تباہی کی علامتی گھڑی کے ذریعے کی جانے والی پیش‌گوئیاں پوری نہیں ہوں گی کیونکہ خدا نے زمین اور اِنسانوں کے حوالے سے ایک روشن مستقبل کا وعدہ کِیا ہے۔‏

سرِورق کا موضوع | کیا دُنیا کے حالات قابو سے باہر ہیں؟‏

پاک کلام میں کیا بتایا گیا ہے؟‏

پاک کلام میں کیا بتایا گیا ہے؟‏

دُنیا کے بُرے حالات کے بارے میں پاک کلام میں صدیوں پہلے بتا دیا گیا تھا۔‏ اِس میں یہ بات بھی خاص طور پر بتائی گئی ہے کہ اِنسانوں کا مستقبل بہت روشن ہوگا۔‏ ہمیں پاک کلام کی پیش‌گوئیوں کو رد نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اِس میں درج بہت سی پیش‌گوئیاں لفظ بہ‌لفظ پوری ہو چُکی ہیں۔‏

مثال کے طور پر پاک کلام کی اِن پیش‌گوئیوں پر غور کریں:‏

  • ”‏قومیں ایک دوسرے پر چڑھائی کریں گی اور سلطنتیں ایک دوسرے کے خلاف اُٹھیں گی،‏ جگہ جگہ قحط پڑیں گے اور زلزلے آئیں گے۔‏“‏—‏متی 24:‏7‏۔‏

  • ”‏آخری زمانے میں مشکل وقت آئے گا کیونکہ لوگ خود غرض،‏ پیسے سے پیار کرنے والے،‏ شیخی مارنے والے،‏ مغرور،‏ کفر بکنے والے،‏ ماں باپ کے نافرمان،‏ ناشکر،‏ بےوفا،‏ خاندانی محبت سے خالی،‏ ضدی،‏ بدنامی کرنے والے،‏ بےضبط،‏ وحشی،‏ نیکی کے دُشمن،‏ دھوکےباز،‏ ہٹ‌دھرم اور گھمنڈی ہوں گے۔‏ وہ خدا سے پیار کرنے کی بجائے موج مستی سے پیار کریں گے۔‏“‏—‏2-‏تیمُتھیُس 3:‏1-‏4‏۔‏

شاید کچھ لوگ سوچیں کہ اِن پیش‌گوئیوں میں ایک ایسی دُنیا کی تصویر پیش کی گئی ہے جس کے حالات قابو سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔‏ سچ تو یہ ہے کہ دُنیا کے حالات واقعی اِنسانوں کے قابو سے باہر ہیں۔‏ پاک کلام کے مطابق اِنسانوں کے پاس نہ تو اِتنی دانش‌مندی ہے اور نہ ہی اِتنی طاقت کہ وہ دُنیا کے مسائل کو مکمل طور پر حل کر سکیں۔‏ یہ بات پاک کلام کی اِن آیتوں سے بھی واضح ہوتی ہے:‏

  • ”‏ایسی راہ بھی ہے جو اِنسان کو سیدھی معلوم ہوتی ہے پر اُس کی اِنتہا میں موت کی راہیں ہیں۔‏“‏—‏امثال 14:‏12‏۔‏

  • ”‏ایک شخص دوسرے پر حکومت کر کے اُس کو ضرر پہنچاتا ہے۔‏“‏—‏واعظ 8:‏9‏،‏ کیتھولک ترجمہ۔‏

  • ”‏اِنسان .‏ .‏ .‏ اپنے قدموں کی راہنمائی نہیں کر سکتا۔‏“‏—‏یرمیاہ 10:‏23‏۔‏

اگر اِنسان اپنی من‌مانی کرتے رہے تو بہت جلد دُنیا کو ایک بہت بڑی تباہی کا سامنا ہو سکتا ہے۔‏ لیکن ایسا ہوگا نہیں۔‏ اِس کی وجہ پاک کلام کی اِن آیتوں میں بتائی گئی ہے:‏

  • ”‏[‏خدا]‏ نے زمین کو اُس کی بنیادوں پر قائم کِیا،‏ جو اپنے مقام سے کبھی ہٹائی نہیں جا سکتی۔‏“‏—‏زبور 104:‏5‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن۔‏

