مہنگائی کا طوفان—سامنا کیسے کریں؟
پیسوں کو سمجھداری سے اِستعمال کریں
چیزوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے ہم سب کو مشکلوں کا سامنا ہو تا ہے۔ لیکن اِس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ یہ سوچیں کہ آپ اِس مسئلے سے نمٹنے کے لیے کچھ کر نہیں سکتے۔ ایسے بہت سے کام ہیں جنہیں کرنے سے آپ اِس مسئلے سے نمٹ سکتے ہیں۔
یہ ضروری کیوں ہے؟
اگر آپ اپنے پیسوں کو سمجھداری سے اِستعمال کرنے کی کوشش نہیں کریں گے تو آپ آسانی سے فضول خرچی میں پڑ سکتے ہیں جس کی وجہ سے آپ پریشانی کا شکار ہو جائیں گے۔ اگر آپ کے پاس تھوڑے سے پیسے ہیں تو آپ تب بھی ایسے قدم اُٹھا سکتے ہیں جن کی وجہ سے آپ تھوڑے میں بھی گزارہ کر سکیں۔
آپ کیا کر سکتے ہیں؟
اپنی آمدنی کے مطابق خرچہ کریں۔ جب آپ ایسا کریں گے تو آپ اپنی ضرورتوں کو اچھے سے پورا کر پائیں گے اور آپ اُس وقت بھی پُر سکون رہیں گے جب آپ کو اچانک پیسوں کی ضرورت پڑے گی۔
اپنی آمدنی کے مطابق خرچہ کرنے کے لیے ایک بجٹ بنائیں جس میں آپ لکھ سکیں کہ آپ کی آمدنی کتنی ہے اور آپ کے خرچے کتنے ہیں تاکہ آپ فضول خرچی سے بچ سکیں۔ بجٹ بناتے وقت اِس بات پر دھیان دیں کہ آپ کو اصل میں کن چیزوں کی ضرورت ہے اور پھر پوری کوشش کریں کہ آپ اپنے بنائے ہوئے بجٹ کے مطابق چلیں۔ آپ اپنے بجٹ میں اُس وقت تبدیلیاں بھی کر سکتے ہیں جب آپ کی آمدنی یا چیزوں کی قیمتیں کم یا زیادہ ہوں۔ اگر آپ شادیشُدہ ہیں تو اپنے جیون ساتھی کو بھی اپنی فیصلوں میں شامل کریں۔
یہ کر کے دیکھیں: چیزوں کو کریڈٹ کارڈ کے ذریعے، اُدھار یا قسطوں پر خریدنے کی بجائے نقد پیسے دے کر خریدیں۔ کچھ لوگوں نے دیکھا ہے کہ ایسا کرنے سے وہ اُن پیسوں کو اچھی طرح سے اِستعمال کر پاتے ہیں جو اُن کے پاس ہیں اور قرضے سے بھی بچے رہتے ہیں۔ اِس کے علاوہ اپنی بینک سٹیٹمنٹ کا جائزہ بھی لیتے رہیں یا پھر اِس بات کا ریکارڈ رکھیں کہ آپ روزانہ اور ہر مہینے کتنا خرچہ کر رہے ہیں۔ اگر آپ کو پتہ ہوگا کہ آپ کے پاس اصل میں کتنے پیسے ہیں تو آپ کم پریشان ہوں گے۔
اپنی آمدنی کے مطابق خرچہ کرنا مشکل ہو سکتا ہے لیکن اگر آپ سوچ سمجھ کر خرچہ کریں گے تو اِس سے آپ کو فائدہ ہوگا اور آپ پیسے کے بارے میں حد سے زیادہ پریشان نہیں ہوں گے۔
اپنے روزگار کو ہاتھ سے نہ جانے دیں۔ آپ ایسے کون سے قدم اُٹھا سکتے ہیں تاکہ آپ اپنی نوکری کو بچا سکیں؟ آپ یہ کر سکتے ہیں: وقت کی پابندی کریں، اپنے کام کے بارے میں صحیح سوچ رکھیں،محنت سے کام کریں اور دوسروں کی مدد کرنے کے لیے تیار رہیں۔ دوسروں کا احترام کریں، اپنے کام کی جگہ پر قوانین کی پابندی کریں اور اپنی مہارتوں کو نکھارنے کی پوری کوشش کریں۔
فضول خرچی سے بچیں۔ خود سے پوچھیں کہ ”کیا مَیں ایسی چیزوں پر پیسے ضائع کرتا ہوں جو میرے لیے غیرضروری ہیں اور جن سے مجھے نقصان بھی ہو سکتا ہے؟“ مثال کے طور پر بہت سے لوگ اپنی محنت سے کمائے پیسوں کو نشہ کرنے، جُوا کھیلنے، سگریٹ پینے یا حد سے زیادہ شراب پینے میں ضائع کر دیتے ہیں۔ اِن عادتوں کی وجہ سے وہ اپنی نوکری اور صحت کو داؤ پر لگا دیتے ہیں۔
اچانک آنے والی مشکلوں کے لیے پیسے بچا کر رکھیں۔ جب آپ اپنی آمدنی میں سے کچھ پیسے اچانک آنے والے خرچوں یا مشکلوں کے لیے بچا کر رکھتے ہیں تو یہ پیسے اُس وقت کام آ سکتے ہیں جب آپ کو یا آپ کے گھر کے کسی فرد کو صحت کا کوئی مسئلہ ہو جائے، نوکری چلی جائے یا کوئی اَور مشکل کھڑی ہو جائے۔

