مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

 باب 4

مریم—‏حاملہ مگر غیرشادی‌شُدہ

مریم—‏حاملہ مگر غیرشادی‌شُدہ

متی 1:‏18-‏25 لُوقا 1:‏56

  • مریم نے یوسف کو اپنے حمل کے بارے میں بتایا

  • یوسف اور مریم کی شادی

مریم کے حمل کا چوتھا مہینہ چل رہا تھا۔‏ آپ کو یاد ہوگا کہ وہ تین مہینے اپنی رشتےدار الیشبع کے ہاں ٹھہر کر آئی تھیں جن کا گھر یہودیہ کے پہاڑی علاقے میں تھا۔‏ اب مریم ناصرت میں اپنے گھر تھیں۔‏ وہ بہت پریشان تھیں کہ جلد ہی لوگوں کو پتہ چل جائے گا کہ وہ حاملہ ہیں۔‏

مریم ایک اَور وجہ سے بھی پریشان تھیں۔‏ اُن کی منگنی ہو چُکی تھی۔‏ اُن کے منگیتر کا نام یوسف تھا جو بڑھئی تھے۔‏ مریم شریعت کے اِس حکم سے واقف تھیں کہ اگر ایک منگنی‌شُدہ لڑکی اپنی رضامندی سے کسی غیرمرد کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرے تو اُسے سنگسار کِیا جائے۔‏ (‏اِستثنا 22:‏23،‏ 24‏)‏ اگرچہ مریم نے کوئی غلط کام نہیں کِیا تھا لیکن وہ پریشان تھیں کہ وہ یہ بات اپنے منگیتر یوسف کو کیسے سمجھائیں گی اور اُن کا ردِعمل کیا ہوگا؟‏

یوسف نے مریم کو تین مہینے سے نہیں دیکھا تھا اِس لیے وہ اُن سے ملنے کو بےتاب تھے۔‏ جب اُن دونوں کی ملاقات ہوئی تو مریم نے یوسف کو اپنی صورتحال کے بارے میں بتایا۔‏ اُنہوں نے یوسف کو سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ پاک روح کے ذریعے حاملہ ہوئی ہیں۔‏ لیکن یوسف کو اِس بات پر یقین کرنا بہت مشکل لگ رہا تھا۔‏

یوسف جانتے تھے کہ مریم ایک اچھی اور نیک لڑکی ہیں اور اُنہیں مریم سے بہت پیار بھی تھا۔‏ لیکن اِس کے باوجود اُنہیں اِس بات پر یقین کرنا مشکل لگ رہا تھا کہ ایک لڑکی جنسی تعلق قائم کیے بغیر حاملہ ہو سکتی ہے۔‏ یوسف یہ نہیں چاہتے تھے کہ مریم کی بدنامی ہو یا اُنہیں سنگسار کِیا جائے۔‏ اِس لیے اُنہوں نے مریم کو چپکے سے طلاق دینے کا فیصلہ کِیا۔‏ اُس زمانے میں منگنی توڑنے کے لیے طلاق لینے کی ضرورت تھی کیونکہ منگنی کو شادی کی طرح پکا خیال کِیا جاتا تھا۔‏

اِس معاملے کے بارے میں سوچتے سوچتے یوسف کی آنکھ لگ گئی۔‏ پھر یہوواہ کا ایک فرشتہ خواب میں اُن کو دِکھائی دیا اور اُن سے کہا:‏ ”‏داؤد کے بیٹے یوسف!‏ آپ اپنی بیوی مریم کو اپنے گھر لانے سے نہ ہچکچائیں کیونکہ وہ پاک روح کے  ذریعے حاملہ ہوئی ہیں۔‏ اُن کا ایک بیٹا ہوگا جس کا نام آپ یسوع رکھنا کیونکہ وہ لوگوں کو گُناہوں سے نجات دِلائے گا۔‏“‏—‏متی 1:‏20،‏ 21‏۔‏

جب یوسف جاگے تو وہ بہت شکرگزار تھے کہ فرشتے نے سارا معاملہ واضح کر دیا۔‏ اُنہوں نے فوراً فرشتے کی ہدایت پر عمل کِیا اور مریم کو اپنے گھر لے آئے۔‏ یہ ایک رسم تھی جس سے سب کو پتہ چل گیا کہ اب وہ دونوں شادی‌شُدہ ہیں۔‏ لیکن یوسف نے تب تک مریم سے جنسی تعلق قائم نہیں کِیا جب تک مریم نے یسوع کو جنم نہیں دیا۔‏

کچھ مہینوں بعد یوسف اور مریم کو ایک سفر پر روانہ ہونا پڑا۔‏ لیکن اُس وقت مریم کے حمل کی مُدت پوری ہونے والی تھی۔‏ ایسی حالت میں اُنہیں کیوں سفر کرنا پڑا؟‏