مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

 باب 15

یسوع مسیح کا پہلا معجزہ

یسوع مسیح کا پہلا معجزہ

یوحنا 2:‏1-‏12

  • قانا میں ایک شادی

  • یسوع مسیح نے پانی کو مے بنا دیا

دو دن پہلے نتن‌ایل،‏ یسوع مسیح کے شاگرد بن گئے تھے۔‏ اِس کے بعد یسوع مسیح اور اُن کے شاگرد گلیل کے لیے روانہ ہوئے جو اُن سب کا آبائی علاقہ تھا۔‏ وہ قانا نامی قصبے کو جا رہے تھے جہاں اُنہیں ایک شادی پر بلایا گیا تھا۔‏ نتن‌ایل اِسی قصبے سے تعلق رکھتے تھے۔‏ قانا یسوع مسیح کے شہر ناصرت کے شمال میں ایک پہاڑی علاقے میں واقع تھا۔‏

یسوع مسیح کی ماں مریم بھی اُس شادی پر آئی ہوئی تھیں۔‏ مریم کی اُس گھرانے سے اچھی جان پہچان تھی جہاں شادی ہو رہی تھی اِس لیے اُنہوں نے مہمانوں کی میزبانی کرنے میں اُن لوگوں کا ہاتھ بٹایا۔‏ جب مریم نے دیکھا کہ مے ختم ہونے والی ہے تو اُنہوں نے یسوع مسیح سے کہا:‏ ”‏اُن کے پاس مے نہیں ہے۔‏“‏—‏یوحنا 2:‏3‏۔‏

اصل میں مریم اپنے بیٹے سے کہہ رہی تھیں کہ وہ اِس مسئلے کو حل کریں۔‏ لیکن یسوع مسیح خدا کے مقررہ بادشاہ تھے اِس لیے مریم کے پاس یہ اِختیار نہیں تھا کہ وہ یسوع کو بتائیں کہ اُنہیں کیا کرنا چاہیے۔‏ یہ اِختیار صرف خدا کے پاس تھا۔‏ یسوع مسیح نے اپنی ماں کو یہ بات یاد دِلانے کے لیے اُن سے کہا:‏ ”‏بی‌بی،‏ اِس سے ہمارا کیا لینا دینا؟‏“‏ (‏یوحنا 2:‏4‏)‏ مریم نے معاملے کو اپنے بیٹے پر چھوڑ دیا اور وہاں موجود خادموں سے کہا:‏ ”‏جو بھی وہ تمہیں کہیں،‏ وہ کرو۔‏“‏—‏یوحنا 2:‏5‏۔‏

وہاں پتھر کے چھ مٹکے پڑے تھے اور ہر مٹکے میں تقریباً 40 لیٹر پانی کی گنجائش تھی۔‏ یسوع مسیح نے خادموں سے کہا:‏ ”‏مٹکوں کو پانی سے بھر دیں۔‏“‏ جب خادموں نے مٹکوں کو بھر دیا تو یسوع مسیح نے اُن سے کہا:‏ ”‏اب اِن میں سے تھوڑا سا نکال کر اُس شخص کے پاس لے جائیں جس کے ہاتھ میں دعوت کا اِنتظام ہے۔‏“‏—‏یوحنا 2:‏7،‏ 8‏۔‏

دراصل یہ پانی بہت ہی اچھی مے بن گیا تھا۔‏ جب دعوت کے منتظم نے اِسے چکھا تو وہ حیران ہو گیا کیونکہ اُس کو معلوم نہیں تھا کہ یہ مے معجزے کے ذریعے مہیا کی گئی تھی۔‏ اِس لیے اُس نے دُلہے کو بلایا اور اُس سے کہا:‏ ”‏ہر میزبان پہلے اچھی مے پیش کرتا ہے۔‏ پھر جب مہمانوں کو نشہ چڑھ جاتا ہے تو وہ ایسی مے پیش کرتا ہے جو زیادہ اچھی نہیں ہوتی۔‏ لیکن آپ نے اچھی مے ابھی تک بچا کر رکھی ہے۔‏“‏—‏یوحنا 2:‏10‏۔‏

یہ یسوع مسیح کا پہلا معجزہ تھا۔‏ جب شاگردوں نے اِس معجزے کو دیکھا تو یسوع پر اُن کا ایمان اَور بھی پکا ہو گیا۔‏ اِس کے بعد یسوع مسیح اپنی ماں اور بھائیوں کے ساتھ شہر کفرنحوم کے لیے روانہ ہو گئے جو گلیل کی جھیل کے شمالی کنارے پر واقع تھا۔‏