مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

 عالمی اُفق

مشرقِ وسطیٰ پر ایک نظر

مشرقِ وسطیٰ پر ایک نظر

کئی قدیم‌ترین تہذیبوں نے مشرقِ‌وسطیٰ میں جنم لیا اور اِس لیے ماہرِآثارِقدیمہ کو اِس علاقے سے قدیم زمانے کی بہت سی چیزیں ملی ہیں۔‏

مے بنانے کے ماہر

2013ء میں ماہرِآثارِقدیمہ نے موجودہ اِسرائیل میں قدیم کنعانی قوم کا ایک تہ‌خانہ دریافت کِیا جو تقریباً 3700 سال پُرانا ہے۔‏ اِس تہ‌خانے میں 40 بڑے بڑے مٹکے تھے جن میں مے کو ذخیرہ کِیا جاتا تھا۔‏ اِن مٹکوں میں اِتنی مے بھری جا سکتی ہے جتنی کہ آج 3000 مے کی بوتلوں میں ڈالی جا سکتی ہے۔‏ ایک ماہرِآثارِقدیمہ نے اِن مٹکوں میں جمی مے پر تحقیق کی اور یہ نتیجہ اخذ کِیا کہ قدیم کنعانی لوگ مے بنانے میں بڑی مہارت رکھتے تھے کیونکہ ”‏ہر مٹکے میں موجود مے ایک ہی ترکیب کے مطابق بنائی گئی تھی۔‏“‏

کیا آپ جانتے ہیں؟‏ پاک کلام میں بتایا گیا ہے کہ قدیم اِسرائیل میں بہترین مے تیار کی جاتی تھی اور بڑے بڑے مٹکوں میں ذخیرہ کی جاتی تھی۔‏—‏غزلُ‌الغزلات 7:‏9؛‏ یرمیاہ 13:‏12‏۔‏

آبادی میں شدید اِضافہ

اخبار دی گارڈیئن کی ایک رپورٹ کے مطابق مصر میں 2010ء کی نسبت 2012ء میں 5 لاکھ 60 ہزار زیادہ بچے پیدا ہوئے۔‏ مصر کے تحقیقاتی اِدارے ”‏بصیرة“‏ کے ڈائریکٹر ماجد عثمان نے کہا:‏ ”‏مصری تاریخ میں پیدائش کی شرح میں پہلے کبھی اِتنا اِضافہ نہیں ہوا۔‏“‏ بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آبادی اِسی رفتار سے بڑھتی گئی تو مصر میں پانی،‏ توانائی اور خوراک کی کمی میں اَور بھی اِضافہ ہو جائے گا۔‏

کیا آپ جانتے ہیں؟‏ پاک کلام کے مطابق خدا چاہتا ہے کہ زمین اِنسانوں سے مناسب حد تک بھر جائے اور سب کی ضروریات پوری ہوں۔‏—‏پیدایش 1:‏28؛‏ زبور 72:‏16‏۔‏

قدیم سِکوں کا ذخیرہ

ملک اِسرائیل کی ایک شاہراہ کے نزدیک کانسی کے 100 سے زیادہ سِکے دریافت ہوئے ہیں جن پر یہ عبارت کندہ ہے:‏ چوتھا سال۔‏ یہ عبارت رومی حکومت کے خلاف یہودیوں کی بغاوت کے چوتھے سال (‏69ء-‏70ء)‏ کی طرف اِشارہ کرتی ہے۔‏ اِس بغاوت کے نتیجے میں یروشلیم کو تباہ کر دیا گیا۔‏ ایک ماہرِآثارِقدیمہ نے اِن سِکوں کے بارے میں کہا:‏ ”‏لگتا ہے کہ جس شخص نے اِن کو چھپایا تھا،‏ اُسے خدشہ تھا کہ تباہی سر پر کھڑی ہے۔‏ شاید وہ رومی فوج کی پیش‌قدمی کو دیکھ رہا تھا .‏ .‏ .‏ اور اُس نے یہ سوچ کر اپنا مال چھپا دیا کہ وہ اِسے بعد میں نکال لے گا۔‏“‏

کیا آپ جانتے ہیں؟‏ یسوع مسیح نے 33ء میں پیش‌گوئی کی کہ رومی فوج یروشلیم کا محاصرہ کرے گی۔‏ اُنہوں نے مسیحیوں کو ہدایت دی کہ وہ موقع ملتے ہی پہاڑی علاقوں میں پناہ لے لیں‏۔‏—‏لُوقا 21:‏20-‏24‏۔‏