مُکاشفہ 10:1-11
10 اور مَیں نے دیکھا کہ ایک اَور طاقتور فرشتہ آسمان سے اُتر رہا ہے۔ اُس نے بادل پہنا* ہوا تھا، اُس کے سر پر ایک دھنک تھی، اُس کا چہرہ سورج کی طرح تھا اور اُس کی ٹانگیں* آگ کے ستونوں جیسی تھیں۔
2 اُس کے ہاتھ میں ایک چھوٹا صفحہ* تھا جسے کھولا گیا تھا۔ اُس نے اپنا دایاں پاؤں سمندر پر رکھا اور اپنا بایاں پاؤں زمین پر۔
3 وہ اُونچی آواز میں پکارنے لگا، بالکل ویسے ہی جیسے شیر دھاڑتا ہے۔ جب وہ پکارنے لگا تو سات گرجوں کی آوازیں سنائی دیں۔
4 جب سات گرجیں بولنے لگیں تو مَیں اُن کی باتیں لکھنے لگا۔ لیکن آسمان سے آواز آئی کہ ”سات گرجوں نے جو کچھ کہا ہے، اِس پر مُہر لگا دیں اور اِسے نہ لکھیں۔“
5 اور جس فرشتے کو مَیں نے سمندر اور زمین پر کھڑے دیکھا تھا، اُس نے اپنا دایاں ہاتھ آسمان کی طرف اُٹھایا
6 اور اُس کی قسم کھائی جو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے زندہ ہے اور جس نے آسمان اور اِس کی سب چیزیں اور زمین اور اِس کی سب چیزیں اور سمندر اور اِس کی سب چیزیں بنائیں۔ اُس نے کہا کہ ”اب اَور دیر نہیں ہوگی۔
7 لیکن اُس زمانے میں جب ساتواں فرشتہ نرسنگا* پھونکنے والا ہوگا تو وہ مُقدس راز ضرور پورا ہوگا جسے خدا نے اپنے غلاموں یعنی نبیوں کو خوشخبری کے طور پر سنایا تھا۔“
8 مَیں نے دوبارہ آسمان سے وہی آواز سنی اور اُس نے مجھ سے کہا: ”جائیں، کُھلے ہوئے صفحے کو اُس فرشتے سے لے لیں جو سمندر اور زمین پر کھڑا ہے۔“
9 مَیں اُس فرشتے کے پاس گیا اور اُس سے وہ چھوٹا صفحہ مانگا۔ اُس نے مجھ سے کہا: ”لیں، اِسے کھا لیں۔ یہ آپ کے مُنہ میں شہد جیسا میٹھا ہوگا لیکن آپ کے پیٹ کو کڑوا کر دے گا۔“
10 اور مَیں نے فرشتے کے ہاتھ سے وہ چھوٹا صفحہ لے لیا اور اِسے کھانے لگا۔ وہ میرے مُنہ میں شہد جیسا میٹھا تھا لیکن جب مَیں نے اِسے کھا لیا تو میرا پیٹ کڑوا ہو گیا۔
11 اور مجھ سے کہا گیا: ”نسلوں اور قوموں اور زبانوں اور بہت سے بادشاہوں کے بارے میں پھر سے پیشگوئی کریں۔“