مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

والدین کے لئے کچھ ہدایات

والدین کے لئے کچھ ہدایات

بچے کی پیدائش والدین کے لئے بڑی خوشی کا موقع ہوتا ہے۔‏ بچے کو وجود میں لانے میں ماں اور باپ دونوں کا برابر کا حصہ ہوتا ہے۔‏ اُن کے ملاپ سے ماں کے رَحم میں ایک چھوٹا سا بچہ وجود میں آتا ہے اور پرورش پاتا ہے۔‏ انسان آج تک پوری طرح سے یہ نہیں سمجھ پائے کہ یہ کیسے ہوتا ہے۔‏ اِس لئے بہت سے لوگوں کے خیال میں بچے کی پیدائش کسی معجزے سے کم نہیں ہوتی۔‏

بچے کی پیدائش کے بعد ماں‌باپ کی ذمہ‌داریاں بڑھ جاتی ہیں۔‏ شروع میں تو والدین اپنے بچے کی جسمانی ضروریات پوری کرنے پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔‏ لیکن جیسےجیسے بچہ بڑا ہوتا ہے،‏ والدین کو یہ بھی چاہئے کہ وہ بچے کو خدا کی مرضی کے بارے میں سکھائیں اور اُسے تعلیم دلوائیں۔‏ اِس کے ساتھ‌ساتھ اُنہیں اپنے بچے کو اچھے اور بُرے میں تمیز کرنا،‏ دوسروں کا ادب کرنا اور جذبات پر قابو رکھنا بھی سکھانا چاہئے۔‏

جیسے پودے کی نشوونما کے لئے پانی ضروری ہوتا ہے اِسی طرح بچوں کی اچھی پرورش کے لئے والدین کی محبت ضروری ہوتی ہے۔‏ والدین کو چاہئے کہ وہ اپنی باتوں اور کاموں سے اپنے بچے کے لئے پیار ظاہر کریں۔‏ مثال کے طور پر وہ اپنے بچے کو گود میں لے سکتے ہیں،‏ اُسے چُوم سکتے ہیں،‏ اُسے گلے لگا سکتے ہیں اور اُسے بتا سکتے ہیں کہ وہ اُس سے پیار کرتے ہیں۔‏ اِس کے علاوہ والدین کو اپنے بچے کے لئے اچھی مثال بھی قائم کرنی چاہئے۔‏ اُنہیں اپنے بچوں کو چھوٹی عمر ہی سے ایسے اصول سکھانے چاہئیں جو زندگی بھر اُن کے کام آئیں گے۔‏ اگر والدین ایسا نہیں کرتے تو اکثر اُنہیں مستقبل میں بہت سے دُکھ اُٹھانے پڑتے ہیں۔‏

جو اصول خدا کے کلام بائبل میں پائے جاتے ہیں،‏ وہ بہترین ہیں۔‏ جب بچوں کو بائبل سے تعلیم دی جاتی ہے تو اِس کے بڑے فائدے ہوتے ہیں۔‏ بچے یہ سمجھ جاتے ہیں کہ بائبل میں پائی جانے والی ہدایات کسی انسان کی طرف سے نہیں بلکہ اُن کے آسمانی باپ کی طرف سے ہیں۔‏ یوں اُن کو احساس ہوتا ہے کہ اِن ہدایات پر عمل کرنا کتنا اہم ہے۔‏

خدا والدین کی حوصلہ‌افزائی کرتا ہے کہ وہ بائبل میں پائے جانے والے اصولوں کو اپنے بچوں کے دل پر نقش کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔‏ البتہ جوں‌جوں بچے بڑے ہوتے ہیں،‏ والدین کو اُن کے ساتھ کئی اہم معاملوں کے بارے میں بات کرنا مشکل لگتا ہے۔‏ اِس کتاب کو اِسی لئے شائع کِیا گیا ہے کہ والدین اور بچے آپس میں ہر طرح کے معاملے پر بات کرنا سیکھیں۔‏ اِس کتاب میں جو مذہبی تعلیمات اور اخلاقی اصول دئے گئے ہیں،‏ اِن کو نہ صرف بچوں کے ساتھ مل کر پڑھیں بلکہ اِن پر بات‌چیت  بھی کریں۔‏ جب آپ یہ کتاب کسی بچی کے ساتھ پڑھتے ہیں تو جملوں کو مؤنث شکل میں ڈھالیں۔‏ مثال کے طور پر صفحہ ۱۲ کے پہلے پیراگراف کا پہلا جملہ یہ ہے:‏ ”‏کیا آپ جانتے ہیں کہ یسوع مسیح بچوں کی باتیں کیوں سنتے تھے اور اُنہیں کیوں سکھاتے تھے؟‏“‏ اِس جملے کو آپ اِس طرح ڈھال سکتے ہیں:‏ ”‏کیا آپ جانتی ہیں کہ یسوع مسیح بچوں کی باتیں کیوں سنتے تھے اور اُنہیں کیوں سکھاتے تھے؟‏“‏

