پیدائش 46‏:1‏-‏34

  • یعقوب اور اُن کا گھرانہ مصر آ جاتا ہے ‏(‏1-‏7‏)‏

  • مصر آنے والوں کے نام ‏(‏8-‏27‏)‏

  • جشن میں یوسف اور یعقوب کی ملاقات ‏(‏28-‏34‏)‏

46  اِس کے بعد اِسرائیل اپنا سب کچھ*‏ لے کر روانہ ہوئے۔ جب وہ بِیرسبع پہنچے تو اُنہوں نے اپنے والد اِضحاق کے خدا کے حضور قربانیاں پیش کیں۔ 2  پھر رات کے وقت خدا نے ایک رُویا میں اِسرائیل سے کہا:‏ ”‏یعقوب!‏ یعقوب!‏“‏ اُنہوں نے جواب دیا:‏”‏ جی مالک“‏!‏ 3  خدا نے کہا:‏ ”‏مَیں سچا خدا ہوں، تمہارے باپ کا خدا۔ مصر جانے سے نہ ڈرو کیونکہ مَیں تمہیں وہاں ایک بڑی قوم بناؤں گا۔ 4  مَیں تمہارے ساتھ مصر جاؤں گا اور تمہیں وہاں سے واپس بھی لاؤں گا۔ اور یوسف تمہاری موت پر تمہاری آنکھیں بند کرے گا۔“‏* 5  اِس کے بعد یعقوب بِیرسبع سے روانہ ہوئے۔ اِسرائیل کے بیٹوں نے اپنے والد یعقوب اور اپنے بیوی بچوں کو اُن بیل گاڑیوں پر بٹھایا جو فِرعون نے اُنہیں لانے کے لیے بھیجی تھیں۔ 6  اُن کے ساتھ وہ مویشی اور سامان بھی تھا جو اُنہوں نے ملک کنعان میں حاصل کِیا تھا۔ آخرکار یعقوب اور اُن کی ساری اولاد مصر پہنچ گئی۔ 7  یعقوب اپنی ساری اولاد یعنی اپنے بیٹے بیٹیوں اور پوتے پوتیوں کو لے کر مصر آئے۔‏ 8  اِسرائیل یعنی یعقوب کے جو بیٹے مصر آئے، اُن کے نام یہ ہیں:‏ رُوبِن جو یعقوب کے پہلوٹھے بیٹے تھے۔‏ 9  رُوبِن کے بیٹے یہ تھے:‏ حنوک، فَلّو، حصرون اور کرمی۔‏ 10  شمعون کے بیٹے یہ تھے:‏ یموایل، یمین، اُہد، یکین، صُحر اور شاؤل جو ایک کنعانی عورت سے پیدا ہوئے تھے۔‏ 11  لاوی کے بیٹے یہ تھے:‏ جیرسون، قہات اور مِراری۔‏ 12  یہوداہ کے بیٹے یہ تھے:‏ عیر، اونان، سِلح، فارِص اور زارح۔ لیکن عیر اور اونان ملک کنعان میں ہلاک ہو گئے تھے۔‏ فارِص کے بیٹے یہ تھے:‏ حصرون اور حمول۔‏ 13  اِشّکار کے بیٹے یہ تھے:‏ تولع، فُوہ، یوب اور سِمرون۔‏ 14  زِبُولون کے بیٹے یہ تھے:‏ سِرد، اِیلون اور یہلی‌ایل۔‏ 15  یہ یعقوب کے وہ بیٹے ہیں جو فدان‌اَرام میں لِیاہ سے پیدا ہوئے۔ وہاں اُن کی بیٹی دِینہ بھی پیدا ہوئیں۔ یعقوب کے اِن بیٹے بیٹیوں*‏ کی کُل تعداد 33 تھی۔‏ 16  جد کے بیٹے یہ تھے:‏ صِفیان، حجّی، سُونی، اِصبون، عیری، ارُودی اور اَریلی۔‏ 17  آشر کے بیٹے یہ تھے:‏ یِمنہ، اِسواہ، اِسوی اور بِریعاہ۔ اور اُن کی بہن کا نام سِرح تھا۔‏ بِریعاہ کے بیٹے یہ تھے:‏ حِبر اور مَلکی‌ایل۔‏ 18  یہ زِلفہ کے بیٹے تھے جنہیں لابن نے اپنی بیٹی لِیاہ کو دیا تھا۔ زِلفہ سے پیدا ہونے والے یعقوب کے اِن بچوں کی کُل تعداد 16*‏ تھی۔‏ 19  یعقوب کی بیوی راخل کے بیٹے یہ تھے:‏ یوسف اور بِنیامین۔‏ 20  یوسف کے بیٹے یہ تھے:‏ منسّی اور اِفرائیم۔ وہ دونوں مصر میں آسناتھ سے پیدا ہوئے تھے جو اون*‏ کے پجاری فوطیفرع کی بیٹی تھی۔