مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

آپ کے عطیات کیسے اِستعمال کیے جاتے ہیں؟‏

ایسے نقطے جو زندگی بدل دیتے ہیں

ایسے نقطے جو زندگی بدل دیتے ہیں

1 اکتوبر 2021ء

 1 جون 1912ء کے ‏”‏دی واچ‌ٹاور“‏ میں لکھا تھا:‏ ”‏ہماری کتابوں اور رسالوں کو پڑھنے والے بہت سے لوگ ضرور ایسے لوگوں کو جانتے ہوں گے جو دیکھ نہیں سکتے۔ نابینا لوگ مُفت کتابیں اور رسالے وغیرہ حاصل کر سکتے ہیں۔ اُن کے لیے جو کتابیں تیار کی جاتی ہیں، اُن میں اُبھرے ہوئے نقطے ہوتے ہیں جنہیں وہ پڑھ سکتے ہیں۔“‏ اِس رسالے میں یہ بھی بتایا گیا تھا:‏ ”‏بہت سے نابینا لوگ بائبل کے اِس پیغام کے لیے بہت شکرگزار ہیں ایک نئی دُنیا آنے والی ہے جس میں اُنہیں ڈھیروں ڈھیر برکتیں ملیں گی۔“‏

 جب اِس رسالے میں یہ بات لکھی گئی تھی تو اُس وقت انگریزی بولنے والے ملکوں میں نابینا لوگوں کے لیے بریل میں کتابیں تیار کرنے کا کوئی ایک نظام نہیں تھا۔ فرق فرق ملک فرق فرق طریقے اِستعمال کرتے تھے۔ لیکن یہوواہ کے گواہ اُس وقت بھی بائبل کی سچائیوں کو بریل میں یعنی اُبھرے ہوئے لفظوں میں چھاپ رہے تھے۔ اور ہم آج بھی یہ کام کر رہے ہیں۔ اب ہمارے پاس 50 سے زیادہ زبانوں میں بریل میں کتابیں رسالے وغیرہ موجود ہیں۔ آئیں، دیکھیں کہ یہ کتابیں اور رسالے تیار کیسے کیے جاتے ہیں۔‏

بریل میں لفظوں کو لکھنے کے لیے کم سے کم ایک یا زیادہ سے زیادہ چھ نقطے ہوتے ہیں جنہیں صفحے پر ترتیب سے اُبھارا جاتا ہے۔‏

مواد کو نقطوں والی اور اُبھری ہوئی لکھائی میں تبدیل کرنا

 سب سے پہلے لکھے ہوئے مواد کو نقطوں میں بدلا جاتا ہے۔ ریاست نیو یارک کے شہر پیٹرسن میں بھائی مائیکل مِلن اُس شعبے میں کام کرتے ہیں جس میں تیارشُدہ مضامین کو فرق فرق فارمیٹس میں ریلیز کِیا جاتا ہے۔ وہ کہتے ہیں:‏ ”‏ماضی میں ہم بریل کے لیے ایک ایسا سافٹ ویئر اِستعمال کرتے تھے جو مواد کو نقطوں کو بدلتا تھا۔ لیکن ہم اِسے ہر زبان کے لیے اِستعمال نہیں کر سکتے تھے۔ مگر اب ہم واچ‌ٹاور ٹرانسلیشن سسٹم اِستعمال کرتے ہیں جو زیادہ‌تر زبانوں کو بریل میں بدل سکتا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اِس جیسا پروگرام کوئی اَور ہو ہی نہیں سکتا۔“‏

 بریل میں ہماری کتابوں اور رسالوں میں تصویروں کی وضاحت بھی کی جاتی ہے۔ مثال کے طور پر کتاب ‏”‏اب اور ہمیشہ تک خوشیوں بھری زندگی!‏‏“‏ کے سرِورق پر جو تصویر ہے، اُس کی وضاحت بریل میں اِس طرح سے کی گئی ہے:‏ ”‏ایک شخص ایک ایسے راستے پر چل رہا ہے جس کے اِردگِرد خوب‌صورت پھول اور پہاڑ ہیں۔“‏ بھائی جمشید دیکھ نہیں سکتے۔ وہ یہوواہ کے گواہوں کی کلیسیا میں ایک خادم اور پہل‌کار ہیں۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏تصویروں کی وضاحتیں میرے لیے انمول ہیں۔“‏