  • ”‏ایک پُشت جاتی ہے اور دوسری پُشت آتی ہے پر زمین ہمیشہ قائم رہتی ہے۔‏“‏—‏واعظ 1:‏4‏۔‏

  • ”‏صادق زمین کے وارث ہوں گے اور اُس میں ہمیشہ بسے رہیں گے۔‏“‏—‏زبور 37:‏29‏۔‏

  • ”‏زمین میں پہاڑوں کی چوٹیوں پر اناج کی اِفراط ہوگی۔‏“‏—‏زبور 72:‏16‏۔‏

پاک کلام کی اِن آیتوں سے ہمیں مستقبل کے بارے میں اپنے سوالوں کے جواب مل جاتے ہیں۔‏ اِنسان آلودگی،‏ خوراک اور پانی کی کمی یا کسی وبا سے نہیں مریں گے اور نہ ہی دُنیا جوہری ہتھیاروں سے تباہ ہوگی۔‏ ہم ایسا اِس لیے کہہ سکتے ہیں کیونکہ ہمارے سیارے کا مستقبل خدا کے ہاتھ میں ہے۔‏ یہ سچ ہے کہ وہ اِنسانوں کو اپنی من‌مانی کرنے دیتا ہے۔‏ مگر اِنسانوں کو اپنے فیصلوں کے نتائج ضرور بھگتنے پڑیں گے۔‏ (‏گلتیوں 6:‏7‏)‏ لیکن یہ دُنیا کسی ایسی گاڑی کی طرح نہیں ہے جو بالکل بےقابو ہو اور تباہی کی طرف بڑھ رہی ہو۔‏ خدا نے ایک حد مقرر کی ہے کہ اِنسان خود کو کتنا نقصان پہنچا سکتے ہیں۔‏—‏زبور 83:‏18؛‏ عبرانیوں 4:‏13‏۔‏

خدا اِنسانوں کے لیے اَور بھی بہت کچھ کرے گا۔‏ وہ زمین پر ’‏بڑا امن‘‏ قائم کرے گا۔‏ (‏زبور 37:‏11‏،‏ اُردو جیو ورشن‏)‏ اِس مضمون میں ایک بہت روشن مستقبل کی جھلک دِکھائی گئی ہے جس کے بارے میں لاکھوں یہوواہ کے گواہوں نے پاک کلام کا مطالعہ کرنے سے سیکھا ہے۔‏

یہوواہ کے گواہ پوری دُنیا میں ہیں۔‏ وہ مختلف عمروں اور قوموں سے تعلق رکھتے ہیں۔‏ وہ واحد اور سچے خدا کی عبادت کرتے ہیں جس کا نام پاک کلام میں یہوواہ بتایا گیا ہے۔‏ وہ مستقبل کے حوالے سے خوف‌زدہ نہیں ہیں کیونکہ پاک کلام میں لکھا ہے کہ ”‏[‏یہوواہ]‏ جس نے آسمان پیدا کئے وہی خدا ہے۔‏ اُسی نے زمین بنائی اور تیار کی۔‏ اُسی نے اُسے قائم کِیا۔‏ اُس نے اُسے عبث [‏یعنی بِلاوجہ]‏ پیدا نہیں کِیا بلکہ اُس کو آبادی کے لئے آراستہ کِیا۔‏ وہ یوں فرماتا ہے کہ مَیں [‏یہوواہ]‏ ہوں اور میرے سوا اَور کوئی نہیں۔‏“‏—‏یسعیاہ 45:‏18‏۔‏

اِس مضمون میں زمین اور اِنسانوں کے مستقبل کے حوالے سے پاک کلام کی چند تعلیمات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔‏ اِس سلسلے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے کتاب ‏”‏خدا کی طرف سے خوشخبری“‏ کے سبق نمبر 5 کو دیکھیں۔‏ اِس کتاب کو یہوواہ کے گواہوں نے شائع کِیا ہے اور یہ www.jw.org پر دستیاب ہے۔‏

آپ ویڈیو ‏”‏خدا نے زمین کو کیوں بنایا؟‏‏“‏ بھی دیکھ سکتے ہیں جو www.jw.org پر دستیاب ہے۔‏ (‏اِس کے لیے ”‏مطبوعات“‏ کے تحت حصہ ”‏ویڈیوز‏“‏ پر جائیں۔‏)‏