تواریخ کی دوسری کتاب 5:1-14
5 اِس طرح سلیمان نے یہوواہ کے گھر کے لیے وہ سارا کام مکمل کِیا جو اُنہیں کرنا تھا۔ پھر سلیمان وہ چیزیں لائے جو اُن کے والد داؤد نے پاک کی تھیں اور اُنہوں نے چاندی، سونا اور باقی سب چیزیں سچے خدا کے گھر کے خزانوں میں رکھ دیں۔
2 اُس وقت سلیمان نے اِسرائیل کے بزرگوں یعنی سب قبیلوں کے سربراہوں اور گھرانوں کے سربراہوں کو اِکٹھا کِیا۔ وہ یروشلم آئے تاکہ داؤد کے شہر یعنی صِیّون سے یہوواہ کے عہد کا صندوق لائیں۔
3 اِسرائیل کے سب مرد ساتویں مہینے میں منائی جانے والی عید* پر بادشاہ کے سامنے اِکٹھے ہوئے۔
4 جب اِسرائیل کے سب بزرگ آئے تو لاویوں نے عہد کا صندوق اُٹھایا۔
5 کاہن اور لاوی* عہد کا صندوق، خیمۂاِجتماع اور وہ ساری پاک چیزیں لائے جو خیمے میں تھیں۔
6 بادشاہ سلیمان اور اِسرائیل کا وہ سارا مجمع جسے اُنہوں نے بُلوایا تھا، عہد کے صندوق کے سامنے تھا۔ اُس موقعے پر اِتنی زیادہ بھیڑیں اور گائے بیل قربان کیے گئے کہ اُنہیں گنا نہیں جا سکتا تھا۔
7 پھر کاہن یہوواہ کے عہد کے صندوق کو اُس کی جگہ پر گھر کے سب سے اندر والے کمرے یعنی مُقدسترین خانے میں لائے اور اُسے کروبیوں کے پَروں کے نیچے رکھ دیا۔
8 اِس طرح کروبیوں کے پَر اُس جگہ کے اُوپر پھیلے ہوئے تھے جہاں عہد کا صندوق رکھا گیا۔ لہٰذا کروبیوں نے عہد کے صندوق اور اُس کے ڈنڈوں کو اُوپر سے ڈھکا ہوا تھا۔
9 ڈنڈے اِتنے لمبے تھے کہ اُن کے سِرے سب سے اندر والے کمرے کے سامنے موجود مُقدس خانے سے نظر آتے تھے لیکن باہر سے نظر نہیں آتے تھے۔ اور وہ آج تک وہاں ہیں۔
10 عہد کے صندوق میں دو تختیوں کے سوا کچھ نہیں تھا۔ یہ تختیاں موسیٰ نے حَورِب میں اُس وقت اِس صندوق میں رکھی تھیں جب بنیاِسرائیل مصر سے نکل رہے تھے اور یہوواہ نے اُن کے ساتھ عہد باندھا تھا۔
11 جب کاہن مُقدس مقام سے باہر آئے (وہاں موجود سب کاہنوں نے خود کو پاک کِیا تھا پھر چاہے وہ کسی بھی گروہ سے تھے)
12 تو اُن سب گلوکار لاویوں نے نفیس لباس پہنے ہوئے تھے جن کی پیشوائی آسَف، ہیمان، یدوتون اور اُن کے بیٹے اور بھائی کر رہے تھے۔ اُنہوں نے جھانجھیں، تاردار ساز اور بربط* اُٹھائے ہوئے تھے اور وہ قربانگاہ کے مشرق کی طرف کھڑے تھے۔ اُن کے ساتھ 120 کاہن نرسنگے بجا رہے تھے۔
13 نرسنگے بجانے والے اور گلوکار مل کر یہوواہ کی بڑائی اور شکرگزاری کر رہے تھے اور نرسنگوں، جھانجھوں اور دوسرے تاردار سازوں کی آوازیں گُونج رہی تھیں اور وہ یہوواہ کی بڑائی کر رہے تھے ”کیونکہ وہ اچھا ہے؛ اُس کی اٹوٹ محبت ہمیشہ قائم رہتی ہے۔“ اُس لمحے وہ گھر یعنی یہوواہ کا گھر بادل سے بھر گیا۔
14 اُس بادل کی وجہ سے کاہن خدمت کرنے کے لیے وہاں کھڑے نہیں رہ پائے کیونکہ سچے خدا کا گھر یہوواہ کی شان سے بھر گیا تھا۔