 لفظوں کو نقطوں میں بدلنے کے بعد مواد کو چھپائی کے لیے برانچوں میں بھیجا جاتا ہے۔ وہاں نقطوں کو ایسے صفحوں پر اُبھری ہوئی لکھائی میں بدلا جاتا ہے جو چھپائی کے دوران نہ تو پھٹیں اور نہ ہی بار بار اِستعمال ہونے پر خراب ہوں۔ اِس کے بعد اِن صفحوں کو جوڑ کر اِنہیں جِلد کِیا جاتا ہے۔ پھر اِنہیں یا تو دوسری کتابوں اور رسالوں کے ساتھ کلیسیاؤں میں بھیجا جاتا ہے یا پھر اگر ڈاک خانے والے نابینا لوگوں کے لیے مُفت چیزیں بھیجنے کی سہولت دیتے ہیں تو اِسے ڈاک کے ذریعے بھیجا جاتا ہے۔ اگر اِن بہن بھائیوں کے پاس اِجلاس کے دوران اِستعمال ہونے والی کتابیں اور رسالے وغیرہ نہیں ہوتے تو برانچیں اِنہیں ایسی ڈاک کے ذریعے اُن تک پہنچاتی ہیں کہ یہ اُنہیں جلدی مل جائیں۔‏

 یہ سب کرنے میں بہت سا وقت اور پیسہ لگتا ہے۔ جتنی دیر میں بریل میں دو بائبلیں چھپتی ہیں اُتنی دیر میں والکل میں ہمارے چھاپہ‌خانے میں 50 ہزار دوسری بائبلیں چھپ جاتی ہیں۔ انگریزی زبان میں ایک بریل بائبل کی 25 جِلدیں ہوتی ہیں اور اِنہیں تیار کرنے میں جو مٹیریل اِستعمال ہوتا ہے، اُس کا خرچہ ایک عام بائبل کو تیار کرنے سے 123 گُنا زیادہ ہوتا ہے۔ اِن 25 جِلدوں کے باہر کے گتوں کا خرچہ ہی 150 امریکی ڈالر [‏تقریباً 26 ہزار روپے]‏ ہوتا ہے!‏

انگریزی میں بریل میں دستیاب ‏”‏ترجمہ نئی دُنیا“‏ کی 25 جِلدیں

 جو لوگ بریل میں کتابیں وغیرہ تیار کرنے کے کام میں حصہ لیتے ہیں، وہ اِس بارے میں کیسا محسوس کرتے ہیں؟ بہن نادیہ جو جنوبی افریقہ برانچ میں کام کرتی ہیں، کہتی ہیں:‏ ”‏ہمارے نابینا بہن بھائیوں اور اُن بہن بھائیوں کی زندگی آسان نہیں ہے جن کی نظر بہت ہی زیادہ کمزور ہے۔ یہ میرے لیے بہت بڑی برکت ہے کہ مَیں ایک ایسے کام میں حصہ لے رہی ہوں جس سے اِن بہن بھائیوں کی اِتنی مدد ہو رہی ہے۔ اِس میں کوئی شک نہیں ہے کہ یہوواہ اِن بہن بھائیوں سے بہت پیار کرتا ہے۔“‏

بریل سیکھنے کے لیے ایک کتاب

 جن نابینا لوگوں کو بریل پڑھنی نہیں آتی، اُن کی مدد کرنے کے لیے ہم نے کیا کِیا ہے؟ اِس سلسلے میں ہم نے کچھ سال پہلے ایک کتاب شائع کی تھی جس کی مدد سے لوگ بریل پڑھنا سیکھ سکتے ہیں۔ اِس کتاب میں بریل اور عام زبان دونوں شامل کی گئی ہیں۔ اِسے اِس طرح سے تیار کِیا گیا ہے کہ ایک نابینا شخص اور وہ شخص جو دیکھ سکتا ہے، دونوں اِسے مل کر اِستعمال کر سکیں۔ اِس کے علاوہ اِس کتاب کے ساتھ نابینا شخص کو ایسی چیزیں بھی دی جاتی ہیں جنہیں اِستعمال کر کے وہ بریل لکھ سکتا ہے۔ جب وہ شخص اِن چیزوں کو اِستعمال کر کے بریل میں کچھ لکھتا ہے تو اُس کے لیے باتوں کو یاد رکھنا اور اِنہیں ہاتھ لگا کر پہچاننا آسان ہو جاتا ہے۔‏

