مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

آپ کے عطیات کیسے اِستعمال کیے جاتے ہیں؟‏

‏’‏جگہ جگہ لڑائیوں‘‏ کے دوران اِمداد پہنچانے کا بندوبست

‏’‏جگہ جگہ لڑائیوں‘‏ کے دوران اِمداد پہنچانے کا بندوبست

27 مئی 2022ء

 اِس آخری زمانے میں ”‏جگہ جگہ لڑائیاں ہو رہی ہیں۔“‏ (‏متی 24:‏6‏)‏ لیکن اِس مشکل صورتحال میں بھی ہمارے بہن بھائیوں کو وہ مدد ملتی ہے جس کی اُنہیں ضرورت ہوتی ہے۔ ‏”‏2022ء میں گورننگ باڈی کی طرف سے اَپ‌ڈیٹ ‏(‏نمبر 3)‏‏“‏ میں بتایا گیا تھا کہ مشرقی یورپ میں اُن بہن بھائیوں کی مدد کرنے کے لیے کیا اِمدادی کام ہو رہا ہے جو یوکرین میں ہونے والی جنگ کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ اِن جنگوں اور لڑائیوں کے دوران بھی بہن بھائی ایک دوسرے کی مدد کیسے کر رہے ہیں؟ اِس اِمدادی کام کی وجہ سے یوکرین میں رہنے والے بہن بھائیوں کی مدد کیسے ہوئی ہے؟‏

کن چیزوں کی ضرورت تھی؟ یہ کیسے پہنچائی گئیں؟‏

 جب 24 فروری 2022ء میں یوکرین میں جنگ چھڑ گئی تو منتظمین کی کمیٹی نے یوکرین میں رہنے والے بہن بھائیوں کی مدد کرنے کے لیے ایک بجٹ بنایا۔ یوکرین برانچ نے فوراً ہی ضرورت کی چیزیں خریدنی شروع کر دیں اور اِنہیں 27 اِمدادی کمیٹیوں کے ذریعے بہن بھائیوں تک پہنچایا۔‏

 یوکرین برانچ کے ساتھ ساتھ یہوواہ کے گواہوں کے مرکزی دفتر نے بھی اِس بارے میں سوچنا شروع کر دیا کہ بہن بھائیوں کی مدد کیسے کی جا سکتی ہے۔ یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی کی منتظمین اور اِشاعت کی کمیٹیوں نے ہماری تنظیم کے لیے خرید و فروخت کرنے والے شعبے سے کہا کہ وہ یوکرین اور پولینڈ برانچ کے بھائیوں سے بات کر کے ایک پلان بنائیں اور اُس پر کام کریں۔ ہر برانچ کے خرید و فروخت کرنے والے شعبے، چیزیں ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے والے شعبے اور قانونی معاملوں کی نگرانی کرنے والے شعبے کے بھائی، یوکرین برانچ کمیٹی کے بھائی اور ہماری تنظیم کے لیے خرید و فروخت کرنے والے شعبے کے بھائیوں کے ساتھ ہر روز اِس بارے میں بات کرتے تھے۔‏

کھانے پینے اور ضرورت کا سامان اور حوصلہ بڑھانے کے لیے کچھ کارڈز

 ہماری تنظیم کے لیے خرید و فروخت کرنے والے شعبے کے بھائی جے سوئنی نے بتایا:‏ ”‏سب سے پہلے ہمیں یہ دیکھنا تھا کہ کن چیزوں کی ضرورت ہے۔ ہم یوکرین کے بہن بھائیوں کو کھانا اور ہر وہ چیز دینا چاہتے تھے جس کی اُنہیں ضرورت ہے۔ لیکن صرف یہ دیکھنا کافی نہیں تھا بلکہ ہمیں یہ بھی دیکھنا تھا کہ ہم یوکرین میں چلنے والی جنگ کے دوران جلدی اور محفوظ طریقے سے اِن چیزوں کو بہن بھائیوں تک کیسے پہنچا سکتے ہیں۔“‏

 9 مارچ 2022ء تک بھائی یہ بات سمجھ گئے کہ یوکرین میں رہنے والے بہن بھائیوں کو کن چیزوں کی ضرورت ہوگی۔ کھانے کی کچھ چیزوں جیسے کہ ٹنِ کے ڈبوں میں بند گوشت اور مچھلی، دالیں، چاول اور لوبیہ کا بندوبست کِیا گیا۔ اِس کے علاوہ صابن اور ٹشو کا بندوبست بھی کِیا گیا۔ اُس وقت یہ حساب لگایا گیا کہ چار ہفتوں تک ایک شخص کے لیے اِن چیزوں کا بندوبست کرنے پر تقریباً 65 امریکی ڈالر (‏تقریباً 20 ہزار روپے)‏ کا خرچہ آئے گا۔ اِس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہ ہمارے ہزاروں بہن بھائیوں کو اِن چیزوں کی ضرورت ہوگی، منتظمین کی کمیٹی نے اِمداد کے لیے زیادہ رقم لگانے کی اِجازت دے دی۔ لیکن بھائی خود کو محفوظ رکھتے ہوئے بہن بھائیوں تک یہ چیزیں کیسے پہنچا سکتے تھے؟‏

 13 مارچ کو پولینڈ سے دو بھائی پولینڈ برانچ سے یوکرین کے شہر لیویو کے گودام تک کچھ چیزیں لے کر گئے تاکہ دیکھا جا سکے کہ سب ٹھیک طرح سے ہو پائے گا یا نہیں۔ اُن کے جانے سے کچھ وقت پہلے پولینڈ اور یوکرین کی برانچ کے بھائیوں نے اِن دونوں بھائیوں کے سفر کا بندوبست کِیا۔ برانچ نے وہ قانونی دستاویز تیار کیے جو دوسروں کی مدد کرنے کے لیے بارڈر پار کرنے کے لیے ضروری تھے۔ اُنہوں نے اِس بات کا پورا خیال رکھا کہ گاڑیوں پر ایسے سائن لگے ہوں جن سے پتہ چلے کہ یہ مدد کے لیے آئی ہیں۔ اور اُنہوں نے یوکرین کے بھائیوں سے رابطہ کر کے پوچھا کہ جب بھائی بارڈر پار کر لیں گے تو وہ کون سا ایسا راستہ لے سکتے ہیں جس سے وہ جلدی اُن تک پہنچ سکیں۔ اِس اچھی تیاری اور یہوواہ کی مدد سے چیزیں شہر لیویو تک پہنچ گئیں اور 24 گھنٹے کے اندر اندر اِنہیں اِمدادی کمیٹیوں تک پہنچا دیا گیا۔ اِس کے بعد بھائی حفاظت سے پولینڈ واپس آ گئے۔‏

 حالانکہ یہ پہلی کوشش کامیاب رہی لیکن بھائیوں نے ایک میٹرک ٹن سے بھی کم سامان پہنچایا تھا۔ اور ابھی 200 میٹرک ٹن سامان اَور پہنچانے کی ضرورت تھی۔ جلد سے جلد اِتنا زیادہ سامان پہنچانے اور اِسے بہن بھائیوں کو دینے کے لیے کیا کِیا جا سکتا تھا؟‏

