مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

 باب 23

کفرنحوم میں یسوع مسیح کے معجزے

کفرنحوم میں یسوع مسیح کے معجزے

متی 8:‏14-‏17 مرقس 1:‏21-‏34 لُوقا 4:‏31-‏41

  • یسوع مسیح نے ایک آدمی سے بُرا فرشتہ نکال دیا

  • اُنہوں نے پطرس کی ساس کو شفا دی

یسوع مسیح نے ابھی ابھی اپنے شاگردوں پطرس،‏ اندریاس،‏ یعقوب اور یوحنا سے کہا تھا کہ وہ مستقل طور پر اُن کی پیروی کریں۔‏ پھر جب سبت کا دن آیا تو وہ پانچوں کفرنحوم میں ایک عبادت‌گاہ میں گئے جہاں یسوع مسیح نے لوگوں کو تعلیم دی۔‏ لوگ اُن کے تعلیم دینے کے انداز کو دیکھ کر حیران ہوئے کیونکہ وہ شریعت کے عالموں کی طرح نہیں بلکہ اِختیار کے ساتھ تعلیم دے رہے تھے۔‏

اُس دن عبادت‌گاہ میں ایک ایسا آدمی بھی تھا جو بُرے فرشتے کے قبضے میں تھا۔‏ یسوع مسیح کو دیکھ کر وہ چلّانے لگا:‏ ”‏یسوع ناصری!‏ ہمارا آپ سے کیا تعلق؟‏ کیا آپ ہمیں مار ڈالنے آئے ہیں؟‏ مَیں جانتا ہوں کہ آپ کون ہیں۔‏ آپ خدا کے مُقدس خادم ہیں۔‏“‏ لیکن یسوع نے اُس بُرے فرشتے کو جھڑکا اور کہا:‏ ”‏چپ ہو جاؤ اور اِس میں سے نکل آؤ۔‏“‏—‏مرقس 1:‏24،‏ 25‏۔‏

اِس پر وہ بُرا فرشتہ اُس آدمی کو زمین پر گِرا کر مروڑنے لگا اور اُونچی آواز میں چلّانے لگا۔‏ پھر وہ ”‏اُسے نقصان پہنچائے بغیر اُس میں سے نکل آیا۔‏“‏ (‏لُوقا 4:‏35‏)‏ یہ دیکھ کر لوگ بہت حیران ہوئے اور آپس میں کہنے لگے:‏ ”‏یہ کیا ہے؟‏“‏ اُنہوں نے یسوع مسیح کے بارے میں کہا:‏ ”‏یہ بڑے اِختیار کے ساتھ بُرے فرشتوں تک کو حکم دیتا ہے اور وہ اِس کا حکم مانتے ہیں۔‏“‏ (‏مرقس 1:‏27‏)‏ اِس معجزے کی خبر اُس پورے علاقے میں پھیل گئی۔‏

اِس کے بعد یسوع مسیح اپنے شاگردوں کے ساتھ شمعون پطرس کے گھر گئے۔‏ وہاں پہنچ کر اُن کو پتہ چلا کہ پطرس کی ساس کو بہت تیز بخار ہے۔‏ شاگردوں نے یسوع مسیح سے درخواست کی کہ وہ پطرس کی ساس کے لیے کچھ کریں۔‏ اِس پر یسوع اُن کے پاس گئے اور اُن کا ہاتھ پکڑ کر اُنہیں اُٹھایا۔‏ فوراً ہی اُن کا بخار اُتر گیا اور وہ اُٹھ کر یسوع مسیح اور اُن کے شاگردوں کی خدمت کرنے لگیں۔‏ شاید وہ اُن کے لیے کھانا تیار کرنے لگیں۔‏

جب سورج ڈھلنے لگا تو بہت سے لوگ پطرس کے گھر کے سامنے جمع ہو گئے۔‏ ایسے لگ رہا تھا جیسے سارا شہر دروازے پر جمع ہو گیا ہو۔‏ لوگ ”‏بہت سے بیماروں کو یسوع کے پاس لائے جو طرح طرح کی بیماریوں میں مبتلا تھے۔‏“‏ یہ لوگ چاہتے تھے کہ یسوع مسیح اِن بیماروں کو شفا دیں۔‏ لہٰذا ”‏یسوع نے اُن میں سے ہر ایک پر ہاتھ رکھا اور اُن کو ٹھیک کر دیا۔‏“‏ (‏لُوقا 4:‏40‏)‏ خواہ ایک شخص کیسی بھی بیماری میں مبتلا تھا،‏ یسوع نے اُسے شفا دی بالکل جیسے کہ پیش‌گوئی کی گئی تھی۔‏ (‏یسعیاہ 53:‏4‏)‏ یسوع مسیح نے اُن لوگوں کی بھی مدد کی جو بُرے فرشتوں کے قبضے میں تھے۔‏ اُن کے کہنے پر بُرے فرشتے اِن لوگوں میں سے نکل آئے اور چلّانے لگے کہ ”‏آپ خدا کے بیٹے ہیں۔‏“‏ (‏لُوقا 4:‏41‏)‏ لیکن یسوع مسیح نے اِن بُرے فرشتوں کو جھڑکا اور اِن کو مزید کچھ نہیں بولنے دیا۔‏ یہ فرشتے جانتے تھے کہ یسوع ہی مسیح ہیں۔‏ مگر یسوع نہیں چاہتے تھے کہ بُرے فرشتے یہ تاثر دیں کہ وہ سچے خدا کی طرف سے بول رہے ہیں۔‏