‏”‏مَیں اِنہیں پڑھے بغیر رہ ہی نہیں سکتی“‏

 نابینا بہن بھائی اور جن بہن بھائیوں کی نظر بہت زیادہ کمزور ہے، اُنہیں بریل میں کتابوں اور رسالوں سے کیا فائدہ ہوا ہے؟ اِس سلسلے میں ہیٹی میں رہنے والے ایک نابینا بھائی کی مثال پر غور کریں۔ اُن کا نام ارنسٹ ہے۔ جب وہ عبادتوں پر جاتے تھے تو اُن کے پاس بریل میں کوئی کتاب یا رسالہ نہیں ہوتا تھا۔ اِس کی وجہ سے اُنہیں عبادت میں اپنے حصے یا جواب دینے کے لیے بہت سی باتوں کو زبانی یاد رکھنا پڑتا تھا۔ وہ کہتے ہیں:‏ ”‏اب مَیں کسی بھی وقت اپنا ہاتھ کھڑا کر کے جواب دے سکتا ہوں۔ مجھے محسوس ہوتا ہے کہ مَیں اپنے دوسرے بہن بھائیوں کے ساتھ متحد ہوں کیونکہ ہم سب کو ایک جیسا روحانی کھانا مل رہا ہے۔“‏

 ملک آسٹریا کی کلیسیا میں ایک بزرگ ہیں جن کا نام یان ہے اور اُن کی نظر بہت کمزور ہے۔ وہ ‏”‏مینارِنگہبانی“‏ اور بائبل کے کلیسیائی مطالعے میں پیشوائی کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا:‏ ”‏ہماری تنظیم بریل میں جو کتابیں تیار کرتی ہے، وہ بریل میں موجود دوسری کتابوں سے کہیں زیادہ آسان ہیں۔ ہماری کتابوں اور رسالوں میں صفحوں کے نمبر اور تصویروں کی وضاحتیں ہوتی ہیں اور فٹ‌نوٹ بھی بڑی آسانی سے مل جاتے ہیں۔“‏

 جنوبی کوریا میں رہنے والی ہماری بہن سان‌اک ایک پہل‌کار ہیں اور وہ دیکھ اور سُن نہیں سکتیں۔ پہلے عبادتوں میں جب کوئی بہن یا بھائی اِشاروں کی زبان اِستعمال کرتا تھا تو یہ بہن اُن کے ہاتھوں کو پکڑ کر محسوس کرتی تھی کہ عبادت میں کیا بتایا جا رہا ہے۔ لیکن اب اُن کے پاس بریل میں کتابیں ہیں۔ وہ کہتی ہیں:‏ ”‏بریل میں دوسری کتابوں کو پڑھنا مشکل ہوتا ہے کیونکہ کسی جگہ نقطے نہیں ہوتے؛ لائنیں پوری نہیں ہوتیں اور کبھی کبھی کاغذ بھی بہت باریک ہوتا ہے۔ لیکن یہوواہ کے گواہ جو کتابیں تیار کرتے ہیں، اُن کا کاغذ بہت اچھی کوالٹی کا ہوتا ہے اور نقطے بھی صحیح طرح اُبھرے ہوتے ہیں۔ اِس لیے مجھے پڑھنے میں آسانی ہوتی ہے۔ پہلے مجھے تنظیم کی کتابیں وغیرہ پڑھنے کے لیے کسی کی مدد کی ضرورت پڑتی تھی۔ لیکن اب مَیں اِنہیں خود پڑھ سکتی ہوں۔ اب جب مَیں عبادتوں کی تیاری کرتی ہوں اور اِجلاس میں بھرپور حصہ لیتی ہوں تو مجھے بہت خوشی ہوتی ہے۔ مَیں بریل میں تنظیم کی ساری کتابیں پڑھتی ہوں۔ سچ کہوں تو مَیں اِنہیں پڑھے بغیر رہ ہی نہیں سکتی۔“‏

 ہماری دوسری کتابوں اور رسالوں کی طرح بریل کی کتابوں اور رسالوں میں بھی یہ لکھا ہوتا ہے:‏ ”‏اِس رسالے کو فروخت کے لیے پیش نہ کِیا جائے۔ یہ رسالہ خدا کے کلام کی تعلیم دینے کے لیے شائع کِیا جاتا ہے۔ یہ کام پوری دُنیا میں رضاکارانہ عطیات کی مدد سے کِیا جاتا ہے۔“‏ ہم آپ کے اُن عطیات کے لیے دل سے شکرگزار ہیں جنہیں آپ donate.jw.org پر بتائے گئے طریقوں کے مطابق دیتے ہیں۔ اِن عطیات کی وجہ سے ہم سب لوگوں کے لیے روحانی کھانا تیار کر پاتے ہیں۔ اِن لوگوں میں نابینا اور وہ لوگ بھی شامل ہیں جن کی نظر بہت کمزور ہے۔‏