رومیوں 13‏:1‏-‏14

  • حاکموں کے تابع‌دار ہوں (‏1-‏7‏)‏

    • ٹیکس ادا کریں (‏6،‏ 7‏)‏

  • محبت شریعت کو پورا کرتی ہے (‏8-‏10‏)‏

  • روشنی کے ہتھیاروں کو پہن لیں (‏11-‏14‏)‏

13  ہر شخص* حاکموں کا تابع‌دار ہو کیونکہ اِختیار خدا کی طرف سے دیا جاتا ہے۔‏ حاکموں کے پاس جو اِختیار ہے،‏ وہ اُنہیں خدا سے ملا ہے۔‏ 2  لہٰذا جو شخص حاکموں کی مخالفت کرتا ہے،‏ وہ خدا کے اِنتظام کی مخالفت کرتا ہے۔‏ اور جو ایسا کرتا ہے،‏ اُسے سزا ملے گی۔‏ 3  اچھے کام کرنے والے لوگ حاکموں سے نہیں ڈرتے بلکہ بُرے کام کرنے والے لوگ ڈرتے ہیں۔‏ کیا آپ چاہتے ہیں کہ آپ کو حاکموں سے ڈرنا نہ پڑے؟‏ تو اچھے کام کریں۔‏ پھر آپ کو اُن سے داد ملے گی۔‏ 4  کیونکہ حاکم خدا کے خادم ہیں اور آپ کے فائدے کے لیے کام کرتے ہیں۔‏ لیکن اگر آپ بُرے کام کرتے ہیں تو ڈریں کیونکہ اُن کے پاس تلوار بِلاوجہ نہیں ہے۔‏ وہ خدا کے خادموں کے طور پر اُن لوگوں کو سزا دیتے ہیں جو بُرے کام کرتے ہیں۔‏ 5  اِس لیے یہ بہت ضروری ہے کہ آپ اُن کے تابع‌دار ہوں اور صرف سزا کے ڈر سے نہیں بلکہ اپنے ضمیر کی وجہ سے بھی۔‏ 6  آپ اِسی لیے تو ٹیکس بھی ادا کرتے ہیں کیونکہ وہ خدا کے خادم ہیں جو ہر وقت عوام کی خدمت کرتے ہیں۔‏ 7  سب لوگوں کا حق ادا کریں۔‏ جو ٹیکس مانگتا ہے،‏ اُسے ٹیکس دیں؛‏ جو خراج مانگتا ہے،‏ اُسے خراج دیں؛‏ جو احترام* مانگتا ہے،‏ اُسے احترام دیں؛‏ جو عزت مانگتا ہے،‏ اُسے عزت دیں۔‏ 8  آپ پر کوئی قرض نہ ہو سوائے اِس کے کہ آپ ایک دوسرے سے محبت کریں۔‏ کیونکہ جو دوسروں سے محبت کرتا ہے،‏ وہ شریعت کو پورا کرتا ہے۔‏ 9  کیونکہ شریعت کے یہ حکم کہ ”‏زِنا نہ کرو،‏ قتل نہ کرو،‏ چوری نہ کرو،‏ لالچ نہ کرو“‏ اور اِن کے علاوہ بھی جتنے حکم ہیں،‏ اُن سب کا خلاصہ یہ ہے کہ ”‏اپنے پڑوسی سے اُسی طرح محبت کرو جس طرح تُم اپنے آپ سے کرتے ہو۔‏“‏ 10  جو محبت کرتا ہے،‏ وہ اپنے پڑوسی کے ساتھ بُرائی نہیں کرتا اِس لیے محبت شریعت کو پورا کرتی ہے۔‏ 11  یہ سب کچھ اِس لیے کریں کیونکہ آپ جانتے ہیں کہ آپ کس زمانے میں رہ رہے ہیں یعنی وہ وقت آ گیا ہے کہ آپ نیند سے جاگیں۔‏ کیونکہ جب ہم ایمان لائے تھے تو ہماری نجات اِتنی نزدیک نہیں تھی جتنی کہ اب ہے۔‏ 12  رات کافی گزر چکی ہے اور دن ہونے والا ہے۔‏ اِس لیے آئیں،‏ تاریکی کے کاموں کو اُتار پھینکیں اور روشنی کے ہتھیاروں کو پہن لیں۔‏ 13  آئیں،‏ ہمیشہ شرافت سے زندگی گزاریں جیسے دن کے وقت گزارتے ہیں یعنی غیرمہذب دعوتیں،‏ نشہ‌بازی،‏ لڑائی جھگڑا اور حسد نہ کریں اور ناجائز جنسی تعلقات نہ رکھیں اور ہٹ‌دھرم چال‌چلن* سے باز رہیں۔‏ 14  اور آئیں،‏ ہمارے مالک یسوع مسیح کی مثال پر عمل کریں اور جسم کی خواہشوں کو پورا کرنے کے لیے منصوبے نہ باندھیں۔‏

فٹ‌ نوٹس

یونانی میں:‏ ”‏جان“‏
یونانی میں:‏ ”‏خوف“‏
یا ”‏بےشرم چال‌چلن۔‏“‏ یونانی لفظ:‏ ”‏اسیلگیا۔‏“‏ ”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