مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

 سبق 18

خدا کیساتھ ہمیشہ دوستی رکھیں!‏

خدا کیساتھ ہمیشہ دوستی رکھیں!‏

دوست بنانے کیلئے کوشش کرنی پڑتی ہے؛‏ دوستی قائم رکھنے کیلئے بھی کوشش درکار ہے۔‏ خدا کا دوست بننے اور اس کیساتھ دوستی کو قائم رکھنے کیلئے آپ کی کوششیں بااجر ثابت ہوں گی۔‏ یسوع نے اپنے اوپر ایمان لانے والے لوگوں سے کہا تھا:‏ ”‏سچائی تم کو آزاد کرے گی۔‏“‏ (‏یوحنا 8:‏32‏)‏ اس کا کیا مطلب ہے؟‏

آپ اب بھی آزادی سے لطف‌اندوز ہو سکتے ہیں۔‏ آپ جھوٹی تعلیمات اور شیطان کے پھیلائے ہوئے جھوٹ سے آزاد ہو سکتے ہیں۔‏ آپ اُن لاکھوں لوگوں کی زندگیوں پر چھائی ہوئی مایوسی سے بھی چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں جو یہوواہ کو نہیں جانتے۔‏ (‏رومیوں 8:‏22‏)‏ خدا کے دوست تو ”‏موت کے ڈر“‏ سے بھی آزاد ہیں۔‏—‏عبرانیوں 2:‏14،‏ 15‏۔‏

آپ خدا کی نئی دُنیا میں آزادی سے لطف‌اندوز ہو سکیں گے۔‏ آپ مستقبل میں کیا ہی شاندار آزادی سے لطف اُٹھا سکیں گے!‏ فردوسی زمین پر جنگ،‏ بیماری اور جُرم سے بھی آزادی حاصل ہوگی۔‏ بھوک‌وافلاس سے آزادی۔‏ بڑھاپے اور موت سے آزادی۔‏ ڈر،‏ ظلم اور ناانصافی سے آزادی۔‏ بائبل خدا کی بابت بیان کرتی ہے:‏ ”‏تُو اپنی مٹھی کھولتا ہے اور ہر جاندار کی خواہش پوری کرتا ہے۔‏“‏—‏زبور 145:‏16‏۔‏

 خدا کے دوست ابد تک زندہ رہیں گے۔‏ ہمیشہ کی زندگی ایک ایسی بیش‌قیمت بخشش ہے جو خدا اُن تمام لوگوں کو عطا کریگا جو اُس سے دوستی کے خواہاں ہیں۔‏ (‏رومیوں 6:‏23‏)‏ ذرا سوچیں کہ کبھی نہ ختم ہونے والی زندگی کا آپ کیلئے کیا مطلب ہوگا!‏

آپ کے پاس بہت سے کام کرنے کے لئے وقت ہوگا۔‏ شاید آپ کوئی ساز بجانا سیکھنا چاہیں۔‏ یا شاید آپ تصاویر بنانا یا پھر بڑھئی کا کام سیکھنا چاہیں۔‏ شاید آپ جانوروں یا پودوں کی بابت سیکھنا پسند کریں۔‏ یا ممکن ہے آپ سیاحت کرنا اور مختلف ملکوں کی سیر کرنا اور لوگوں کو دیکھنا چاہتے ہیں۔‏ ہمیشہ کی زندگی اِن تمام کاموں کو ممکن بنائیگی!‏

آپ کے پاس بہت سے دوست بنانے کیلئے بھی وقت ہوگا۔‏ ابد تک زندہ رہنے سے آپ کے لئے بہت سے ایسے لوگوں کو جاننا ممکن ہوگا جو خدا کے دوست بن گئے ہیں۔‏ آپ اُن کی مہارتوں اور عمدہ خوبیوں سے واقف ہوں گے اور وہ بھی آپ کے دوست بن جائینگے۔‏ آپ اُن سے محبت کرینگے اور وہ آپ سے محبت کرینگے۔‏ (‏1-‏کرنتھیوں 13:‏8‏)‏ کبھی ختم نہ ہونے والی زندگی آپ کو یہ موقع دے گی کہ زمین پر موجود تمام لوگوں کے دوست بن جائیں!‏ سب سے بڑھ کر،‏ وقت گزرنے کیساتھ ساتھ یہوواہ کیساتھ آپ کی دوستی اَور زیادہ مضبوط ہوتی جائے گی۔‏ دُعا ہے کہ خدا کے ساتھ آپ کی دوستی ہمیشہ قائم رہے!‏