مُکاشفہ 7:1-17
7 اِس کے بعد مَیں نے زمین کے چار کونوں پر چار فرشتوں کو کھڑے دیکھا جنہوں نے زمین کی چار ہواؤں کو مضبوطی سے پکڑ رکھا تھا تاکہ زمین پر یا سمندر پر یا کسی درخت پر کوئی ہوا نہ چلے۔
2 پھر مَیں نے ایک فرشتے کو مشرق سے* آتے دیکھا جس کے ہاتھ میں زندہ خدا کی مُہر تھی۔ اُس نے اُن چار فرشتوں کو پکارا جن کو زمین اور سمندر کو نقصان پہنچانے کا اِختیار دیا گیا تھا
3 اور کہا: ”تب تک زمین یا سمندر یا درختوں کو نقصان نہ پہنچانا جب تک ہم اپنے خدا کے غلاموں کے ماتھے پر مُہر نہ لگا لیں۔“
4 پھر مَیں نے اُن کی تعداد سنی جن پر مُہر لگائی گئی تھی۔ اُن کی تعداد 1،44،000 (ایک لاکھ چوالیس ہزار) تھی اور وہ بنیاِسرائیل کے ہر قبیلے سے تھے:
5 یہوداہ کے قبیلے سے 12 ہزار،رُوبن کے قبیلے سے 12 ہزار،جد کے قبیلے سے 12 ہزار،
6 آشر کے قبیلے سے 12 ہزار،نفتالی کے قبیلے سے 12 ہزار،منسّی کے قبیلے سے 12 ہزار،
7 شمعون کے قبیلے سے 12 ہزار،لاوی کے قبیلے سے 12 ہزار،اِشکار کے قبیلے سے 12 ہزار،
8 زبولون کے قبیلے سے 12 ہزار،یوسف کے قبیلے سے 12 ہزار،بنیمین کے قبیلے سے 12 ہزار۔
9 اِس کے بعد مَیں نے دیکھا اور دیکھو! لوگوں کی ایک بڑی بِھیڑ جسے کوئی گن نہیں سکتا تھا، تخت اور میمنے کے سامنے کھڑی تھی۔ وہ لوگ سب قوموں، قبیلوں، نسلوں اور زبانوں سے تھے، اُنہوں نے سفید چوغے پہنے ہوئے تھے اور اُن کے ہاتھوں میں کھجور کی شاخیں تھیں۔
10 وہ لگاتار اُونچی آواز میں کہہ رہے تھے: ”ہم اپنی نجات کے لیے اپنے خدا کے احسانمند ہیں جو تخت پر بیٹھا ہے اور میمنے کے بھی۔“
11 اور سارے فرشتے تخت اور بزرگوں اور چار جانداروں کے اِردگِرد کھڑے تھے اور وہ تخت کے سامنے مُنہ کے بل گِر گئے اور یہ کہہ کر خدا کی عبادت کرنے لگے کہ
12 ”آمین! ہمارے خدا کی بڑائی اور عظمت اور دانشمندی اور شکرگزاری اور عزت اور طاقت اور قوت ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ہو۔ آمین۔“
13 اِس پر ایک بزرگ نے مجھ سے کہا: ”جن لوگوں نے سفید چوغے پہنے ہوئے ہیں، وہ کون ہیں اور کہاں سے آئے ہیں؟“
14 مَیں نے فوراً کہا: ”مالک! یہ تو آپ جانتے ہیں۔“ اُنہوں نے مجھ سے کہا: ”یہ وہ لوگ ہیں جو بڑی مصیبت سے نکل آئے ہیں۔ اُنہوں نے اپنے چوغوں کو میمنے کے خون میں دھو کر سفید کر لیا ہے۔
15 اِس لیے وہ خدا کے تخت کے سامنے کھڑے ہیں اور دن رات اُس کی ہیکل* میں اُس کی عبادت کرتے ہیں۔ اور جو تخت پر بیٹھا ہے، وہ اُن پر اپنا خیمہ تانے گا۔
16 آئندہ وہ بھوکے اور پیاسے نہیں رہیں گے اور نہ ہی اُن کو سورج یا کوئی اَور چیز جھلسائے گی
17 کیونکہ میمنا جو تخت کے پاس کھڑا ہے، اُن کی گلّہبانی کرے گا اور اُن کو زندگی کے پانی کے چشموں کے پاس لے جائے گا۔ اور خدا اُن کی آنکھوں کے سب آنسو پونچھ دے گا۔“