آپ کے عطیات کیسے اِستعمال کیے جاتے ہیں؟
ایک جگہ عطیات کی کثرت دوسری جگہ عطیات کی کمی کو پورا کرتی ہے
1 اکتوبر 2020ء
یہوواہ کے گواہ 200 سے زیادہ ملکوں میں دوسروں کی مدد کرنے کے لیے بہت خاص کام انجام دیتے ہیں۔ مگر اِن ملکوں میں سے صرف 35 ایسے ملک ہیں جنہیں اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے مقامی طور پر کافی عطیات مل جاتے ہیں۔ لیکن جن ملکوں میں مقامی طور پر اِتنے عطیات نہیں ملتے، وہاں پر اخراجات کیسے پورے ہوتے ہیں؟
یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی اِس بات کا جائزہ لیتی ہے کہ پوری دُنیا میں یہوواہ کے گواہوں کو یہوواہ کی عبادت کرنے اور خوش خبری کی مُنادی کرنے کے لیے کس چیز کی ضرورت ہے۔ اِس بات کا بہت سوچ سمجھ کر اندازہ لگایا جاتا ہے کہ کس کام پر کتنے پیسے لگیں گے اور پھر اِن پیسوں کو اُسی کام کے لیے اِستعمال کِیا جاتا ہے۔ اگر ایک برانچ کو اِتنے عطیات ملتے ہیں کہ اُس کی ضروریات بھی پوری ہو جائیں اور عطیات بچ بھی جائیں تو وہ اِنہیں ایسے ملکوں کو بھیج دیتی ہے جہاں پر اِتنے زیادہ عطیات نہیں ملتے۔ اِس طرح وہ پہلی صدی کے مسیحیوں کی مثال پر عمل کرتی ہے جنہوں نے اِسی طرح سے ایک دوسرے کی مدد کی تاکہ ’اُن کے حالات برابر رہیں۔‘ (2-کُرنتھیوں 8:14، اُردو جیو ورژن) اُن کے پاس جو چیز کثرت سے تھی، اُس سے اُنہوں نے دوسرے مسیحیوں کی ضروریات کو پورا کِیا۔
ہمارے وہ بہن بھائی کیسا محسوس کرتے ہیں جن کی دوسری برانچوں کے اِضافی عطیات کے ذریعے سے مدد کی گئی ہے؟ اِس سلسلے میں غور کریں کہ تنزانیہ میں جہاں پر آدھی سے زیادہ آبادی روزانہ تقریباً 300 روپے (تقریباً 2 امریکی ڈالر) میں گزارہ کرتی ہے، وہاں پر ایسے عطیات کے ذریعے سے ایک عبادت گاہ کی مرمت کی گئی جسے مافینگا نامی کلیسیا اِستعمال کرتی ہے۔ اِس کلیسیا نے ایک خط میں بھائیوں کو لکھا: ”عبادت گاہ کی مرمت کے بعد سے اِجلاسوں پر حاضری بہت زیادہ بڑھ گئی ہے! ہم یہوواہ خدا کی تنظیم اور پوری دُنیا میں اپنے بہن بھائیوں کی فراخ دلی کے دل سے شکر گزار ہیں جس کی وجہ سے ہم اِتنی پیاری جگہ پر یہوواہ کی عبادت کر سکتے ہیں۔“
سری لنکا میں ہمارے کچھ بہن بھائیوں کو کووِڈ-19 کی وبا کی وجہ سے خوراک کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔ اِن میں بہن عمارہ فرنینڈو اور اُن کا بیٹا اِینوش بھی شامل ہیں۔ لیکن دوسرے ملکوں سے بہن بھائیوں کے عطیات کی وجہ سے اُن کو کھانے پینے کی چیزیں مل سکیں۔ اُنہوں نے ہاتھ سے بنے ایک کارڈ میں بھائیوں کو لکھا: ”ہم اُن بہن بھائیوں کے بہت شکرگزار ہیں جنہوں نے اِس مشکل وقت میں ہمارے لیے محبت دِکھائی۔ ہم بہت خوش ہیں کہ ہم اِس خاندان کا حصہ ہیں اور ہم یہوواہ سے دُعا کرتے رہتے ہیں کہ وہ اِس آخری زمانے میں ہمارے سب بہن بھائیوں کی مدد کرے۔“
ہمارے بہن بھائی چاہے کہیں بھی رہتے ہوں؛ اُن کے پاس جو کچھ بھی ہے، وہ اُس سے دوسروں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ مثال کے طور پر اِینوش نے اپنے لیے ایک چھوٹا سا بکس بنایا ہوا ہے جس میں وہ پیسے جمع کر کے ضرورت مند بہن بھائیوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ بہن گواڈالُوپے ایلواریز نے بھی ایسا ہی جذبہ دِکھایا ہے۔ وہ میکسیکو کے ایک ایسے علاقے میں رہتی ہیں جہاں پر لوگوں کی آمدنی بہت ہی کم ہے یا پھر اُن کی آمدنی کا کوئی ذریعہ ہی نہیں ہے۔ پھر بھی وہ جتنے بھی عطیات دے سکتی ہیں، دیتی ہیں۔ اُنہوں نے ایک خط میں بھائی کو لکھا: ”مَیں خدا کی اٹوٹ محبت اور اُن سب چیزوں کے لیے اُس کی بہت شکر گزار ہوں جو وہ مجھے دیتا ہے۔ مجھے پتہ ہے کہ میرے عطیات کو دوسرے بہن بھائیوں کے عطیات کے ساتھ ملا دیا جائے گا اور پھر یہ ضرورت مند بہن بھائیوں کے کام آئیں گے۔“
جو برانچیں دوسرے ملکوں میں ضرورت مند بہن بھائیوں کے لیے عطیات بھیجتی ہیں، اُنہیں ایسا کر کے بہت خوشی ملتی ہے۔ برازیل میں ہماری برانچ کی کمیٹی سے بھائی اینتھونی کاروالہو نے کہا: ”بہت سالوں تک ہمارے ملک میں بادشاہت کے کام کے لیے دوسرے ملکوں سے بہن بھائیوں کے عطیات کی ضرورت تھی۔ بہن بھائیوں کی طرف سے اِس مدد کی وجہ سے ہم ڈھیروں ڈھیر لوگوں کی مدد کر سکے کہ وہ یہوواہ کی طرف آئیں۔ اب یہاں پر ہماری مالی حالت بدل گئی ہے اور ہم دوسرے ملکوں میں بہن بھائیوں کی مدد کر سکتے ہیں۔ برازیل میں ہمارے بہن بھائی اِس بات پر دھیان دیتے ہیں کہ خوش خبری کی مُنادی پوری دُنیا میں کی جا رہی ہے اور اِس کام میں وہ بہن بھائیوں کی مدد کرنے کے لیے جو کچھ بھی کر سکتے ہیں، ضرور کریں گے۔“
یہوواہ کے گواہ اپنے ضرورت مند بہن بھائیوں کی اچھی طرح سے مدد کیسے کر سکتے ہیں؟ دوسرے ملکوں میں ہماری برانچوں کو براہِ راست عطیات بھیجنے سے نہیں بلکہ عالم گیر کام کے لیے عطیات دینے سے۔ وہ اپنے عطیات کو کلیسیا کے اُس ڈبے میں ڈال سکتے ہیں جس پر لکھا ہوتا ہے: عالم گیر کام کے لیے۔ یا پھر وہ اپنے عطیات کو donate.jw.org کے ذریعے بھیج سکتے ہیں۔ ہم اِن عطیات کی دل سے قدر کرتے ہیں۔