل دُکھاتا ہے تو مَیں کیا کروں؟‏

اگر میرا دوست میرا دل دُکھاتا ہے تو مَیں کیا کروں؟‏

 آپ کو کیا پتہ ہونا چاہیے؟‏

  •   کوئی اِنسانی رشتہ مسئلوں سے پاک نہیں ہے۔‏ سب اِنسان عیب‌دار ہیں۔ اِس لیے شاید آپ کا اچھا دوست یہاں تک کہ آپ کا سب سے قریبی دوست کچھ ایسا کہے یا کرے جس سے آپ کا دل دُکھے۔ عیب‌دار ہونے کی وجہ سے کبھی نہ کبھی ایسا ضرور ہوا ہوگا کہ آپ نے بھی کسی کا دل دُکھایا ہو۔—‏یعقوب 3:‏2‏۔‏

  •   اِنٹرنیٹ آپ کو زیادہ دُکھی کر سکتا ہے۔‏ ذرا غور کریں کہ ڈیوڈ نے کیا کہا جن کی عمر 15 سال ہے:‏ ”‏جب آپ آن‌لائن ہوتے ہیں اور کسی پارٹی پر اپنے دوست کی تصویریں دیکھتے ہیں تو شاید آپ سوچیں کہ آپ کو کیوں نہیں بُلایا گیا۔ پھر شاید آپ کو لگنے لگے کہ آپ کو دھوکہ دیا گیا ہے اور اِس سے آپ دُکھی ہو جائیں۔“‏

  •   آپ مسئلے کو حل کرنا سیکھ سکتے ہیں۔‏

 آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏

 اپنا جائزہ لیں۔‏ بائبل میں بتایا گیا ہے:‏ ”‏خفا ہونے میں جلدبازی نہ کرو کیونکہ خفگی بے‌وقوفوں کی نشانی ہے۔“‏—‏واعظ 7:‏9‏، فٹ نوٹ۔‏

 ‏”‏کبھی کبھی بعد میں آپ کو یہ احساس ہوتا ہے کہ جس بات کی وجہ سے آپ پریشان ہیں،‏ وہ اِتنا بڑا مسئلہ نہیں ہے۔“‏—‏ایلیسا۔‏

 ذرا سوچیں:‏ کیا آپ ہر ایک بات کو دل پر لگا لیتے ہیں؟ کیا آپ دوسروں کی خامیوں کو برداشت کرنا سیکھ سکتے ہیں؟—‏واعظ 7:‏21، 22‏۔‏

 معاف کرنے کے فائدوں پر غور کریں۔‏ بائبل میں بتایا گیا ہے:‏ ”‏جب کوئی .‏.‏.‏ ٹھیس پہنچاتا ہے تو اِسے نظرانداز کرنے سے .‏.‏.‏ عزت بڑھتی ہے۔“‏—‏اَمثال 19:‏11‏۔‏

 ‏”‏اگر آپ کے پاس ناراض ہونے کی جائز وجہ ہو تو بھی اچھا ہوگا کہ آپ دل سے معاف کریں۔‏ اِس کا مطلب ہے کہ آپ اُس شخص کو بار بار اُس کی غلطی یاد نہ دِلائیں اور بار بار اُس سے معافی نہ منگوائیں۔‏ ایک بار اُسے معاف کر دینے کے بعد دوبارہ اُس کی غلطی کا ذکر نہ کریں۔“‏—‏میلری۔‏

  ذرا سوچیں:‏ کیا صورتحال واقعی اِتنی خراب ہے؟ کیا آپ صلح برقرار رکھنے کی خاطر اُسے معاف کر سکتے ہیں؟—‏کُلسّیوں 3:‏13‏۔‏

جب دوستی میں ہر مسئلے پر بار بار بات کی جاتی ہے تو یہ بالکل ایسے ہی ہوتا ہے جیسے ایک گرم کمرے کا دروازہ بار بار کھول کر ٹھنڈی ہوا اندر آنے دی جا رہی ہو۔‏

 دوسرے شخص کے احساسات کے بارے میں سوچیں۔‏ بائبل میں بتایا گیا ہے:‏ ”‏اپنے فائدے کا ہی نہیں بلکہ دوسروں کے فائدے کا بھی سوچیں۔“‏—‏فِلپّیوں 2:‏4‏۔‏

 ‏”‏جب دوستی میں محبت اور احترام ہوتا ہے تو آپ کو مسئلوں کو جلد سے جلد حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے کیونکہ آپ نے اِس دوستی کے لیے بہت کچھ کِیا ہوتا ہے۔‏ آپ نے دوستی کو برقرار رکھنے کے لیے کافی محنت کی ہوتی ہے اور آپ اِسے گنوانا نہیں چاہتے۔“‏—‏نیکول۔‏

 ذرا سوچیں:‏ کیا آپ دوسرے شخص کے نظریے کو تھوڑی سی اہمیت دے سکتے ہیں؟—‏فِلپّیوں 2:‏3‏۔‏

 یاد رکھیں:‏ جب کوئی آپ کا دل دُکھاتا ہے تو اپنے احساسات پر قابو پانا سیکھنا ایک ہنر ہے جو بڑے ہو کر آپ کے بہت کام آئے گا۔ تو کیوں نہ ابھی سے اِس ہنر کو سیکھیں؟‏