‏ 21  بِنیامین کے بیٹے یہ تھے:‏ بالع، بکر، اشبیل، جیرا، نعمان، اِخی، رَوس، مُفّیم، خُفّیم اور اَرد۔‏ 22  یہ یعقوب کے وہ بیٹے تھے جو راخل سے پیدا ہوئے۔ اِن کی کُل تعداد *‏14 تھی۔‏ 23  دان کے بیٹے*‏ کا نام حُوسیم تھا۔‏ 24  نفتالی کے بیٹے یہ تھے:‏ یحصی‌ایل، جُونی، یصر اور سِلّیم۔‏ 25  یہ بِلہاہ کے بیٹے تھے جنہیں لابن نے اپنی بیٹی راخل کو دیا تھا۔ بِلہاہ سے پیدا ہونے والے یعقوب کے اِن بچوں کی کُل تعداد سات*‏ تھی۔‏ 26  اُن سب لوگوں*‏ کی تعداد جو یعقوب کی اولاد تھے اور اُن کے ساتھ مصر آئے تھے، 66 تھی۔ اِس تعداد میں یعقوب کی بہوئیں شامل نہیں تھیں۔ 27  یوسف کے دو بیٹے تھے جو مصر میں پیدا ہوئے تھے۔ اِس طرح یعقوب کے گھرانے کے کُل 70 افراد*‏ مصر آئے۔‏ 28  یعقوب نے یہوداہ کو آگے بھیجا تاکہ وہ جا کر یوسف کو بتائیں کہ وہ جشن پہنچنے والے ہیں۔ جب وہ سب جشن کے علاقے میں پہنچے 29  تو یوسف نے اپنا رتھ تیار کروایا اور اپنے والد اِسرائیل سے ملنے کے لیے جشن گئے۔ جب وہ اپنے والد سے ملے تو اُنہوں نے فوراً اُنہیں گلے لگا لیا اور کچھ دیر تک روتے رہے۔ 30  تب اِسرائیل نے یوسف سے کہا:‏ ”‏اب مَیں سکون سے مر سکتا ہوں کیونکہ مَیں نے آپ کا چہرہ دیکھ لیا ہے اور جان گیا ہوں کہ آپ زندہ ہو۔“‏ 31  پھر یوسف نے اپنے بھائیوں اور اپنے والد کے گھرانے کے سب افراد سے کہا:‏ ”‏مَیں جا کر فِرعون سے یہ کہتا ہوں:‏ ”‏میرے بھائی اور میرے والد کے گھرانے کے سب افراد ملک کنعان سے یہاں میرے پاس آ گئے ہیں۔ 32  وہ لوگ چرواہے ہیں اور مویشی پالتے ہیں۔ وہ اپنی بھیڑبکریاں، گائے بیل اور اپنا سارا سامان ساتھ لے آئے ہیں۔“‏ 33  جب فِرعون آپ کو بُلائیں اور آپ سے پوچھیں کہ ”‏تمہارا پیشہ کیا ہے؟“‏ 34  تو آپ اُن سے کہنا:‏ ”‏آپ کے خادم بچپن سے مویشی پالتے آئے ہیں اور ہمارے باپ‌دادا بھی یہی کام کرتے تھے۔“‏ اِس طرح آپ جشن کے علاقے میں رہ سکو گے کیونکہ مصری چرواہوں سے گِھن کھاتے ہیں۔“‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏اپنے سب لوگوں کو“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏یوسف اپنا ہاتھ تمہاری آنکھوں پر رکھے گا۔“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏بیٹے بیٹیوں کی سب جانوں“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏16 جانیں“‏
یعنی ہیلیوپُلِس
لفظی ترجمہ:‏ ”‏14 جانیں“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏بیٹوں“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏سات جانیں“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏جانوں“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏جانوں“‏