مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

آپ کے عطیات کیسے اِستعمال کیے جاتے ہیں؟‏

ترجمے کے دفتروں سے لاکھوں لوگوں کو فائدہ ہو رہا ہے

ترجمے کے دفتروں سے لاکھوں لوگوں کو فائدہ ہو رہا ہے

1 مارچ 2021ء

 یہوواہ کے گواہ بہت سی زبانوں میں اپنی کتابوں اور ویڈیوز کا ترجمہ کرتے ہیں۔ جو یہوواہ کے گواہ کُل‌وقتی طور پر ترجمے کا کام کرتے ہیں، اُن میں سے 60 فیصد سے زیادہ لوگ یہ کام ہماری برانچوں میں نہیں بلکہ ترجمے کے دفتروں میں کرتے ہیں۔ ایسا کرنے کا فائدہ کیوں ہے؟ ترجمے کے کام کو اچھی طرح سے کرنے کے لیے ترجمہ کرنے والوں کو کن چیزوں کی ضرورت پڑتی ہے؟ اِس کے علاوہ جس علاقے میں ترجمہ کِیا جاتا ہے، اُس کا ترجمے کے کام پر کیا اثر پڑتا ہے؟‏

 ترجمے کے دفتر اُن علاقوں میں بنائے جاتے ہیں جہاں وہ زبان بولی جاتی ہے جس میں ترجمہ کِیا جاتا ہے۔ غور کریں کہ اِس سلسلے میں کارِن نام کی ایک بہن نے کیا کہا جو لو جرمن زبان میں ترجمہ کرتی ہیں۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏جب سے ہم میکسیکو کے شہر کواٹیمک میں ترجمے کے دفتر میں کام کر رہے ہیں تب سے ہم آپس میں، مُنادی کرتے وقت اور دُکان سے چیزیں خریدتے وقت ہمیشہ لو جرمن زبان میں ہی بات کرتے ہیں۔ اِس طرح ہمیں ایسے لفظ اور محاورے سننے کو ملتے ہیں جو ہم نے کافی عرصے سے نہیں سنے تھے۔ اور ہمیں لوگوں کی عام بول‌چال کا بھی پتہ چل جاتا ہے۔“‏

 ملک گھانا میں جیمز نام کے ایک بھائی پہلے بیت‌ایل میں کام کرتے تھے لیکن اب وہ ایک ترجمے کے دفتر میں کام کرتے ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ کبھی کبھار اُنہیں وہ وقت بہت یاد آتا ہے جو اُنہوں نے بیت‌ایل میں کام کرنے والے بہن بھائیوں کے ساتھ گزارا تھا۔ لیکن اُنہوں نے یہ بھی کہا:‏ ”‏مجھے ترجمے کے دفتر میں رہ کر کام کرنا بہت اچھا لگتا ہے۔ جب مَیں مقامی زبان میں مُنادی کرتا ہوں اور دیکھتا ہوں کہ لوگوں پر بادشاہت کے پیغام کا کیا اثر ہو رہا ہے تو میرا دل خوشی سے بھر جاتا ہے۔“‏

 ہمارے بھائی یہ فیصلہ کیسے کرتے ہیں کہ ترجمے کا دفتر کہاں بنایا جائے؟ اِس حوالے سے امریکہ کے شہر واروِک میں ڈیزائن اور تعمیر کے عالم‌گیر شعبے میں کام کرنے والے بھائی جوزف کہتے ہیں:‏ ”‏ایک مسئلہ جس کا ہمیں اکثر سامنا ہوتا ہے، وہ یہ ہے کہ کچھ جگہوں پر بجلی، پانی اور اِنٹرنیٹ کی سہولت اِتنی اچھی نہیں ہوتی۔ اور اِنٹرنیٹ کا اِتنا اچھا کنکشن نہ ہونے کی وجہ سے وہ فائلیں حاصل کرنا مشکل ہو جاتا ہے جن کا ترجمہ کرنا ہوتا ہے۔ اِس لیے ترجمے کے دفتر کے لیے مناسب جگہ کا فیصلہ کرتے وقت ہم کسی ایک علاقے میں نہیں بلکہ اُن فرق فرق علاقوں میں جاتے ہیں جہاں یہ زبان بولی جاتی ہے۔“‏