‏”‏تیرے لوگ خوشی سے اپنے آپ کو پیش کرتے ہیں“‏

 جب پوری دُنیا سے لوگوں نے jw.org پر دیکھا کہ یوکرین میں رہنے والے بہن بھائی کتنی مشکل سے گزر رہے ہیں تو وہ اُن کی مدد کرنا چاہتے تھے۔ جو لوگ دُور رہتے تھے اُنہوں نے یہوواہ کے گواہوں کے عالم‌گیر کام کے لیے عطیات دیے کیونکہ اُنہیں پتہ تھا کہ یہ عطیات صحیح جگہ پر اِستعمال کیے جائیں گے۔ جو لوگ یوکرین کے اِردگِرد کے ملکوں میں رہتے تھے، اُنہوں نے اپنے وقت، طاقت اور اپنی چیزوں کے ذریعے اِن بہن بھائیوں کی مدد کی۔ ذرا اِس کی کچھ مثالوں پر غور کریں۔‏

 پولینڈ میں کچھ بہن بھائیوں نے ضرورت کی کچھ چیزوں کے بکس بنائے اور بچوں نے کارڈز بنائے۔ پولینڈ برانچ میں خریدوفروخت کے شعبے میں کام کرنے والے بھائی بارٹوز کوسچینک نے کہا:‏ ”‏مَیں اکثر زبور 110:‏3 پڑھتا تھا جہاں بتایا گیا ہے کہ یہوواہ کے بندے خوشی سے اپنے آپ کو پیش کریں گے۔ لیکن اب مَیں نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہے کہ بہن بھائی ایک دوسرے کی مدد کیسے کرتے ہیں۔ بہت سے بہن بھائیوں نے بڑی خوشی سے اور فوراً اپنے آپ کو پیش کِیا۔ وہ کام کرنے کے لیے بالکل تیار تھے۔ اِس سے صاف نظر آیا کہ اُس آیت میں لکھی بات سچ ہے۔“‏

 ہمارے ایک بھائی کی سامان کو ایک ملک سے دوسرے ملک پہنچانے کی کمپنی ہے۔ اُس بھائی نے اپنے ٹرک بھی اِس کام میں اِستعمال کرنے کے لیے دیے اور اِن کے پٹرول کا خرچہ بھی اُٹھایا۔ اُس بھائی نے کہا:‏ ”‏یہ میرے لیے ایک موقع تھا کہ مَیں یہوواہ اور اپنے بہن بھائیوں کے لیے محبت دِکھاؤں۔ مجھے خوشی ہے کہ مَیں نے مدد کا ہاتھ بڑھایا۔“‏ اندازے کے مطابق اُس بھائی نے تقریباً 7 ہزار 700 لیٹر (‏2 ہزار 34 گیلن)‏ پٹرول عطیے کے طور پر دیا اور بھائی اپنا وقت اور طاقت لگا کر تقریباً 48 ہزار کلو میٹر (‏30 ہزار میل)‏ تک یہ ٹرک چلا کر لے کر گئے اور سامان بہن بھائیوں تک پہنچایا۔

 بہن بھائیوں کی محبت اور محنت کی وجہ سے 28 مارچ یعنی پہلی بار یوکرین سامان پہنچانے کے 15 دن بعد ہی 100 میٹرک ٹن کھانا، ضرورت کا سامان اور دوائیاں وغیرہ یوکرین پہنچا دی گئیں۔ ہمارے بہن بھائیوں اور سامان بیچنے والوں کی طرف سے عطیات میں جو سامان ملا تھا، اُس کی وجہ سے اُس رقم میں سے کافی پیسے بچ گئے جو یوکرین کے بہن بھائیوں تک اِمدادی سامان پہنچانے کے لیے ٹھہرائی گئی تھی۔ یہوواہ کے گواہ اب تک 190 میٹرک ٹن سے بھی زیادہ اِمداد یوکرین کے بہن بھائیوں تک پہنچا چُکے ہیں۔ اِس اِمدادی سامان سے یوکرین کے بہن بھائیوں کی مدد کیسے ہوئی؟

