مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

آپ کے عطیات کیسے اِستعمال کیے جاتے ہیں؟‏

ویڈیو کال کے ذریعے کلیسیا کے اِجلاس

ویڈیو کال کے ذریعے کلیسیا کے اِجلاس

26 جون 2020ء

 پوری دُنیا میں بہت سی حکومتوں نے لوگوں کو سماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی ہے اور اُنہیں ایک ساتھ جمع ہونے سے منع کِیا ہے۔ یہوواہ کے گواہوں نے عزم کِیا ہے کہ وہ حکومت کی اِن ہدایتوں پر عمل کریں گے لیکن ساتھ ساتھ مل کر خدا کی عبادت بھی کرتے رہیں گے۔ اِس لیے یہوواہ کے گواہوں کی کلیسیائیں (‏یعنی جماعتیں)‏ ویڈیو کال والی ایپس جیسے کہ زوم کے ذریعے اپنے اِجلاس کر رہی ہیں۔

 گورننگ باڈی نے اِس بات کی منظوری دی ہے کہ تنظیم کو ملنے والے عطیات کے ذریعے کلیسیاؤں کے لیے زوم اکاؤنٹس خریدے جا سکیں تاکہ بہن بھائی باقاعدگی سے عبادت کے لیے جمع ہو سکیں۔ اِس سے اُن کلیسیاؤں کو بڑا فائدہ ہوا ہے جو ویڈیو کال والی ایپس کا اکاؤنٹ نہیں خرید سکتیں جس کی قیمت 15 سے 20 ڈالر (‏یعنی تقریباً 2400 روپے سے تقریباً 3300 روپے)‏ یا اِس سے زیادہ ہوتی ہے۔ اِن کلیسیاؤں کو پہلے ایسی ایپس اِستعمال کرنی پڑ رہی تھیں جو مُفت تو تھیں لیکن اُن کے ذریعے ویڈیو کال میں زیادہ لوگوں کو شامل نہیں کِیا جا سکتا تھا اور وہ اِتنی محفوظ بھی نہیں تھیں۔ لیکن اب جتنی بھی کلیسیائیں تنظیم کے خریدے ہوئے زوم اکاؤنٹ اِستعمال کر رہی ہیں وہ آسانی سے معلومات کو محفوظ رکھنے کی سیٹنگ کر سکتی ہیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اِجلاس میں شامل کر سکتی ہیں۔ اب تک 170 سے زیادہ ملکوں میں 65 ہزار سے زیادہ کلیسیاؤں نے اِن اکاؤنٹس کو اِستعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔‏

 اِنڈونیشیا کے شہر ماناڈو کی کائراگی کلیسیا پہلے ویڈیو کال والی مُفت ایپ اِستعمال کر رہی تھی لیکن اب تنظیم کا خریدا ہوا زوم اکاؤنٹ اِستعمال کر رہی ہے۔ بھائی ہادی سنتوسو نے بتایا:‏ ”‏وہ بہن بھائی بھی جنہیں موبائل وغیرہ اِتنی اچھی طرح اِستعمال نہیں کرنا آتا، اب اِجلاسوں سے بھرپور فائدہ حاصل کر رہے ہیں۔ اور اِس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ اُنہیں اِجلاس کے دوران بار بار کنکٹ نہیں ہونا پڑتا۔“‏

 ملک ایکواڈور کے شہر گوایاکل کی گوایاکینس اویسٹے کلیسیا میں خدمت کرنے والے بزرگ لیسٹر ہیہون جونیئر نے کہا:‏ ”‏چونکہ ہمارے بہت سے بہن بھائیوں کے پاس زیادہ پیسے نہیں ہیں اِس لیے کچھ کلیسیائیں زوم کا وہ اکاؤنٹ نہیں خرید سکتی تھیں جس میں کلیسیا کے تمام بہن بھائی عبادت کے لیے شامل ہو سکتے ہیں۔ ہم تنظیم کے بڑے شکرگزار ہیں کہ اُس نے ہمیں زوم کا ایسا اکاؤنٹ فراہم کِیا ہے جس کے ذریعے کافی سارے لوگ ویڈیو کال میں شامل ہو سکتے ہیں۔ اب ہم زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اِجلاس میں آنے کی دعوت دے سکتے ہیں کیونکہ ہمیں یہ فکر نہیں ہوتی کہ زیادہ لوگ اِس میں شامل نہیں ہو پائیں گے۔“‏

 ملک زمبیا کے شہر لوساکا کی انگوریرے نارتھ کلیسیا کے ایک بزرگ جانسن موانزا نے لکھا:‏ ”‏بہت سے بہن بھائیوں نے اکثر یہ کہا ہے کہ تنظیم نے زوم اکاؤنٹ کا جو بندوبست کِیا ہے، اُس کی وجہ سے ہم نہ صرف خود کو بہن بھائیوں کے قریب محسوس کرتے ہیں بلکہ ہمیں یہ بھی محسوس ہوتا ہے کہ یہوواہ خدا ہم سے کتنا پیار کرتا ہے اور ہماری کتنی فکر رکھتا ہے۔“‏

 تنظیم کو پوری دُنیا میں مُنادی کے کام کے حوالے سے جو عطیات ملتے ہیں، اُن میں سے کچھ عطیات اِمدادی کاموں کے لیے مخصوص کیے جاتے ہیں اور زوم اکاؤنٹ اِمدادی کاموں کے لیے مخصوص اُن عطیات سے خریدے جاتے ہیں۔ مُنادی کے کام کے لیے تنظیم کو ملنے والے عطیات کا ایک بڑا حصہ donate.jw.org کے ذریعے دیا جاتا ہے۔ ہم آپ کے بڑے شکرگزار ہیں کہ آپ دل کھول کر عطیات دیتے ہیں۔ اِن عطیات کے ذریعے پوری دُنیا میں دوسرے اِمدادی کام بھی انجام دیے جاتے ہیں۔—‏2-‏کُرنتھیوں 8:‏14‏۔‏