نوجوانوں کا سوال

مَیں ایک اچھا رول ماڈل کیسے چُن سکتا ہوں؟‏

مَیں ایک اچھا رول ماڈل کیسے چُن سکتا ہوں؟‏

 ‏”‏جب سکول میں مجھے مشکلوں کا سامنا ہوتا تھا تو کسی ایسے شخص کے بارے میں سوچ کر مجھے بہت حوصلہ ملتا تھا جو میرے جیسی ہی مشکلوں سے گزرا ہو۔ پھر مَیں اُس کی مثال پر عمل کرنے کی کوشش کرتی تھی۔ جب آپ کسی کو اپنا رول ماڈل بناتے ہیں تو آپ کے لیے مشکل صورتحال کا سامنا کرنا تھوڑا آسان ہو جاتا ہے۔“‏—‏ہیلی۔‏

 ایک رول ماڈل مشکلوں سے بچنے اور منصوبوں کو پورا کرنے میں آپ کی مدد کر سکتا ہے۔ اِس کے لیے ضروری ہے کہ آپ ایک اچھا رول ماڈل چُنیں۔‏

 رول ماڈل چُنتے وقت سمجھ‌داری سے کام لینا کیوں ضروری ہے؟‏

  •   آپ جو بھی رول ماڈل چُنیں گے اُس کا آپ کے کاموں پر اثر ہوگا۔‏

     بائبل میں مسیحیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اُن لوگوں پر دھیان دیں جنہوں نے اچھی مثال قائم کی ہے۔ بائبل میں لکھا ہے:‏ ”‏غور کریں کہ اُن کے کاموں کا کیا نتیجہ نکلتا ہے اور اُن جیسا ایمان پیدا کریں۔“‏—‏عبرانیوں 13:‏7‏۔‏

     مشورہ:‏ آپ کے رول ماڈل کا آپ پر یا تو اچھا اثر پڑ سکتا ہے یا بُرا۔ اِس لیے کسی ایسے شخص کو اپنا رول ماڈل نہ چُنیں جو بہت مشہور ہو یا آپ کا ہم‌عمر ہو بلکہ کسی ایسے شخص کو اپنا رول ماڈل چُنیں جس میں اچھی خوبیاں ہوں۔‏

     ‏”‏مَیں نے سوچ اور رویے کے حوالے سے اپنے ایک ہم‌ایمان سے بہت کچھ سیکھا ہے جن کا نام ایڈم ہے۔‏ حیرانی کی بات تو یہ ہے کہ مجھے آج بھی اُن کی کہی کچھ باتیں اور کام یاد ہیں۔‏ اُن کو تو اندازہ بھی نہیں ہے کہ اِس سب کا مجھ پر کتنا اثر ہوا۔“‏—‏کولِن۔‏

  •   آپ جسے بھی اپنا رول ماڈل بنائیں گے اُس کا آپ کی سوچ اور احساسات پر اثر ہوگا۔‏

     بائبل میں لکھا ہے:‏ ”‏دھوکا نہ کھائیں۔ بُرے ساتھی اچھی عادتوں کو بگا‌ڑ دیتے ہیں۔“‏—‏1-‏کُرنتھیوں 15:‏33‏۔‏

     مشورہ:‏ کسی کی شکل اور صورت کو دیکھ کر ہی نہیں بلکہ اُس کی خوبیوں کو دیکھ کر رول ماڈل بنائیں ورنہ ہو سکتا ہے کہ آپ مایوس ہو جائیں۔‏

     ‏”‏جب آپ ہر وقت اپنا موازنہ خوب‌صورت لوگوں کے ساتھ کرتے ہیں تو آپ خود کو کم‌تر اور بدصورت سمجھنے لگتے ہیں۔‏ پھر آپ کا دھیان اِسی بات پر رہتا ہے کہ آپ کیسے دِکھتے ہیں۔“‏—‏ٹیمرا۔‏

     ذرا سوچیں:‏ اگر آپ کھلاڑیوں اور مشہور لوگوں کو اپنا رول ماڈل بناتے ہیں تو اِس کے کیا نقصانات ہو سکتے ہیں؟‏

  •   آپ جس طرح کا بھی رول ماڈل چُنیں گے اُس کا اثر اِس بات پر ہوگا کہ آپ کے منصوبے پورے ہوں گے یا نہیں۔‏

     بائبل میں لکھا ہے:‏ ”‏جو دانش‌مندوں کے ساتھ چلتا ہے، وہ دانش‌مند بن جائے گا۔“‏—‏اَمثال 13:‏20‏۔‏

     مشورہ:‏ کسی ایسے شخص کو رول ماڈل بنائیں جس میں وہ خوبیاں ہوں جو آپ خود میں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ اِس شخص پر غور کرنے سے آپ سیکھیں گے کہ آپ اپنے منصوبے کو پورا کرنے کے لیے کون کون سے قدم اُٹھا سکتے ہیں۔‏

     ‏”‏بس یہ کہنے کی بجائے کہ ‏”‏مَیں اَور زیادہ ذمے‌دار بننا چاہتی ہوں“‏ یہ کہیں کہ ‏”‏مَیں جین کی طرح اَور زیادہ ذمے‌دار بننا چاہتی ہوں کیونکہ وہ اپنا ہر کام وقت پر اور ذمے‌داری سے کرتی ہے۔“‏“‏—‏مِریم۔‏