‏”‏ہمیں آپ کا پیار بھی نظر آیا“‏

 جب اِمدادی سامان لیویو پہنچا تو اِمدادی کمیٹیوں نے اِسے پورے یوکرین میں ضرورت‌مند بہن بھائیوں تک پہنچایا۔ اِمدادی سامان فرق فرق شہروں میں پہنچایا گیا۔ کچھ شہر تو لیویو سے 1300 کلو میٹر (‏800 میل)‏ سے بھی زیادہ دُور تھے۔ حالانکہ یہ کام جلد سے جلد کرنے کی کوشش کی گئی مگر اِس میں پھر بھی تھوڑا وقت لگا۔‏

 یوکرین برانچ کمیٹی کے رُکن بھائی مارکوس رائن‌ہارٹ نے بتایا:‏ ”‏اِس مشکل وقت کے دوران بہن بھائیوں نے یہوواہ کی مدد کو محسوس کِیا اور اُنہوں نے دیکھا کہ کسی آفت سے پہلے بھی یہوواہ کی تنظیم سے جُڑے رہنے کا کتنا فائدہ ہوتا ہے۔“‏ مثال کے طور پر سب بہن بھائیوں سے کہا گیا کہ وہ کھانے پینے کا اِتنا سامان اپنے گھروں میں جمع کر کے رکھیں جو کئی ہفتوں تک چل سکے۔ اِس ہدایت کے حوالے سے شہر کیوِ کی کلیسیا کے اینٹن نام کے ایک بزرگ نے کہا:‏ ”‏ہم یہوواہ کی تنظیم کے بہت شکرگزار ہیں کیونکہ اِس نے ہمیں مشکل وقت کے لیے تیار کِیا ہے۔ کھانے پینے کے سامان کو جمع کر کے رکھنے اور ریڈیو پاس رکھنے سے ہماری زندگی بچ گئی۔“‏ ہمیں بہت خوشی ہے کہ بہن بھائیوں نے اِس ہدایت کو مانا کیونکہ اِس وجہ سے ہماری برانچ کو اِمدادی کاموں کو منظم کرنے کے لیے وقت مل گیا تھا۔

 جب بہن بھائیوں تک یہ اِمدادی سامان پہنچا تو اُنہیں کیسا لگا؟ خارکیف میں رہنے والی مائیکلا اور زیانیڈہ نے یہ کہا:‏ ”‏آپ نے ہمارے لیے جو فکر دِکھائی ہے، اُس نے ہمارے دل کو چُھو لیا ہے۔ ہمیں کھانا اور دوائیاں پہنچانے کے لیے بہت شکریہ!‏ بے‌شک یہوواہ ہمارا خیال رکھ رہا ہے۔“‏ اُسی علاقے میں رہنے والی ویلنٹینا نام کی بہن نے کہا:‏ ”‏جب جنگ شروع ہوئی تو لوگوں کو ضرورت کی چیزیں خریدنے کے لیے لمبی لمبی لائنوں میں کھڑا ہونا پڑتا تھا۔ اِس لیے ہم ضرورت کی سب چیزیں نہیں خرید پاتے تھے۔ یہوواہ ہماری اِس مشکل کو دیکھ رہا تھا۔ اُس نے بھائیوں کے ذریعے اِمدادی سامان ہمارے گھر تک پہنچایا اور اِس میں وہ سب کچھ تھا جس کی ہمیں ضرورت تھی۔ ایسی صورتحال میں جب اُمید کی کوئی کِرن نظر نہیں آ رہی ہوتی تو ہم یہ صاف طور پر دیکھ پاتے ہیں کہ یہوواہ اور اُس کی تنظیم کس طرح ہمارا خیال رکھ رہی ہے۔ ہمیں بہت خوشی ہے کہ یہوواہ نے بالکل صحیح وقت پر ہمیں وہ مدد اور سہارا دیا ہے جس کی ہمیں ضرورت تھی۔“‏

 یووہین، آئرینا اور مائیکیٹا کو مروپل سے بھاگنا پڑا۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏آپ نے ہمارے گھرانے کا جس طرح خیال رکھا اور جیسے ہمیں سہارا دیا، اُس کے لیے ہم بہت شکرگزار ہیں۔ ہمیں اِس کی بہت ضرورت تھی۔ شروع میں ہمیں لگ رہا تھا کہ ڈبوں میں بس ضرورت کا سامان ہے۔ لیکن اِس میں ہمیں آپ کا پیار بھی نظر آیا۔“‏

یووہین، آئرینا اور مائیکیٹا

 بے‌شک آپ نے دیکھا ہوگا کہ یہوواہ نے اپنی پاک روح کے ذریعے اپنے بندوں کو ہدایتیں دیں تاکہ اُس وقت اِمدادی سامان بہن بھائیوں تک پہنچایا جا سکے جب ’‏جگہ جگہ لڑائیاں‘‏ ہو رہی تھیں۔ آپ کے عطیات جو زیادہ‌تر ہمیں donate.jw.org سے ملتے ہیں، اُن کی وجہ سے بھی ہم یہ کام اِتنی اچھی طرح کر پائے۔ کُھلے دل سے عطیات دینے کے لیے آپ کا بہت شکریہ!‏

جلد سے جلد اور محفوظ طریقے سے اِمدادی سامان پہنچانا

  1. 24 فروری 2022ء:‏ منتظمین کی کمیٹی نے یوکرین کے بہن بھائیوں کے لیے اِمدادی سامان خریدنے کا ایک بجٹ بنایا جس کی وجہ سے ہماری برانچ اِمدادی کام شروع کر پائی۔‏

  2. 24 فروری–‏8 مارچ 2022ء:‏ یوکرین برانچ نے مقامی طور پر کچھ سامان خریدا اور اِمدادی کمیٹیوں کے ذریعے اِنہیں بہن بھائیوں تک پہنچایا۔ برانچ نے سامان خریدنا اور اِسے پولینڈ سے بہن بھائیوں تک پہنچانا بھی شروع کِیا۔‏

  3. 9 مارچ 2022ء:‏ منتظمین کی کمیٹی نے اِمدادی سامان یوکرین تک پہنچانے کی منظوری دے دی۔‏

  4. 10-‏12 مارچ 2022ء:‏ پولینڈ سے یوکرین کے شہر لیویو تک تھوڑا سامان بھیجنے کا پلان بنایا گیا تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ سب صحیح طرح ہو پائے گا یا نہیں۔‏

  5. 13 مارچ 2022ء:‏ پولینڈ سے یوکرین کے شہر لیویو تک کچھ سامان بھیجا گیا۔‏

  6. 14-‏16 مارچ 2022ء:‏ پولینڈ کے شہر پوزنان کے قریب اِجتماع کے ایک ہال میں ڈیزائن/‏تعمیر کے شعبے سے کچھ رضاکاروں کو جمع کِیا گیا تاکہ وہ کھانے پینے اور ضرورت کی چیزوں کے بکس تیار کر سکیں۔‏

  7. 17 مارچ 2022ء:‏ جب پہلی بار اِمدادی سامان صحیح طرح پہنچ گیا تو بھائی 13 میٹرک ٹن سامان یوکرین کے بارڈر تک لے کر گئے۔

  8. 21-‏27 مارچ 2022ء:‏ جو سامان بچ گیا تھا، اُسے بھی پولینڈ میں پیک کِیا گیا اور پھر اِسے یوکرین لے جا کر 24 گھنٹے کے اندر اندر بہن بھائیوں تک پہنچایا گیا۔‏

  9. 28 مارچ 2022ء:‏ منظوری ملنے کے 20 دن کے اندر اندر 100 میٹرک ٹن کھانے پینے اور ضرورت کی چیزیں اور دوائیاں وغیرہ یوکرین پہنچائی گئیں۔‏

 یہوواہ کے گواہ اب تک 190 میٹرک ٹن سے بھی زیادہ اِمدادی سامان یوکرین پہنچا چُکے ہیں۔‏