مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

 باب 8

ہم اجلاسوں پر اچھے کپڑے کیوں پہنتے ہیں؟‏

ہم اجلاسوں پر اچھے کپڑے کیوں پہنتے ہیں؟‏

آئس‌لینڈ

میکسیکو

گنی‌بساؤ

فلپائن

آپ نے اِس کتاب کی تصویروں میں دیکھا ہوگا کہ یہوواہ کے گواہ اجلاسوں پر اچھے اور صاف‌ستھرے کپڑے پہنتے ہیں۔‏ ہم اپنے بناؤسنگھار اور لباس پر اِتنی توجہ کیوں دیتے ہیں؟‏

ہم خدا کا احترام کرنا چاہتے ہیں۔‏ یہ سچ ہے کہ خدا ہمارے کپڑوں کی بجائے اِس بات پر زیادہ توجہ دیتا ہے کہ ہمارے دل میں کیا ہے۔‏ (‏1-‏سموئیل 16:‏7‏)‏ لیکن جب ہم عبادت کے لئے جمع ہوتے ہیں تو ہم خدا کا اور اپنے بہن‌بھائیوں کا احترام کرنا چاہتے ہیں۔‏ فرض کریں کہ آپ کو کسی بادشاہ یا صدر کے سامنے حاضر ہونا ہے۔‏ یقیناً آپ اُس کے مرتبے کا احترام کرتے ہوئے اچھے کپڑے پہن کر جائیں گے۔‏ اِسی طرح جب ہم اجلاسوں پر ”‏قوموں کے بادشاہ“‏ یہوواہ کے حضور حاضر ہوتے ہیں تو ہم اپنے بناؤسنگھار اور لباس سے ظاہر کرتے ہیں کہ ہم اُس کا اور اُس کی عبادت‌گاہ کا احترام کرتے ہیں۔‏—‏یرمیاہ 10:‏7‏۔‏

ہم ظاہر کرنا چاہتے ہیں کہ ہم خدا کے معیاروں پر چلتے ہیں۔‏ خدا کے کلام میں یہ اصول دیا گیا ہے کہ مسیحیوں کو ”‏حیاداری اور سمجھ‌داری سے خود کو“‏ سنوارنا چاہئے۔‏ (‏1-‏تیمتھیس 2:‏9،‏ 10‏)‏ اِس لئے ہم ایسے کپڑے نہیں پہنتے جن سے جسم کی نمائش ہو،‏ جو اُوٹ‌پٹانگ ہوں یا جن سے دوسروں کو لگے کہ ہم شو مار رہے ہیں۔‏ لیکن اِس اصول پر عمل کرتے ہوئے ہم طرح‌طرح کے دلکش لباس پہن سکتے ہیں اور اپنی پسند کے مطابق بناؤسنگھار بھی کر سکتے ہیں۔‏ یوں ہمارے لباس اور بناؤسنگھار سے ”‏خدا کی تعلیم کی خوب‌صورتی“‏ ظاہر ہوتی ہے اور ہم بغیر کچھ کہے ہی ”‏خدا کی بڑائی“‏ کرتے ہیں۔‏ (‏ططس 2:‏10؛‏ 1-‏پطرس 2:‏12‏)‏ لہٰذا اگر ہم اجلاسوں پر اچھے کپڑے پہنتے ہیں تو دوسرے لوگ یہوواہ خدا کی عبادت کی طرف مائل ہو سکتے ہیں۔‏

لیکن یہ نہ سوچیں کہ اجلاسوں پر جانے کے لئے آپ کو مہنگے یا خاص قسم کے کپڑے چاہئیں۔‏ اگر ہمارے کپڑے صاف‌ستھرے اور حیادار ہیں تو وہ اجلاسوں کے لئے بالکل مناسب ہیں۔‏

  • جب ہم خدا کی عبادت کرنے جاتے ہیں تو ہمیں اپنے لباس اور بناؤسنگھار پر کیوں توجہ دینی چاہئے؟‏

  • ہم لباس اور بناؤسنگھار کے سلسلے میں پاک کلام کے کن اصولوں پر عمل کرتے ہیں؟‏