     یاد رکھیں:‏ اگر آپ ایک اچھا رول ماڈل چُنیں گے تو آپ کے لیے ایک ایسا شخص بننا آسان ہو جائے گا جیسا آپ بننا چاہتے ہیں۔‏

ایک اچھے رول ماڈل کی مدد سے آپ کے لیے اپنی منزل تک پہنچنا زیادہ آسان ہو جائے گا۔‏

 اچھے رول ماڈل کیسے چُنیں؟‏

 آپ رول ماڈل چُنتے وقت اِن میں سے کسی ایک طریقے پر عمل کر سکتے ہیں:‏

  1.   کوئی ایسی خوبی چُنیں جسے آپ اَور نکھارنا چاہتے ہیں۔ پھر کسی ایسے شخص کے بارے میں سوچیں جس میں وہ خوبی ہو اور جس کی طرح آپ بننا چاہتے ہیں۔‏

  2.   کسی ایسے شخص کو چُنیں جس کی طرح آپ بننا چاہتے ہیں اور پھر اُس کی کسی ایک خوبی کو چُنیں جو آپ خود میں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔‏

 آپ اِن لوگوں کو اپنا رول ماڈل بنا سکتے ہیں:‏

  •  ہم‌عمر:‏ ”‏مَیں اپنی سب سے اچھی دوست کی طرح بننا چاہتی ہوں۔ وہ ہمیشہ دوسروں کو وقت دیتی ہے اور اُن کے لیے ہمدردی دِکھاتی ہے۔ وہ عمر میں مجھ سے چھوٹی ہے لیکن اُس میں بہت سی ایسی شان‌دار خوبیاں ہیں جو مجھ میں نہیں ہیں۔ اِس لیے مَیں اُس کی طرح بننا چاہتی ہوں۔“‏—‏مِریم۔‏

  •  بالغ:‏ یہ آپ کے امی ابو یا آپ کے ہم‌ایمان ہو سکتے ہیں۔ ”‏اِس میں کوئی شک نہیں کہ میرے امی ابو میرے رول ماڈل ہیں۔ اُن میں بہت سی شان‌دار خوبیاں ہیں۔ مَیں جانتی ہوں کہ اُن سے بھی غلطیاں ہوتی ہیں لیکن اِس سب کے باوجود بھی وہ خدا کے وفادار رہتے ہیں۔ جب مَیں اُن کی عمر تک پہنچوں گی تو مَیں چاہتی ہوں کہ دوسرے میرے بارے میں بھی ایسا ہی سوچیں۔“‏—‏اینِٹ۔‏

  •  بائبل کے کردار:‏ ”‏مَیں نے بائبل سے بہت سے لوگوں کو اپنا رول ماڈل بنایا ہے جیسے کہ تیمُتھیُس، رُوت، ایوب، پطرس اور چھوٹی اِسرائیلی لڑکی کیونکہ مَیں اِن سے فرق فرق سبق سیکھنا چاہتی ہوں۔ مَیں جتنا زیادہ بائبل کے کرداروں کے بارے میں سیکھتی ہوں اُتنا زیادہ وہ مجھے حقیقی لگتے ہیں۔ مجھے کتاب ‏”‏اِن جیسا ایمان ظاہر کریں‏“‏ اور کتاب ‏”‏کویسچنز ینگ پیپل آسک‏—‏آنسرز دیٹ ورک“‏ کی دونوں جِلدوں میں موجود حصہ ”‏رول ماڈل“‏ میں اِن کرداروں کے بارے میں پڑھنا بہت پسند ہے۔“‏—‏میلنڈا۔‏

 مشورہ:‏ صرف ایک ہی شخص کو اپنا رول ماڈل نہ بنائیں۔ پولُس رسول نے سچے مسیحیوں سے کہا:‏ ”‏اُن لوگوں پر بھی غور کریں جو اُس مثال پر چلتے ہیں جو ہم نے آپ کے لیے قائم کی ہے۔“‏—‏فِلپّیوں 3:‏17‏۔‏

 کیا آپ جانتے ہیں؟‏ آپ بھی کسی کے لیے رول ماڈل بن سکتے ہیں۔ بائبل میں لکھا ہے:‏ ”‏اپنی باتوں، چال‌چلن، محبت، ایمان اور پاکیزگی سے اُن لوگوں کے لیے مثال قائم کریں جو خدا کے وفادار ہیں۔“‏—‏1-‏تیمُتھیُس 4:‏12‏۔‏

 ‏”‏آپ اُس وقت بھی دوسروں کے لیے اچھی مثال قائم کر سکتے ہیں جب آپ اپنی خوبیوں کو نکھارنے کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں۔‏ اکثر آپ کو اِس بات کا اندازہ بھی نہیں ہوتا کہ آپ کسی کے رول ماڈل ہیں اور آپ کی باتوں سے کسی کی زندگی کس حد تک بدل سکتی ہے۔“‏—‏کیانا۔‏