مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

 باب ۲۵

ایمان،‏ پاکیزگی اور محبت کے سلسلے میں ہدایات

ایمان،‏ پاکیزگی اور محبت کے سلسلے میں ہدایات

خلاصہ:‏ یعقوب،‏ پطرس،‏ یوحنا اور یہوداہ نے اپنے مسیحی بہن‌بھائیوں کی حوصلہ‌افزائی کے لئے خط لکھے۔‏

یعقوب اور یہوداہ یسوع مسیح کے بھائی تھے۔‏ پطرس اور یوحنا،‏ یسوع مسیح کے ۱۲ رسولوں میں سے تھے۔‏ اِن چار آدمیوں نے خدا کے الہام سے سات خط لکھے جو بائبل کے یونانی صحیفوں میں پائے جاتے ہیں۔‏ ہر خط کو اُس کے لکھنے والے کا نام دیا گیا ہے۔‏ یہ خطوط اِس لئے لکھے گئے تاکہ مسیحیوں کو یہوواہ خدا اور اُس کی بادشاہت کے وفادار رہنے میں مدد ملے۔‏

ایمان ظاہر کریں۔‏ یہ کہنا کافی نہیں کہ ”‏مَیں ایمان رکھتا ہوں“‏ بلکہ ہمیں ایمان کو اعمال سے بھی ظاہر کرنا چاہئے۔‏ یعقوب نے کہا کہ ”‏ایمان .‏ .‏ .‏ بغیر اعمال کے مُردہ ہے۔‏“‏ (‏یعقوب ۲:‏۲۶‏)‏ جب ہم آزمائشوں کا سامنا کرتے وقت اپنے ایمان پر قائم رہتے ہیں تو ہم میں صبر پیدا ہوتا ہے۔‏ مشکل صورتحال میں ایک مسیحی کو خدا سے حکمت کی درخواست کرنی چاہئے۔‏ اُسے پکا ایمان رکھنا چاہئے کہ خدا اُس کی درخواست پوری کرے گا۔‏ جو شخص آزمائشوں کو صبر سے برداشت کرتا ہے اُسے خدا کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے۔‏ (‏یعقوب ۱:‏۲-‏۶،‏ ۱۲‏)‏ جب خدا کا ایک خادم اُس کا وفادار رہتا ہے تو یہوواہ خدا کا کیا ردِعمل ہوتا ہے؟‏ یعقوب نے لکھا:‏ ”‏خدا کے نزدیک جاؤ تو وہ تمہارے نزدیک آئے گا۔‏“‏—‏یعقوب ۴:‏۸‏۔‏

ایک مسیحی کا ایمان اتنا مضبوط ہونا چاہئے کہ وہ ہر طرح کی آزمائش کا مقابلہ کر سکے۔‏ یہوداہ کے زمانے میں لوگ بہت بدکار تھے۔‏ اِس لئے اُس نے اپنے مسیحی بہن‌بھائیوں کو تاکید کی کہ وہ ”‏اِیمان کے واسطے جانفشانی“‏ یعنی جدوجہد کریں۔‏—‏یہوداہ ۳‏۔‏

اپنا چال‌چلن پاک رکھیں۔‏ یہوواہ خدا اپنے خادموں سے یہ توقع رکھتا ہے کہ وہ ہر لحاظ سے پاک رہیں۔‏ پطرس رسول نے لکھا:‏ ”‏تُم بھی اپنے سارے چال‌چلن میں پاک بنو۔‏ کیونکہ لکھا ہے کہ پاک ہو اِس لئے کہ مَیں [‏یہوواہ]‏ پاک ہوں۔‏“‏ (‏۱-‏پطرس ۱:‏۱۵،‏ ۱۶‏)‏ اپنے چال‌چلن کو پاک رکھنے کے سلسلے میں یسوع مسیح نے عمدہ مثال قائم کی۔‏ پطرس رسول نے لکھا:‏ ”‏مسیح .‏ .‏ .‏ تمہارے واسطے دُکھ اُٹھا کر تمہیں ایک نمونہ دے گیا ہے تاکہ اُس کے نقشِ‌قدم پر چلو۔‏“‏ (‏۱-‏پطرس ۲:‏۲۱‏)‏ مسیحی اُس وقت بھی اپنا چال‌چلن نیک رکھتے ہیں جب اُنہیں خدا کے معیاروں کے مطابق زندگی گزارنے کی وجہ سے ستایا جاتا ہے۔‏ (‏۱-‏پطرس ۳:‏۱۶،‏ ۱۷‏)‏ پطرس رسول نے مسیحیوں کو خدا کی مرضی کے مطابق زندگی گزار نے کی تاکید کی کیونکہ خدا کی عدالت کا دن نزدیک ہے۔‏ اِس کے بعد خدا زمین پر ایک نیا دَور لائے گا جس میں ”‏راستبازی بسی رہے گی۔‏“‏—‏۲-‏پطرس ۳:‏۱۱-‏۱۳‏۔‏

‏”‏خدا کے نزدیک جاؤ تو وہ تمہارے نزدیک آئے گا۔‏“‏—‏یعقوب ۴:‏۸‏۔‏

محبت ظاہر کریں۔‏ یوحنا رسول نے لکھا کہ ”‏خدا محبت ہے۔‏“‏ خدا کی محبت اِس سے ظاہر ہوئی کہ اُس نے یسوع مسیح کو ”‏ہمارے گُناہوں کے کفارہ کے لئے“‏ بھیجا۔‏ ہم خدا کی محبت کے لئے شکرگزاری کیسے ظاہر کر سکتے ہیں؟‏ یوحنا رسول نے کہا:‏ ”‏اَے عزیزو!‏ جب خدا نے ہم سے ایسی محبت کی تو ہم پر بھی ایک دوسرے سے محبت رکھنا فرض ہے۔‏“‏ (‏۱-‏یوحنا ۴:‏۸-‏۱۱‏)‏ اپنے مسیحی بہن‌بھائیوں کے لئے محبت ظاہر کرنے کا ایک طریقے یہ ہے کہ ہم اُن کی مہمان‌نوازی کریں۔‏—‏۳-‏یوحنا ۵-‏۸‏۔‏

یہوواہ خدا کے خادم اُس کے لئے اپنی محبت کیسے ظاہر کر سکتے ہیں؟‏ یوحنا رسول نے لکھا:‏ ”‏خدا کی محبت یہ ہے کہ ہم اُس کے حکموں پر عمل کریں اور اُس کے حکم سخت نہیں۔‏“‏ (‏۱-‏یوحنا ۵:‏۳؛‏ ۲-‏یوحنا ۶‏)‏ یہوواہ خدا کا وعدہ ہے کہ جو لوگ اُس کے حکموں پر عمل کریں گے،‏ وہ ”‏ہمیشہ کی زندگی“‏ پائیں گے۔‏—‏یہوداہ ۲۱‏۔‏

​—‏اِن باتوں کا ذکر یعقوب،‏ پہلے اور دوسرے پطرس،‏ پہلے،‏ دوسرے اور تیسرے یوحنا اور یہوداہ نامی خطوط میں ہوا ہے۔‏