زبور 146:1-10
146 یاہ کی بڑائی کرو!*
میرا روم روم* یہوواہ کی بڑائی کرے۔
2 مَیں ساری زندگی یہوواہ کی بڑائی کروں گا۔
جب تک مَیں زندہ ہوں، مَیں اپنے خدا کی تعریف میں گیت گاؤں گا۔*
3 حاکموں* پر بھروسا نہ کرو اور نہ ہی کسی اِنسان* پرکیونکہ وہ نجات نہیں دِلا سکتے۔
4 اُن کا دم* نکل جاتا ہے اور وہ مٹی میں لوٹ جاتے ہیں؛اُسی دن اُن کے خیال مٹ جاتے ہیں۔
5 وہ شخص خوش رہتا ہے جس کا مددگار یعقوب کا خدا ہےاور جو یہوواہ اپنے خدا پر آس لگاتا ہے،
6 اُس خدا پر جس نے آسمان اور زمین اور سمندراور اُن میں موجود ساری چیزوں کو بنایا ہے؛جو ہمیشہ وفاداری نبھاتا ہے؛
7 جو اُن لوگوں کو اِنصاف دِلاتا ہے جن کے ساتھ دھوکا ہوا ہےاور جو بھوکے لوگوں کو روٹی دیتا ہے۔
یہوواہ قیدیوں کو رِہائی دِلاتا ہے۔
8 یہوواہ اندھوں کی آنکھیں کھولتا ہے؛یہوواہ بوجھ تلے دبے لوگوں کو اُٹھاتا ہے؛یہوواہ نیک لوگوں سے محبت کرتا ہے۔
9 یہوواہ پردیسیوں کی حفاظت کرتا ہے؛وہ یتیموں اور بیواؤں کو سنبھالتا ہےمگر بُرے لوگوں کے منصوبوں پر پانی پھیر دیتا ہے۔*
10 یہوواہ ہمیشہ بادشاہ رہے گا۔اَے صِیّون! تیرا خدا نسلدرنسل بادشاہ رہے گا۔
یاہ کی بڑائی کرو!*

