مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

آپ کے عطیات کیسے اِستعمال کیے جاتے ہیں؟‏

خدا کے قریب لے جانے والے گانے

خدا کے قریب لے جانے والے گانے

1 نومبر 2021ء

 موسیقی یہوواہ خدا کی طرف سے ایک خوب‌صورت تحفہ ہے۔ یہ ہماری سوچ پر اثر کرتی ہے، ہمیں خوش کرتی ہے اور ہمارے دل میں کسی کام کو کرنے کی خواہش پیدا کرتی ہے۔ یہ بات ہماری تنظیم کے تیار کیے ہوئے گانوں کے بارے میں بھی بالکل سچ ہے۔ ہمارے گانے اِس وجہ سے بھی اِتنے خاص ہیں کیونکہ اِن کے ذریعے ہم اپنے خدا یہوواہ کے اَور قریب ہو جاتے ہیں۔‏

 2014ء سے لے کر اب تک ہماری تنظیم 70 سے بھی زیادہ گانے تیار کر چُکی ہے جن میں سے ایک گانا تو اب 500 سے بھی زیادہ زبانوں میں دستیاب ہے۔ شاید آپ نے سوچا ہو کہ ”‏اِن گانوں کو کون تیار کرتا ہے اور اِنہیں کیسے تیار کِیا جاتا ہے؟“‏

گانے کیسے تیار کیے جاتے ہیں؟‏

 گانوں کو موسیقی والی ایک ٹیم تیار کرتی ہے جو آڈیو ویڈیو کے شعبے میں کام کرتی ہے۔ یہ ٹیم گورننگ باڈی کی تعلیمی کمیٹی کی نگرانی میں کام کرتی ہے۔ موسیقی کی ٹیم میں 13 بہن بھائی ہیں جن میں سے کچھ دُھنیں تیار کرتے ہیں، کچھ گانوں کو سیٹ کرتے ہیں اور کچھ فرق فرق کاموں کے شیڈول بناتے اور کئی اَور ضروری کام کرتے ہیں۔ اِس کے علاوہ تعلیمی کمیٹی نے اِس بات کی اِجازت دی ہے کہ پوری دُنیا سے ہمارے بہن بھائی اپنے گھروں سے اِس کام میں حصہ لے سکتے ہیں یعنی دُھنیں بنانے، موسیقی تیار کرنے اور گانا گانے میں۔ یہ بہن بھائی اپنی واہ واہ نہیں چاہتے بلکہ بڑی خاکساری سے اپنی صلاحیتوں کو اِس کام کے لیے اِستعمال کرتے ہیں۔‏

 ایک گانے کو کیسے تیار کِیا جاتا ہے؟ سب سے پہلے تعلیمی کمیٹی یہ فیصلہ کرتی ہے کہ ایک گیت کو کن آیتوں کی بنیاد پر تیار کِیا جائے اور اِس سے سننے والوں میں کون سے جذبات پیدا ہونے چاہئیں۔ پھر موسیقی والی ٹیم کچھ بہن بھائیوں کو اُس گانے کی دُھن تیار کرنے اور کچھ بہن بھائیوں کو اُس کے بول تیار کرنے کی ذمے‌داری دیتی ہے۔ پھر اُس گانے کا ایک سیمپل تیار کِیا جاتا ہے۔ تعلیمی کمیٹی اِس سیمپل کو سنتی ہے اور پھر اِس حوالے سے اَور ہدایتیں دیتی ہے۔ اِس کے بعد موسیقی کی ٹیم اُن ہدایتوں کے مطابق اُس گانے میں تبدیلیاں کرتی ہے اور اِس کی ریکارڈنگ کرتی ہے۔ پھر اِن گانوں کو فرق فرق جگہوں پر ریکارڈ کِیا جاتا ہے جیسے کہ برانچوں میں یا پھر اُن بہن بھائیوں کے گھروں پر جن کے پاس ریکارڈنگ کا سامان ہے۔‏

 کسی گانے کو تیار کرنے اور اِسے ریکارڈ کرنے کے لیے ہمارے بھائی کمپیوٹر کے فرق فرق پروگرام اِستعمال کرتے ہیں۔ اِس کام کے لیے کچھ اَور بھی چیزوں کی ضرورت پڑتی ہے جیسے کہ موسیقی کے مختلف سازوں، سپیکروں، ایمپلی فائر اور مائیک وغیرہ کی۔ صرف ایک مائیک کی قیمت 100 امریکی ڈالر [‏تقریباً 17 ہزار روپے]‏ سے لے کر 1000 امریکی ڈالر [‏تقریباً 1 لاکھ 75 ہزار روپے]‏ تک ہو سکتی ہے۔ 2020ء میں ہم نے ریکارڈنگ کا سامان خریدنے کے لیے 1 لاکھ 16 ہزار امریکی ڈالر [‏تقریباً 2 کروڑ 6 لاکھ روپے]‏ سے زیادہ پیسے لگائے۔‏

