تواریخ کی پہلی کتاب 23‏:1‏-‏32

  • داؤد لاویوں کو منظم کرتے ہیں ‏(‏1-‏32‏)‏

    • ہارون اور اُن کے بیٹوں کو مخصوص کِیا جاتا ہے ‏(‏13‏)‏

23  جب داؤد بوڑھے ہو گئے اور اُن کی زندگی ختم ہونے والی تھی*‏ تو اُنہوں نے اپنے بیٹے سلیمان کو اِسرائیل کا بادشاہ بنایا۔  پھر اُنہوں نے اِسرائیل کے سب حاکموں، کاہنوں اور لاویوں کو اِکٹھا کِیا۔  جن لاویوں کی عمر 30 سال یا اِس سے زیادہ تھی، اُنہیں گنا گیا۔ اُن کی کُل تعداد 38 ہزار تھی۔  اُن میں سے 24 ہزار یہوواہ کے گھر کے کام کے نگران تھے، 6000 عہدےدار اور قاضی تھے،  4000 دربان تھے اور 4000 اُن سازوں کے ساتھ یہوواہ کی بڑائی کرتے تھے جن کے بارے میں داؤد نے کہا تھا:‏ ”‏مَیں نے اِنہیں حمدوتعریف کے لیے بنایا ہے۔“‏  پھر داؤد نے اُنہیں لاوی کے بیٹوں یعنی جیرسون، قہات اور مِراری کے حساب سے گروہوں میں تقسیم*‏ کِیا۔  جیرسونیوں میں سے لعدان اور سِمعی تھے۔  لعدان کے تین بیٹے تھے یعنی یحی‌ایل جو سربراہ تھے اور زِیتام اور یُوایل۔  سِمعی کے تین بیٹے تھے یعنی سِلومت، حزی‌ایل اور حاران۔ یہ لعدان کے آبائی خاندانوں کے سربراہ تھے۔ 10  سِمعی کے بیٹے یہ تھے:‏ یحت، زِینا، یعوس اور بِریعاہ۔ یہ چاروں سِمعی کے بیٹے تھے۔ 11  یحت سربراہ تھے اور زِیزاہ اُن کے بعد تھے۔ یعوس اور بِریعاہ کے زیادہ بیٹے نہیں تھے اِس لیے اُنہیں ایک ہی آبائی خاندان کے طور پر گنا گیا اور ایک ہی ذمے‌داری دی گئی۔‏ 12  قہات کے چار بیٹے تھے یعنی عمرام، اِضہار، حِبرون اور عُزّی‌ایل۔ 13  عمرام کے بیٹے یہ تھے:‏ ہارون اور موسیٰ۔ لیکن ہارون کو مستقل طور پر مخصوص کِیا گیا تھا تاکہ وہ اور اُن کے بیٹے مُقدس‌ترین خانے کو پاک رکھیں، یہوواہ کے حضور قربانیاں پیش کریں، اُس کی خدمت کریں اور اُس کا نام لے کر ہمیشہ لوگوں کو دُعا دیں۔ 14  اور سچے خدا کے بندے موسیٰ کے بیٹوں کے نام لاوی کے قبیلے میں شامل کیے گئے۔ 15  موسیٰ کے بیٹے یہ تھے:‏ جیرسوم اور اِلیعزر۔ 16  جیرسوم کے بیٹوں میں سے سِبوایل سربراہ تھے۔ 17  اِلیعزر کی اولاد*‏ میں سے رحبیاہ سربراہ تھے۔ اِلیعزر کے اَور بیٹے نہیں تھے مگر رحبیاہ کے کافی بیٹے تھے۔ 18  اِضہار کے بیٹوں میں سے سِلومیت سربراہ تھے۔ 19  حِبرون کے بیٹے یہ تھے:‏ یریاہ جو سربراہ تھے، دوسرے امریاہ، تیسرے یحزی‌ایل اور چوتھے یقمعام۔ 20  عُزّی‌ایل کے بیٹے یہ تھے:‏ میکاہ جو سربراہ تھے اور یِسیاہ جو اُن کے بعد تھے۔‏ 21  مِراری کے بیٹے یہ تھے:‏ محلی اور مُوشی۔ محلی کے بیٹے یہ تھے:‏ اِلیعزر اور قِیس۔ 22  جب اِلیعزر فوت ہوئے تو اُن کا کوئی بیٹا نہیں تھا، صرف بیٹیاں ہی تھیں۔ اِس لیے قِیس کے بیٹوں نے جو اُن کے رشتے‌دار*‏ تھے، اُن سے شادی کر لی۔ 23  مُوشی کے تین بیٹے تھے یعنی محلی، عدر اور یراموت۔‏ 24  یہ لاوی کے بیٹے تھے جن کے نام اُن کے آبائی خاندانوں یعنی آبائی خاندانوں کے سربراہوں کے حساب سے لکھے گئے۔ جن لاویوں کی عمر 20 سال یا اِس سے زیادہ تھی، اُنہیں گنا گیا اور اُن کے نام لکھے گئے۔ وہ سب یہوواہ کے گھر میں خدمت کرتے تھے۔ 25  داؤد نے کہا تھا:‏ ”‏اِسرائیل کے خدا یہوواہ نے اپنے بندوں کو راحت دِلائی ہے اور وہ ہمیشہ یروشلم میں رہے گا۔ 26  اور لاویوں کو مُقدس خیمہ اور اِس میں اِستعمال ہونے والا کوئی بھی سامان اُٹھا کر نہیں لے جانا پڑے گا۔“‏ 27  داؤد کی آخری ہدایتوں کے مطابق اُن لاویوں کو گنا گیا جن کی عمر 20 سال یا اِس سے زیادہ تھی۔ 28  اُن کی ذمے‌داری تھی کہ وہ یہوواہ کے گھر کے کاموں میں ہارون کے بیٹوں کی مدد کریں، صحنوں اور کھانے کے کمروں کی اور ہر پاک چیز کو صاف رکھنے کے کام کی نگرانی کریں اور سچے خدا کے گھر میں جہاں بھی ضرورت ہو، وہاں کام کریں۔ 29  وہ تہہ‌درتہہ رکھی جانے والی روٹیوں،‏*‏ اناج کے نذرانے کے میدے، بے‌خمیر پاپڑوں، توے پر پکائی جانے والی ٹکیوں، تیل سے گندھے آٹے اور ہر طرح کی چیزوں کو ناپنے تولنے کے حوالے سے مدد کرتے تھے۔ 30  وہ ہر صبح اور شام یہوواہ کا شکر کرنے اور اُس کی بڑائی کرنے کے لیے حاضر رہتے تھے۔ 31  جب بھی سبتوں پر، نئے چاند پر یا عیدوں کے دوران یہوواہ کے حضور بھسم ہونے والی قربانیاں پیش کی جاتی تھیں تو وہ اُن کے حوالے سے دیے گئے قوانین کے مطابق جتنی بھی تعداد میں ضرورت ہوتی تھی، باقاعدگی سے یہوواہ کے حضور اِس کام میں مدد کرتے تھے۔ 32  وہ خیمۂ‌اِجتماع اور مُقدس مقام کے حوالے سے بھی فرق فرق ذمے‌داریاں انجام دیتے تھے اور یہوواہ کے گھر میں خدمت کرنے سے اپنے بھائیوں یعنی ہارون کے بیٹوں کی مدد کرتے تھے۔‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏اور اُنہوں نے ایک مطمئن زندگی جی لی“‏
یا ”‏منظم“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏کے بیٹوں“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏بھائی“‏
یعنی نذرانے کی روٹیوں