اِس کتاب کو پڑھتے وقت آپ دیکھیں گے کہ اِس میں بہت سے سوال ہیں اور اکثر سوالوں کے بعد .‏.‏.‏.‏.‏.‏ کا نشان ہے۔‏ یہ نشان اِس لئے دیا گیا ہے تاکہ آپ پڑھتے وقت رُکیں اور بچے کو سوال کا جواب دینے کا موقع دیں۔‏ اِس طرح وہ شوق سے آپ کے ساتھ مل کر یہ کتاب پڑھے گا۔‏ لیکن اگر آپ بچے کو اپنی رائے پیش کرنے کا موقع نہیں دیں گے تو اُس کا دھیان بٹ جائے گا۔‏

اِس کتاب میں دئے گئے سوالوں کے ذریعے آپ اِس بات کا اندازہ لگا سکیں گے کہ آپ کے بچے کے دل میں کیا ہے۔‏ ہو سکتا ہے کہ آپ کا بچہ سوال کا صحیح جواب نہ دے۔‏ لیکن سوال کے بعد جو باتیں بتائی گئی ہیں،‏ اِن سے وہ خدا کی سوچ سے واقف ہو جائے گا اور اِس کو اپنا سکے گا۔‏

اِس کتاب کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اِس میں ۲۳۰ سے زیادہ تصویریں ہیں۔‏ بچے کے دل پر بائبل کی تعلیمات نقش کرنے میں یہ تصویریں بہت فائدہ‌مند ثابت ہوں گی۔‏ تقریباً ہر تصویر کے ساتھ ایک سوال دیا گیا ہے۔‏ بچہ اِس سوال کا جواب اُن باتوں کی بِنا پر دے سکتا ہے جو اُس نے باب میں پڑھی ہیں اور تصویر میں دیکھی ہیں۔‏ اِس لئے بچے کے ساتھ تصویروں کو ضرور دیکھیں اور اِن پر بات کریں۔‏

جب بچہ پڑھنا سیکھ لیتا ہے تو اُس سے کہیں کہ وہ اِس کتاب سے آپ کو پڑھ کر سنائے۔‏ اِس کے علاوہ اُس کی حوصلہ‌افزائی کریں کہ وہ اکیلے میں بھی اِسے پڑھے۔‏ اگر بچہ اِس کتاب کو باربار پڑھے گا تو اِس میں بتائی گئی ہدایات اُس کے دل‌ودماغ پر نقش ہو جائیں گی۔‏ اِس لئے یہ بہت اہم ہے کہ آپ بچے کے ساتھ مل کر اِس کتاب کو پڑھنے کا معمول قائم کریں۔‏ یوں آپ کے درمیان محبت کا بندھن بھی مضبوط ہو جائے گا۔‏

آج‌کل ٹی‌وی،‏ ویڈیو گیمز،‏ انٹرنیٹ وغیرہ کے ذریعے بےحیائی،‏ فحاشی،‏ جادوٹونا اور طرح‌طرح کی بُرائیاں عام ہو گئی ہیں۔‏ اِن باتوں کا بچوں کے ننھے دلوں پر بھی اثر پڑتا ہے۔‏ اِس کتاب میں اِن بُرائیوں کا مہذب انداز میں لیکن کُھل کر ذکر کِیا گیا ہے تاکہ بچے اِن سے بچ سکیں۔‏ اِس کے علاوہ اِس کتاب میں بچوں کی توجہ یہوواہ خدا کی سوچ پر دلائی جاتی ہے کیونکہ وہ ہی لامحدود حکمت کا مالک ہے۔‏ عظیم اُستاد یسوع مسیح نے بھی ہمیشہ لوگوں کی توجہ یہوواہ خدا کی باتوں کی طرف دلائی۔‏ ہمیں اُمید ہے کہ اِس کتاب کے ذریعے آپ اور آپ کے گھروالے یہوواہ خدا کی مرضی کے مطابق چلنے کے قابل ہوں گے اور اُس سے بہت سی برکتیں پائیں گے۔‏