 عطیات کو سمجھ‌داری سے اِستعمال کرنے کے لیے کیا کچھ کِیا جاتا ہے؟ موسیقی کی ایک بہت بڑی ٹیم کو بیت‌ایل میں بُلا کر ریکارڈنگ کروانے کی بجائے بہت سے بہن بھائیوں کو اپنے گھر سے کام کرنے کو کہا جاتا ہے۔ اِس کے علاوہ ہمارے بھائی ساز بجانے والے بہن بھائیوں کو ایک جگہ پر جمع کرنے کی بجائے اکثر کمپیوٹر پروگراموں کے ذریعے دُھنیں اور موسیقی تیار کرتے ہیں۔‏

‏”‏اِن گانوں سے میرا ایمان مضبوط ہوا ہے“‏

 بہن بھائی بڑے شوق سے تنظیم کے تیار کیے ہوئے گانے سنتے ہیں۔ جرمنی میں رہنے والی ایک بہن جس کا نام ٹارا ہے، کہتی ہیں:‏ ”‏مَیں جب بھی پریشان ہوتی ہوں تو اِن گانوں کو سننے سے مجھے بہت سکون ملتا ہے۔ اِنہیں اپنی زبان میں سننے سے مجھے ایسا لگتا ہے جیسے یہوواہ مجھے گلے لگا رہا ہو۔“‏ قازقستان میں رہنے والے بھائی دمیتری نے کہا:‏ ”‏اِن گانوں کی ایک اچھی بات یہ ہے کہ اِنہیں سنتے وقت مجھے اِس بات کی پریشانی نہیں ہوتی کہ مجھے اِنہیں سننا چاہیے یا نہیں کیونکہ مجھے پتہ ہے کہ یہ گانے بائبل کے اصولوں کے مطابق ہیں۔ اِس کے علاوہ اِن گانوں سے مجھے اپنا دھیان یہوواہ خدا کی عبادت پر رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔“‏

 جنوبی افریقہ میں ہماری ایک بہن رہتی ہیں جس کا نام ڈیلیا ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ وہ تنظیم کے گانوں کے بارے میں کیسا محسوس کرتی ہیں۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏اِن گانوں سے میرا ایمان مضبوط ہوا ہے۔ جب بھی مَیں اُداس ہوتی ہوں یا کسی مشکل سے گزر رہی ہوتی ہوں تو مجھے ہمیشہ کوئی نہ کوئی ایسا گانا ضرور مل جاتا ہے جو بالکل میری صورتحال کے مطابق ہوتا ہے۔ اکثر گانوں کی دُھن سُن کر ہی میری پریشانی دُور ہو جاتی ہے۔“‏

 کچھ گانے تو بہن بھائیوں کے بہت پسندیدہ گانے بن گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ سے ہی بہن لیریٹو نے ہمارے دو گانوں کے بارے میں اپنے احساسات بتائے۔ یہ گانے نئی دُنیا کے بارے میں ہیں۔ لیریٹو نے کہا:‏ ”‏اِن گانوں سے مَیں اُس وقت کا تصور کر پاتی ہوں جب مَیں اپنی امی سے دوبارہ ملوں گی۔ جب بھی مَیں یہ گانے سنتی ہوں تو مجھے ایسا لگتا ہے جیسے میری امی بانہیں کھولے ہوئے دوڑ کر مجھ سے ملنے آ رہی ہوں۔“‏

 ایک گانے سے تو سری‌لنکا میں رہنے والی ایک نوجوان بہن کو بہت فائدہ ہوا ہے۔ یہ گانا بائبل کی باتوں پر تحقیق کرنے کے بارے میں ہے۔ اُس نے کہا:‏ ”‏میری سائنس کی ٹیچر نے مجھے یہوواہ کا گواہ ہونے کی وجہ سے کلاس کے سب بچوں کے سامنے بہت بُری طرح سے ڈانٹا۔ مَیں بہت ڈر گئی۔ مجھے سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ مَیں ٹیچر سے کیا کہوں۔ جب مَیں گھر آئی تو امی نے مجھے ہماری تنظیم کا ایک گانا سننے کو کہا جس سے مجھے احساس ہوا کہ مجھے تحقیق کرنی چاہیے اور پہلے سے اِس با ت کی تیاری کرنی چاہیے کہ مَیں اپنی ٹیچر سے کیا کہوں گی۔ پھر اگلے دن مَیں نے اپنی ٹیچر سے بات کی۔ اُنہوں نے میری بات دھیان سے سنی اور کہا کہ ”‏اب مَیں یہوواہ کے گواہوں کے عقیدوں کو بہتر طور پر سمجھ گئی ہوں۔“‏ مَیں یہوواہ کی تنظیم کی بہت شکرگزار ہوں کہ اُس نے ہمارے لیے اِتنے اچھے گانے بنائے ہیں جن سے ہمارا حوصلہ بڑھتا ہے۔“‏

 اِن گانوں کو تیار کرنے پر جو خرچہ آتا ہے، اُسے کیسے پورا کِیا جاتا ہے؟ یہ سب عالم‌گیر کام کے لیے دیے جانے والے عطیات کے ذریعے ممکن ہوتا ہے جنہیں آپ donate.jw.org پر بتائے گئے طریقوں کے مطابق دیتے ہیں۔ ہم آپ کے اِن عطیات کے لیے دل سے شکرگزار ہیں۔‏