مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

 سبق 2

رِبقہ—‏خدا کو خوش کرنے والی لڑکی

رِبقہ—‏خدا کو خوش کرنے والی لڑکی

رِبقہ،‏ یہوواہ خدا سے بہت پیار کرتی تھیں۔‏ اُن کے شوہر کا نام اِضحاق تھا اور وہ بھی یہوواہ خدا سے بہت پیار کرتے تھے۔‏ لیکن رِبقہ اور اِضحاق کی شادی کیسے ہوئی؟‏ یہ کیسے پتہ چلا کہ رِبقہ،‏ یہوواہ خدا کو خوش کرنا چاہتی تھیں؟‏ یہ جاننے سے پہلے آئیں،‏ اِضحاق کے بارے میں پڑھتے ہیں۔‏

اِضحاق کے ابو کا نام ابرہام تھا اور امی کا نام سارہ تھا۔‏ وہ ملک کنعان میں رہتے تھے۔‏ اِس ملک کے لوگ یہوواہ خدا کی عبادت نہیں کرتے تھے۔‏ اِس لیے ابرہام نہیں چاہتے تھے کہ اِضحاق اِس ملک کی کسی لڑکی سے شادی کریں۔‏ وہ چاہتے تھے کہ اِضحاق ایسی لڑکی سے شادی کریں جو یہوواہ خدا کی عبادت کرتی ہے۔‏ اِس لیے اُنہوں نے اپنے نوکر اِلیعزر کو کچھ اَور نوکروں کے ساتھ شہر حاران بھیجا۔‏ اِس شہر میں ابرہام کے کچھ رشتےدار رہتے تھے۔‏ ابرہام جانتے تھے کہ وہاں اِلیعزر کو اِضحاق کے لیے ایک اچھی بیوی مل جائے گی۔‏

رِبقہ نے اُونٹوں کو پانی پلانے کے لیے بڑی محنت کی۔‏

پھر اِلیعزر کچھ اَور نوکروں کے ساتھ شہر حاران کی طرف روانہ ہو گئے۔‏ یہ ایک بہت لمبا سفر تھا۔‏ اِلیعزر اپنے ساتھ دس اُونٹ لے کر گئے جن پر اُنہوں نے کھانا اور تحفے رکھے تھے۔‏ لیکن اِلیعزر نے اِضحاق کے لیے ایک اچھی بیوی کیسے ڈھونڈی؟‏ آئیں،‏ دیکھتے ہیں کہ اُنہوں نے  کیا کِیا۔‏ جب اِلیعزر حاران پہنچے تو وہ ایک کنوئیں کے پاس رُک گئے۔‏ وہ جانتے تھے کہ تھوڑی دیر میں عورتیں پانی بھرنے کے لیے کنوئیں پر آئیں گی۔‏ اُنہوں نے دُعا کی کہ ”‏اَے یہوواہ!‏ مَیں ایک لڑکی سے پانی مانگوں گا۔‏ اگر وہ مجھے اور میرے اُونٹوں کو پانی پلائے گی تو مَیں سمجھ جاؤں گا کہ تُو نے اِس لڑکی کو اِضحاق کے لیے چنا ہے۔‏“‏

پھر رِبقہ کنوئیں پر آئیں۔‏ بائبل میں بتایا گیا ہے کہ رِبقہ  بہت  خوب‌صورت تھیں۔‏ اِلیعزر نے اُن سے پانی مانگا۔‏ رِبقہ نے اُن سے  کہا:‏ ”‏جی،‏ آپ یہ پانی پی لیں۔‏ پھر مَیں آپ کے اُونٹوں کے لیے بھی پانی لاؤں گی۔‏“‏ اُونٹ بہت زیادہ پانی پیتے ہیں۔‏ اِس لیے رِبقہ کو باربار کنوئیں سے پانی بھر کر لانا پڑا۔‏ کیا آپ تصویر میں دیکھ سکتے ہیں کہ رِبقہ اُونٹوں کو پانی پلانے کے لیے کتنی محنت کر رہی ہیں؟‏—‏ اِلیعزر بہت خوش تھے کہ یہوواہ خدا نے اُن کی دُعا کا جواب دیا ہے۔‏

اِلیعزر نے رِبقہ کو بہت خوب‌صورت تحفے دیے۔‏ رِبقہ جلدی  سے اِلیعزر اور دوسرے نوکروں کو اپنے گھر لے گئیں۔‏ اِلیعزر نے رِبقہ کے گھر والوں کو بتایا کہ ابرہام نے اُن کو حاران کیوں بھیجا ہے۔‏ پھر اُنہوں نے بتایا کہ یہوواہ خدا نے اُن کی دُعا کا جواب کیسے دیا ہے۔‏ رِبقہ کے گھر والے خوش تھے کہ رِبقہ کی شادی اِضحاق سے ہوگی۔‏

رِبقہ،‏ اِلیعزر کے ساتھ ملک کنعان چلی گئیں اور وہاں اُن کی شادی اِضحاق سے ہو گئی۔‏

لیکن کیا رِبقہ،‏ اِضحاق سے شادی کرنا چاہتی تھیں؟‏—‏ رِبقہ جانتی تھیں کہ اِلیعزر کو یہوواہ خدا نے بھیجا ہے۔‏ اِس لیے جب رِبقہ کے گھر والوں نے اُن سے پوچھا کہ ”‏کیا آپ اِضحاق سے شادی کرنا چاہتی ہیں؟‏“‏ تو رِبقہ نے کہا:‏ ”‏جی۔‏“‏ وہ فوراً اِلیعزر کے ساتھ ملک کنعان روانہ ہو گئیں۔‏ وہاں اُن کی شادی اِضحاق سے ہو گئی۔‏

رِبقہ،‏ یہوواہ خدا کو خوش کرنا چاہتی تھیں اِس لیے یہوواہ خدا نے اُن کو برکت دی۔‏ بہت سالوں بعد رِبقہ اور اِضحاق کے خاندان سے یسوع مسیح پیدا ہوئے۔‏ اگر آپ رِبقہ کی طرح بنیں گے اور یہوواہ خدا کو خوش کریں گے تو یہوواہ خدا آپ کو بھی بہت برکتیں دے گا۔‏

اپنی بائبل میں اِن آیتوں کو پڑھیں:‏

  • پیدایش 12:‏4،‏ 5؛‏ 24:‏1-‏58،‏ 67