مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

 سبق 13

مذہب کے سلسلے میں خوشخبری کیا ہے؟‏

مذہب کے سلسلے میں خوشخبری کیا ہے؟‏

1.‏ کیا سب مذاہب اچھے ہیں؟‏

یقیناً ہر مذہب میں ایسے لوگ ہیں جو سچائی سے محبت رکھتے ہیں۔‏ خوشخبری یہ ہے کہ خدا اُن لوگوں پر توجہ دیتا ہے اور اُسے اُن کی فکر ہے۔‏ لیکن افسوس کی بات ہے کہ مذہب کے نام پر بہت سی بُرائیاں کی جاتی ہیں۔‏ (‏2-‏کرنتھیوں 4:‏3،‏ 4؛‏ 11:‏13-‏15‏)‏ خبروں کے مطابق کچھ مذاہب دہشت‌گردی،‏ نسل‌کُشی،‏ جنگوں اور بچوں کے ساتھ بدسلوکی میں ملوث ہیں۔‏ سچائی سے محبت رکھنے والے لوگ ایسی خبروں کو سُن کر بہت ہی افسردہ ہو جاتے ہیں۔‏ متی 24:‏3-‏5،‏ 11،‏ 12 کو پڑھیں۔‏

سچا مذہب خدا کی بڑائی کرتا ہے لیکن جھوٹے مذاہب خدا کو ناراض کرتے ہیں۔‏ وہ ایسی باتوں کی تعلیم دیتے ہیں جو بائبل میں نہیں ہیں۔‏ مثال کے طور پر وہ خدا کے بارے میں جھوٹی باتیں سکھاتے ہیں اور یہ تعلیم دیتے ہیں کہ موت کے بعد انسان کی روح زندہ رہتی ہے۔‏ لیکن یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ لوگ سچائی کو پہچانیں۔‏ واعظ 9:‏5؛‏ 1-‏تیمتھیس 2:‏3-‏5 کو پڑھیں۔‏

2.‏ مذہب کے سلسلے میں خوشخبری کیا ہے؟‏

بہت سے مذاہب خدا سے محبت رکھنے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن اصل میں وہ شیطان کی دُنیا سے محبت رکھتے ہیں۔‏ مگر وہ خدا کو دھوکا نہیں دے سکتے۔‏ (‏یعقوب 4:‏4‏)‏ خدا کے کلام میں جھوٹے مذاہب کو ”‏بابلِ‌عظیم“‏ کہا گیا ہے کیونکہ قدیم شہر بابل سے جھوٹے مذاہب کا آغاز ہوا۔‏ خوشخبری یہ ہے کہ جلد ہی خدا اُن سب مذاہب کو ختم کر دے گا جو ظلم کرتے ہیں اور لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں۔‏ مکاشفہ 17:‏1،‏ 2،‏ 5،‏ 16،‏ 17؛‏ 18:‏8 کو پڑھیں۔‏

ایک اَور خوشخبری یہ ہے کہ یہوواہ خدا اُن سب لوگوں کو نہیں بھولا جو سچائی سے محبت رکھتے ہیں۔‏ وہ اُنہیں سچائی کی تعلیم دیتا ہے اور یوں اُنہیں جھوٹے مذاہب سے نکال کر سچے مذہب میں لے آتا ہے۔‏ میکاہ 4:‏2،‏ 5 کو پڑھیں۔‏

 3.‏ سچائی سے محبت رکھنے والے لوگوں کو کیا کرنا چاہئے؟‏

سچا مذہب لوگوں میں اتحاد بڑھاتا ہے۔‏

یہوواہ خدا اُن لوگوں کی فکر رکھتا ہے جو سچائی جاننا چاہتے ہیں اور اچھے کام کرنا چاہتے ہیں۔‏ وہ اُن کو تاکید کرتا ہے کہ اُنہیں جھوٹے مذاہب سے نکلنا چاہئے۔‏ جو لوگ خدا سے محبت رکھتے ہیں،‏ وہ اُس کو خوش کرنے کے لئے اپنی زندگی میں تبدیلیاں کرنے کو تیار ہوتے ہیں۔‏ مکاشفہ 18:‏4 کو پڑھیں۔‏

پہلی صدی عیسوی میں بھی ایسے لوگ تھے جو سچائی سے محبت رکھتے تھے۔‏ جب اُنہوں نے یسوع مسیح کے شاگردوں سے خوشخبری سنی تو اُنہوں نے اِسے خوشی‌خوشی قبول کِیا۔‏ وہ اپنی پُرانی روِش کو چھوڑ کر یہوواہ خدا کی مرضی پر چلنے لگے۔‏ یوں اُنہیں حقیقی خوشی اور اُمید ملی اور اُن کی زندگی بامقصد ہو گئی۔‏ اُنہوں نے ہمارے لئے ایک اچھی مثال قائم کی کیونکہ خوشخبری کو سُن کر اُنہوں نے اپنی زندگی یہوواہ خدا کے لئے وقف کر دی۔‏ 1-‏تھسلنیکیوں 1:‏8،‏ 9؛‏ 2:‏13 کو پڑھیں۔‏

یہوواہ خدا کے خادم ایک بڑے خاندان کی طرح ہیں۔‏ جو لوگ جھوٹے مذاہب کو چھوڑ دیتے ہیں،‏ خدا اُنہیں اِس خاندان میں قبول کرتا ہے۔‏ اگر آپ اپنی زندگی یہوواہ خدا کے لئے وقف کریں گے تو آپ کو اُس کی دوستی حاصل ہوگی،‏ اُس کے خادم آپ کے بہن‌بھائی بن جائیں گے اور خدا آپ کو ہمیشہ کی زندگی دے گا۔‏ مرقس 10:‏29،‏ 30؛‏ 2-‏کرنتھیوں 6:‏17،‏ 18 کو پڑھیں۔‏

4.‏ خدا اپنے خادموں کو خوشی کیسے بخشے گا؟‏

وہ وقت آنے والا ہے جب جھوٹے مذاہب لوگوں پر ظلم نہیں ڈھائیں گے،‏ اُن کو گمراہ نہیں کریں گے اور اُن میں پھوٹ نہیں ڈالیں گے کیونکہ خدا جھوٹے مذاہب کو ختم کر دے گا۔‏ واقعی،‏ یہ بہت بڑی خوشخبری ہے!‏ اُس وقت زمین پر رہنے والے سب لوگ سچے خدا یہوواہ کی عبادت کریں گے۔‏ مکاشفہ 18:‏20،‏ 21؛‏ 21:‏3،‏ 4 کو پڑھیں۔‏