 عام طور پر ترجمے کے دفتر کو جلدی اور کم پیسوں میں بنانے کا سب سے اچھا حل یہ ہے کہ یہ کسی اِجتماع کے ہال، عبادت‌گاہ یا اُس جگہ بنایا جائے جہاں مشنری رہتے ہیں۔ اِس طرح ترجمہ کرنے والے بہن بھائی آسانی سے اُس جگہ آ جا سکتے ہیں۔ لیکن اگر یہ جگہیں دفتر کے لیے دستیاب نہیں ہیں تو بھائی ترجمے کا دفتر بنانے کے لیے ایسی جگہ خریدنے کی اِجازت لیتے ہیں جہاں ترجمہ کرنے والے بہن بھائی ترجمے کا کام بھی کر سکیں اور رہ بھی سکیں۔ اور اگر کبھی کسی وجہ سے دفتر کی جگہ بدلنی پڑے تو خریدی ہوئی جگہ کو آسانی سے بیچا جا سکتا ہے اور اُس سے ملنے والے پیسوں کو کسی اَور ضروری کام کے لیے اِستعمال کِیا جا سکتا ہے۔

کام کو جاری رکھنے کے لیے سازوسامان

 2020ء کے خدمتی سال کے دوران ہم نے ترجمے کے دفتروں پر 13 ملین امریکی ڈالر [‏تقریباً 23 کروڑ 20 لاکھ روپے]‏ خرچ کیے تاکہ وہاں سے اِس کام کو جاری رکھا جا سکے۔ ترجمے کے دفتر میں کام کرنے والے بہن بھائیوں کو کمپیوٹر، خاص قسم کے سافٹ‌ویئر، آڈیو ریکارڈنگ کے سامان، اِنٹرنیٹ اور دوسری بنیادی چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ عام طور پر ایک کمپیوٹر اور مانیٹر وغیرہ پر تقریباً 750 امریکی ڈالر [‏تقریباً 1 لاکھ 30 ہزار روپے]‏ تک کا خرچہ آتا ہے۔ اِن کمپیوٹروں میں ایک خاص سافٹ‌ویئر اور ترجمے کے کام کے لیے ایک خاص پروگرام ڈالا جاتا ہے جسے ”‏واچ‌ٹاور ٹرانسلیشن سسٹم“‏ کہا جاتا ہے۔ اِس پروگرام کے ذریعے ترجمے کے کام کو منظم کرنا اور اُن کتابوں اور ویڈیوز کو حاصل کرنا آسان ہوتا ہے جن کا ترجمہ کرنا ہوتا ہے۔‏

 ترجمہ کرنے والوں کو آڈیو ریکارڈنگ کا سامان بھی دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے وہ ترجمے کے دفتر میں ریکارڈنگز کر سکتے ہیں۔ جب کورونا کی وبا شروع ہوئی تو یہ سامان ترجمہ کرنے والے بہن بھائیوں کے بہت کام آیا کیونکہ وہ اِسے اپنے گھر لے گئے۔ اِس طرح وہ اپنے گھروں سے ہی ویڈیوز اور کتابوں رسالوں وغیرہ کا ترجمہ کر سکے۔‏

 اکثر کلیسیا کے بہن بھائی بھی ترجمے کے دفتر میں آ کر مدد کراتے ہیں۔ اِن میں سے کچھ ترجمہ کی ہوئی کتابوں اور ویڈیوز پر اپنی رائے دیتے ہیں۔ اور کچھ بہن بھائی ترجمے کے دفتر کی مرمت اور دیکھ‌بھال میں مدد کرتے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں ترجمے کے دفتر میں کام کرنے والے کرسٹین نام کے ایک بھائی کہتے ہیں:‏ ”‏کئی مبشر اور پہل‌کار یہاں آ کر کام کر سکتے ہیں۔“‏

