مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

 باب ۵

ابرہام اور اُس کے خاندان پر خدا کی برکت

ابرہام اور اُس کے خاندان پر خدا کی برکت

خلاصہ:‏ ابرہام کی نسل بڑھتی گئی۔‏ خدا نے مصر میں یوسف کی حفاظت کی۔‏

یہوواہ خدا جانتا تھا کہ ایک ایسا شخص جو اُسے بہت ہی عزیز تھا،‏ ایک دن اذیت اُٹھائے گا اور اُسے مار ڈالا جائے گا۔‏ اِس بات کی پیشینگوئی پیدایش ۳:‏۱۵ میں کی گئی تھی۔‏ خدا انسانوں پر یہ ظاہر کرنا چاہتا تھا کہ اُس شخص کی موت اُس کے لئے بہت ہی اذیت‌ناک ہوگی۔‏ اس لئے اُس نے ابرہام کو حکم دیا کہ وہ اپنے پیارے بیٹے اضحاق کو قربان کر دے۔‏

ابرہام بڑے مضبوط ایمان کا مالک تھا۔‏ خدا نے اُس سے وعدہ کِیا تھا کہ انسانوں کو نجات دلانے والا شخص (‏یعنی ”‏نسل“‏)‏ اُس کے بیٹے اضحاق کی نسل سے ہوگا۔‏ ابرہام کو اِس وعدے پر بھروسہ تھا۔‏ وہ جانتا تھا کہ خدا اضحاق کو مُردوں میں سے زندہ کر سکتا ہے۔‏ ابرہام خدا کے حکم پر عمل کرتے ہوئے اپنے بیٹے کو قربان کرنے ہی والا تھا کہ ایک فرشتے نے اُسے روک لیا۔‏ خدا اِس بات پر بہت خوش تھا کہ ابرہام اُس کے لئے اپنا پیارا بیٹا قربان کرنے کو تیار تھا۔‏ اِس لئے خدا نے اُن وعدوں کو دُہرایا جو اُس نے ابرہام سے پہلے بھی کئے تھے۔‏

بعد میں اضحاق کے دو بیٹے ہوئے۔‏ ایک کا نام عیسو اور دوسرے کا نام یعقوب تھا۔‏ عیسو دُنیادار اور لاپرواہ تھا جبکہ یعقوب دیندار اور نیک تھا۔‏ خدا نے یعقوب کو اُس کی نیکی کا اَجر دیا۔‏ اُس نے اُس کا نام اسرائیل رکھ دیا۔‏ اسرائیل کے ۱۲ بیٹے ہوئے اور اِن سے بنی‌اسرائیل کے قبیلے وجود میں آئے۔‏ لیکن اسرائیل کا گھرانہ ایک بڑی اور طاقتور قوم کیسے بنا؟‏

اِس بات کو سمجھنے کے لئے اُن واقعات پر غور کریں جو یعقوب کے بیٹے یوسف کے ساتھ پیش آئے تھے۔‏ یوسف کے بھائی اُس سے جلتے تھے۔‏ اُنہوں نے سازش کرکے اُسے غلام کے طور پر بیچ دیا اور یوں یوسف مصر پہنچ گیا۔‏ یوسف خدا کا دلیر اور وفادار خادم تھا۔‏ اُسے مصر میں طرح‌طرح کی اذیتیں سہنی پڑیں۔‏ لیکن خدا اُس کے ساتھ تھا۔‏ کچھ عرصے بعد فرعون یوسف پر مہربان ہوا اور اُسے بڑا اختیار سونپا۔‏ پھر اُس پورے علاقے میں شدید قحط پڑا۔‏ یعقوب نے اپنے کچھ بیٹوں کو مصر بھیجا تاکہ وہ وہاں جا کر خوراک خریدیں۔‏ مصر میں خوراک تقسیم کرنے کی ذمہ‌داری یوسف کو دی گئی تھی۔‏ یوں یوسف کی ملاقات اپنے بھائیوں سے ہوئی۔‏ جب یوسف نے دیکھا کہ اُس کے بھائیوں نے اپنی بُری روش بدل دی ہے تو اُس نے اُنہیں معاف کر دیا۔‏ پھر اُس نے اپنے پورے خاندان کو مصر بلا لیا جہاں اُنہیں اچھی زمین دی گئی۔‏ اُن کی تعداد بڑھتی گئی اور وہ مالدار ہوتے گئے۔‏ یوسف سمجھ گیا کہ اُس کے ساتھ یہ تمام واقعات اِس لئے پیش آئے تھے تاکہ خدا کے وعدے پورے ہوں۔‏

یعقوب نے اپنی باقی زندگی مصر میں گزاری اور وہیں وفات پائی۔‏ مرنے سے پہلے اُس نے پیشینگوئی کی کہ انسانوں کو نجات دلانے والا شخص (‏یعنی ”‏نسل“‏)‏ اُس کے بیٹے یہوداہ کی نسل سے پیدا ہوگا اور ایک طاقتور حکمران بنے گا۔‏ اِس کے بہت سال بعد یوسف نے مرنے سے پہلے پیشینگوئی کی کہ ایک دن خدا یعقوب کے خاندان کو مصر سے نکال لائے گا۔‏

​—‏اِن واقعات کا ذکر پیدایش ۲۰ تا ۵۰ باب اور عبرانیوں ۱۱:‏۱۷-‏۲۲ میں ہوا ہے۔‏