جنگوں کو ختم کرنا اِنسانوں کے بس میں نہیں ہے۔
جنگیں اور لڑائیاں کیسے ختم ہوں گی؟
خدا کے کلام سے پتہ چلتا ہے کہ کوئی اِنسان نہیں بلکہ خدا ”پوری زمین سے جنگیں ختم“ کرے گا۔—زبور 46:9۔
خدا اِنسانی حکومتوں کو ختم کر دے گا
خدا اِنسانی حکومتوں کو ایک خاص جنگ کے ذریعے ختم کر دے گا۔ بائبل میں اِس خاص جنگ کو ہرمجِدّون a کہا گیا ہے۔ (مُکاشفہ 16:16) اُس وقت ”پوری زمین کے بادشاہوں“ کو ”لامحدود قدرت والے خدا کے عظیم دن کی جنگ“ کے لیے جمع کیا جائے گا۔ (مُکاشفہ 16:14) ہرمجِدّون خدا کی جنگ ہے جو وہ تمام جنگوں کو ختم کرنے کے لیے لڑے گا۔
خدا اِنسانی حکومتوں کی جگہ اپنی بادشاہت یعنی اپنی حکومت قائم کرے گا۔ خدا کی بادشاہت آسمان سے حکمرانی کرے گی اور یہ کبھی ختم نہیں ہوگی۔ (دانیایل 2:44) خدا نے اپنے بیٹے یسوع مسیح کو اِس بادشاہت کا بادشاہ چُنا ہے۔ (یسعیاہ 9:6، 7؛ متی 28:18) یہ وہ بادشاہت b ہے جس کے بارے میں یسوع مسیح نے اپنے پیروکاروں کو دُعا کرنا سکھایا۔ (متی 6:9، 10) یہ بادشاہت پوری زمین پر حکمرانی کرے گی اور اِس حکومت کے تحت پوری زمین پر سب لوگ متحد ہوں گے۔
یسوع مسیح اِنسانی حکمرانوں کی طرح اپنے اِختیار کو اپنے فائدے کے لیے اِستعمال نہیں کریں گے۔ چونکہ یسوع مسیح اِنصافپسند ہیں اور کسی کی طرفداری نہیں کرتے اِس لیے کسی بھی شخص کو اِس بات کے لیے پریشان نہیں ہونا پڑے گا کہ اُسے اُس کی نسل، قوم یا ثقافت کی وجہ سے نظرانداز کر دیا جائے گا۔ (یسعیاہ 11:3، 4) اور لوگوں کو اپنے حقوق کے لیے لڑنا نہیں پڑے گا۔ مگر کیوں؟ کیونکہ یسوع مسیح ہر شخص کی بھلائی میں دلچسپی لیں گے۔ ’وہ اُن غریبوں کو بچائیں گے جو مدد کی فریاد کرتے ہیں اور اُن کو بھی جو ادنیٰ ہیں اور جن کا کوئی مددگار نہیں ہے۔ وہ اُنہیں ظلموستم سے چھڑائیں گے۔‘—زبور 72:12-14۔
خدا کی بادشاہت زمین سے تمام جانلیوا ہتھیاروں کو ختم کر دے گی۔ (میکاہ 4:3) وہ اُن لوگوں کو بھی ختم کر دے گی جو لڑائی جھگڑا کرنے اور دوسروں کا سکون برباد کرنے سے باز نہیں آتے۔ (زبور 37:9، 10) وہاں رہنے والا ہر مرد، عورت اور بچہ زمین پر جہاں بھی رہیں گے، خود کو محفوظ محسوس کریں گے۔—حِزقیایل 34:28۔
خدا کی بادشاہت میں لوگ ایسی زندگی گزاریں گے جس میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔ یہ اُن تمام مشکلوں کو بھی ختم کر دے گی جس کی وجہ سے لوگ لڑتے اور جنگیں کرتے ہیں جیسے کہ غربت، خوراک کی کمی اور رہنے کے لیے گھر نہ ہونا۔ وہاں صحتبخش کھانے کی بھرمار ہوگی اور کوئی شخص بھوکا نہیں رہے گا۔ وہاں سب لوگوں کے پاس رہنے کے لیے آرامدہ گھر ہوں گے۔—زبور 72:16؛ یسعیاہ 65:21-23۔
خدا کی بادشاہت میں اُن خوفناک اثرات کو بھی ختم کر دیا جائے گا جو جنگوں کی وجہ سے ہوئے ہیں۔ اِس میں صرف جسمانی گھاؤ ہی نہیں بلکہ وہ ذہنی اور جذباتی کرب بھی شامل ہے جس سے لوگوں کو جنگوں کی وجہ سے گزرنا پڑتا ہے، یہاں تک کہ جو لوگ فوت ہو گئے ہیں، اُنہیں بھی زمین پر دوبارہ زندہ کر دیا جائے گا۔ (یسعیاہ 25:8؛ 26:19؛ 35:5، 6) بچھڑے ہوئے گھرانے پھر سے ایک دوسرے سے ملیں گے اور جنگوں کی تکلیفدہ یادیں ’ختم ہو جائیں گی۔‘—مُکاشفہ 21:4۔
خدا گُناہ کو ختم کر دے گا
خدا کی بادشاہت میں سب لوگ صرف سچے خدا یہوواہ c کی عبادت کریں گے ”جو محبت اور صلح کا سرچشمہ ہے۔“ (2-کُرنتھیوں 13:11، نیو اُردو بائبل ورشن) لوگ یہ سیکھیں گے کہ وہ صلح صفائی سے کیسے رہ سکتے ہیں۔ (یسعیاہ 2:3، 4؛ 11:9) جو لوگ اُن باتوں پر عمل کریں گے جو اُنہیں سکھائی جائیں گی، وہ گُناہ کے اثرات سے پاک ہو جائیں گے۔—رومیوں 8:20، 21۔
خدا شیطان اور اُس کے بُرے فرشتوں کو ختم کر دے گا
خدا کی بادشاہت شیطان اور اُس کے بُرے فرشتوں کو ختم کر دے گی جو جنگ کی آگ کو ہوا دیتے ہیں۔ (مُکاشفہ 20:1-3، 10) اُن کا بُرا اثر ختم ہو جانے کے بعد ”ہر طرف امن ہی امن ہوگا۔“—زبور 72:7۔
آپ یہ یقین رکھ سکتے ہیں کہ خدا کا یہ وعدہ ضرور پورا ہوگا کہ جنگیں اور لڑائیاں ختم ہو جائیں گی۔ خدا جنگوں کو ختم کر سکتا ہے اور وہ ایسا کرنا بھی چاہتا ہے۔
-
خدا میں جنگوں اور تشدد کو ختم کرنے کی دانشمندی اور طاقت ہے۔ (ایوب 9:4) اُس کے لیے کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔—ایوب 42:2۔
-
لوگوں کو تکلیف میں دیکھ کر خدا کو دُکھ ہوتا ہے۔ (یسعیاہ 63:9) اُسے اُن لوگوں سے نفرت ہے جو تشدد کو پسند کرتے ہیں۔—زبور 11:5۔
-
خدا ہمیشہ اپنی بات پوری کرتا ہے؛وہ جھوٹ نہیں بول سکتا۔—یسعیاہ 55:10، 11؛ طِطُس 1:2۔
خدا مستقبل میں حقیقی اور ابدی امن قائم کرے گا۔
خدا جنگوں کو ختم کر دے گا۔
a ویبسائٹ jw.org پر اِس مضمون کو پڑھیں: ”ہرمجِدّون کی جنگ کیا ہے؟“
b ویبسائٹ jw.org پر اِس ویڈیو کو دیکھیں: ”خدا کی بادشاہت کیا ہے؟“
c خدا کا ذاتی نام یہوواہ ہے۔—زبور 83:18۔