 جو بہن بھائی ترجمے کے دفتروں میں کام کرنے آتے ہیں، وہ یہاں کام کرنے کو ایک اعزاز سمجھتے ہیں۔ اِس سلسلے میں ایک بہن نے کہا:‏ ”‏یہاں کام کرنے سے ویسی ہی تازگی ملتی ہے جیسی تازہ ہوا کے جھونکے سے ملتی ہے۔“‏ کچھ بہن بھائیوں کی آوازوں کو آڈیو ریکارڈنگ کے لیے بھی اِستعمال کِیا جاتا ہے۔ اِس سلسلے میں میکسیکو کی ریاست ویراکروز میں ٹوٹونک زبان میں ترجمہ کرنے والی بہن وانا کہتی ہیں:‏ ”‏چونکہ اب ترجمے کا دفتر ایسے شہروں کے قریب ہے جہاں لوگ وہی زبان بولتے ہیں جن میں ہم ترجمہ کرتے ہیں اِس لیے اب زیادہ بہن بھائیوں کے لیے یہاں آ کر ریکارڈنگ کرنا آسان ہو گیا ہے۔“‏

 لیکن کیا ترجمے کے دفتر بنانے سے ہمارے ترجمے کی کوالٹی بہتر ہوئی ہے؟ جو لوگ ہماری کتابوں کو پڑھتے ہیں، اُن میں سے بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ ایسا واقعی ہوا ہے۔ عوامی جمہوریہ کانگو میں ترجمے کا کام کرنے والے بھائی سیڈرِیک بتاتے ہیں:‏ ”‏کچھ بہن بھائی ہماری کتابوں میں اِستعمال ہونے والی زبان کے بارے میں کہتے تھے کہ یہ ہماری تنظیم کی کوئی اپنی ہی کانگو زبان ہے کیونکہ ہم وہ کانگو زبان اِستعمال نہیں کر رہے تھے جو لوگ عام طور پر بولتے تھے۔ لیکن وہی بہن بھائی اب یہ کہتے ہیں کہ ہماری کتابوں کا ترجمہ اُسی کانگو میں ہو رہا ہے جو لوگ عام طور پر بولتے ہیں۔“‏

 بھائی آنڈیلے جنوبی افریقہ میں رہتے ہیں اور خوسہ زبان میں ترجمہ کرتے ہیں۔ اُنہوں نے بھی لوگوں کو ایسی ہی بات کہتے سنا۔ اُنہوں نے بتایا:‏ ”‏بہت سے لوگوں نے محسوس کِیا ہے کہ اب ترجمہ پہلے سے بہت بہتر ہو گیا ہے، یہاں تک کہ جو بچے پہلے ‏”‏مینارِنگہبانی“‏ کو انگریزی میں پڑھتے تھے، اب وہ اِسے خوسہ زبان میں پڑھنے لگے ہیں۔ اُنہیں خاص طور پر بائبل کے ‏”‏ترجمہ نئی دُنیا“‏ کو پڑھنا بہت اچھا لگتا ہے کیونکہ اِس میں بہت سادہ اور آسان زبان اِستعمال کی گئی ہے۔“‏

 ترجمے کے دفتروں کو بنانے، اِن کی دیکھ‌بھال کرنے اور وہاں کام کرنے والے بہن بھائیوں کے اخراجات کو کیسے پورا کِیا جاتا ہے؟ اُن عطیات کے ذریعے جو آپ بہن بھائی عالم‌گیر کام کے لیے دیتے ہیں۔ اِن میں سے بہت سے عطیات donate.jw.orgکے ذریعے دیے جاتے ہیں۔‏