اَمثال 2‏:1‏-‏22

  • دانش‌مندی کی اہمیت ‏(‏1-‏22‏)‏

    • چھپے ہوئے خزانے کی طرح دانش‌مندی کی تلاش ‏(‏4‏)‏

    • سوچنے سمجھنے کی صلاحیت حفاظت کرتی ہے ‏(‏11‏)‏

    • بدچلنی کا بُرا انجام ہوتا ہے ‏(‏16-‏19‏)‏

2  میرے بیٹے!‏ اگر آپ میری باتوں کو مانواور میرے حکموں کو خزانے کی طرح اپنے پاس رکھو؛‏  2  اگر آپ دانش‌مندی کی طرف کان لگاؤاور سُوجھ‌بُوجھ سے دل لگاؤ؛‏  3  اگر آپ سمجھ کو پکارواور سُوجھ‌بُوجھ کے لیے آواز بلند کرو؛‏  4  اگر آپ اِنہیں چاندی کی طرح ڈھونڈتے رہواور چھپے ہوئے خزانے کی طرح اِنہیں تلاش کرتے رہو  5  تو پھر آپ یہوواہ کے خوف کو سمجھو گےاور آپ کو خدا کا علم حاصل ہوگا  6  کیونکہ یہوواہ دانش‌مندی عطا کرتا ہے؛‏اُس کے مُنہ سے علم اور سُوجھ‌بُوجھ کی باتیں نکلتی ہیں۔‏  7  اُس کے پاس سیدھی راہ پر چلنے والوں کے لیے حقیقی دانش‌مندی کا خزانہ ہے؛‏وہ وفاداری کی راہ پر چلنے والوں کی ڈھال ہے۔‏  8  وہ اِنصاف کے راستوں کی نگرانی کرتا ہے؛‏وہ اپنے وفادار بندوں کی راہ کی حفاظت کرے گا۔‏  9  پھر آپ نیکی، اِنصاف اور ایمان‌داری*‏ کو سمجھو گے،‏ہاں، ہر اچھی راہ کو سمجھ پاؤ گے۔‏ 10  جب دانش‌مندی آپ کے دل میں داخل ہوگیاور علم آپ کی جان*‏ کو بھائے گا 11  تو سوچنے سمجھنے کی صلاحیت آپ کی نگرانی کرے گیاور سُوجھ‌بُوجھ آپ کی حفاظت کرے گی 12  تاکہ آپ بُری راہ سے محفوظ رہواور ایسے لوگوں سے بھی جو غلط باتیں کرتے ہیں،‏ 13  ہاں، ایسے لوگوں سے جو سیدھی راہ کو چھوڑ کرتاریک راہ پر چلنے لگتے ہیں،‏ 14  ہاں، ایسے لوگوں سے جو غلط کام کر کے خوش ہوتے ہیںاور بُرائی کر کے پھولے نہیں سماتے،‏ 15  ہاں، ایسے لوگوں سے جن کی راہیں ٹیڑھی ہیںاور جن کے سب راستے دھوکے سے بھرے ہیں۔‏ 16  دانش‌مندی آپ کو بدکردار*‏ عورت سے بچائے گی،‏ہاں، بدچلن*‏ عورت کی چکنی چپڑی*‏ باتوں سے 17  جو اپنے جوانی کے ساتھی*‏ کو چھوڑ دیتی ہےاور اپنے خدا کے عہد کو بھول جاتی ہے؛‏ 18  اُس کا گھر موت کے مُنہ میں لے جاتا ہےاور اُس کے گھر کے راستے قبر کی گہرائی کی طرف۔‏ 19  اُس سے تعلق قائم کرنے والا کبھی لوٹ کر نہیں آئے گااور نہ ہی وہ کبھی زندگی کی راہ پر دوبارہ چل پائے گا۔‏ 20  اِس لیے اچھے لوگوں کی راہ پر چلواور نیک لوگوں کی راہ سے نہ ہٹو 21  کیونکہ صرف سیدھی راہ پر چلنے والے زمین پر بسیں گےاور وفاداری کی راہ پر چلتے رہنے والے*‏ اِس میں آباد رہیں گے۔‏ 22  مگر بُرے لوگوں کو زمین سے کاٹ دیا جائے گااور دھوکے‌باز لوگوں کو اِس سے اُکھاڑ پھینکا جائے گا۔‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏راستی“‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏پرائی۔“‏ غالباً ایسی عورت جو خدا کے معیاروں پر نہ چلنے کی وجہ سے اُس سے دُور ہو گئی ہو۔‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏پردیسی۔“‏ غالباً ایسی عورت جو خدا کے معیاروں پر نہ چلنے کی وجہ سے اُس سے دُور ہو گئی ہو۔‏
یا ”‏لبھانے والی“‏
یا ”‏شوہر“‏
یا ”‏بے‌اِلزام“‏