مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

 باب 36

ایک فوجی افسر کا ایمان

ایک فوجی افسر کا ایمان

متی 8:‏5-‏13 لُوقا 7:‏1-‏10

  • فوجی افسر کے غلام کی شفایابی

  • ایمان ظاہر کرنے والوں کو برکتیں ملیں گی

پہاڑی وعظ پیش کرنے کے بعد یسوع مسیح شہر کفرنحوم گئے۔‏ وہاں یہودیوں کے کچھ بزرگ اُن کے پاس آئے جنہیں ایک غیریہودی آدمی نے بھیجا تھا۔‏ یہ آدمی رومی تھا اور فوجی افسر تھا۔‏

اِس فوجی افسر کا غلام بہت بیمار تھا،‏ یہاں تک کہ مرنے والا تھا۔‏ حالانکہ یہ افسر غیریہودی تھا لیکن پھر بھی اُس نے یسوع مسیح سے مدد مانگی۔‏ یہودی بزرگوں نے یسوع مسیح کو بتایا کہ اُس کا ”‏نوکر گھر میں پڑا ہے۔‏ اُسے فالج ہے اور وہ بڑی تکلیف میں ہے۔‏“‏ (‏متی 8:‏6‏)‏ اِن بزرگوں نے یسوع سے کہا کہ ”‏وہ افسر اِس لائق ہے کہ آپ اُس کی درخواست پوری کریں کیونکہ وہ ہماری قوم سے محبت کرتا ہے اور اُس نے ہمارے لیے عبادت‌گاہ بھی بنوائی ہے۔‏“‏—‏لُوقا 7:‏4،‏ 5‏۔‏

اِس پر یسوع مسیح اُن بزرگوں کے ساتھ افسر کے گھر روانہ ہو گئے۔‏ لیکن اِس سے پہلے کہ وہ وہاں پہنچتے،‏ افسر نے اپنے کچھ دوستوں کے ہاتھ یسوع کو یہ پیغام بھیجا:‏ ”‏جناب،‏ آپ زحمت نہ کریں۔‏ میری اِتنی اوقات نہیں کہ آپ میرے گھر میں آئیں۔‏ اِسی وجہ سے تو مَیں خود آپ کے پاس نہیں آیا۔‏“‏ (‏لُوقا 7:‏6،‏ 7‏)‏ یہ افسر کتنا خاکسار تھا!‏ حالانکہ وہ دوسروں کو حکم دینے کا عادی تھا لیکن پھر بھی اُس نے بڑی خاکساری ظاہر کی۔‏ وہ باقی رومیوں سے فرق تھا جو اپنے غلاموں کے ساتھ سختی سے پیش آتے تھے۔‏—‏متی 8:‏9‏۔‏

یقیناً وہ افسر جانتا تھا کہ یہودی دوسری قوموں کے لوگوں سے میل جول نہیں رکھتے۔‏ (‏اعمال 10:‏28‏)‏ شاید اِس لیے اُس نے یسوع مسیح کو یہ پیغام بھجوایا کہ ”‏آپ بس حکم کر دیں تو میرا خادم ٹھیک ہو جائے گا۔‏“‏—‏لُوقا 7:‏7‏۔‏

یہ سُن کر یسوع مسیح بہت حیران ہوئے اور اُنہوں نے اپنے ساتھ کھڑے لوگوں سے کہا:‏ ”‏مَیں آپ سے کہتا ہوں کہ مَیں نے اِسرائیل میں بھی کسی کا اِتنا مضبوط ایمان نہیں دیکھا۔‏“‏ (‏لُوقا 7:‏9‏)‏ جب افسر کے دوست اُس کے گھر واپس گئے تو اُنہوں نے دیکھا کہ افسر کا غلام تندرست ہو چُکا ہے۔‏

یہ معجزہ کرنے کے بعد یسوع مسیح نے موقعے کا فائدہ اُٹھایا اور وہاں موجود لوگوں کو سمجھایا کہ اُن غیریہودیوں کو بھی برکتیں ملیں گی جو ایمان ظاہر کرتے ہیں۔‏ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏مَیں آپ سے کہتا ہوں کہ بہت سے لوگ مشرق اور مغرب سے آئیں گے اور آسمان کی بادشاہت میں ابراہام،‏ اِضحاق اور یعقوب کے ساتھ میز پر بیٹھیں گے۔‏“‏ پھر یسوع مسیح نے بتایا کہ اُن یہودیوں کے ساتھ کیا ہوگا جو ایمان سے خالی ہیں۔‏ اُنہوں نے کہا کہ اُنہیں ”‏باہر تاریکی میں پھینکا جائے گا جہاں وہ روئیں گے اور دانت پیسیں گے۔‏“‏—‏متی 8:‏11،‏ 12‏۔‏

سب سے پہلے یہودیوں کو یسوع مسیح کے ساتھ بادشاہت کرنے کا موقع دیا گیا۔‏ لیکن جن یہودیوں نے اِس موقعے کو ٹھکرا دیا،‏ خدا نے اُنہیں رد کر دیا اور اُن کی جگہ غیریہودیوں کو ”‏آسمان کی بادشاہت“‏ میں یسوع کے ساتھ میز پر بیٹھنے کا موقع دیا۔‏