اَمثال 15:1-33
15 نرم جواب غصے کو ٹھنڈا کر دیتا ہےلیکن سخت* بات غصے کو بھڑکاتی ہے۔
2 دانشمند شخص کی زبان علم کا صحیح اِستعمال کرتی ہےلیکن احمق شخص اپنے مُنہ سے حماقت اُگلتا ہے۔
3 یہوواہ کی آنکھیں ہر جگہ موجود ہیںاور اچھے اور بُرے لوگوں دونوں کو دیکھتی ہیں۔
4 نرم* زبان زندگی کا درخت ہےلیکن ٹیڑھی باتیں مایوس کر دیتی ہیں۔*
5 بےوقوف شخص اپنے باپ کی تربیت کی بےقدری کرتا ہےلیکن سمجھدار شخص اِصلاح کو قبول کرتا ہے۔
6 نیک شخص کا گھر خزانے سے بھرا رہتا ہےلیکن بُرے شخص کی آمدنی* اُس کے لیے مصیبت لاتی ہے۔
7 دانشمند شخص کے لب علم پھیلاتے ہیںلیکن احمق شخص کے دل میں ایسا کرنے کا خیال نہیں آتا۔
8 بُرے شخص کی قربانی سے یہوواہ گِھن کھاتا ہےلیکن سیدھی راہ پر چلنے والے شخص کی دُعا سے وہ خوش ہوتا ہے۔
9 یہوواہ بُرے شخص کی روِش سے گِھن کھاتا ہےلیکن وہ اُس شخص سے پیار کرتا ہے جو نیکی کرنے کی پوری کوشش کرتا ہے۔
10 جو شخص صحیح راہ کو چھوڑ دیتا ہے، اُسے تربیت بُری* لگتی ہےاور جو شخص اِصلاح سے نفرت کرتا ہے، اپنی جان گنوا بیٹھے گا۔
11 یہوواہ قبر* اور تباہی کی جگہ* کو صاف دیکھ سکتا ہے
تو پھر اِنسان کا دل اُس سے کیسے چھپا رہ سکتا ہے؟
12 مذاق اُڑانے والا اُس شخص کو پسند نہیں کرتا جو اُس کی اِصلاح کرتا ہے۔
وہ دانشمندوں سے مشورہ نہیں کرتا۔
13 اگر دل خوش ہو تو چہرہ بھی کِھلا رہتا ہےلیکن دل کا دُکھ اِنسان* کو کچل دیتا ہے۔
14 سمجھدار شخص کا دل علم حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہےلیکن احمق شخص اپنا مُنہ حماقت سے بھرتا ہے۔*
15 مصیبتزدہ شخص کا ہر دن بُرا ہوتا ہےلیکن خوشدل* شخص ہر دن جشن مناتا ہے۔
16 بہت زیادہ دولت ہونے اور فکروں* میں ڈوبے رہنے سے بہتر ہےکہ کم میں گزارہ کِیا جائے اور یہوواہ کا خوف رکھا جائے۔
17 جہاں محبت ہو وہاں سبزی کا سالناُس جگہ موٹے تازے* بیل سے بہتر ہے جہاں نفرت ہو۔
18 گرممزاج شخص جھگڑا پیدا کرتا ہےلیکن جو شخص جلدی غصہ نہیں کرتا، وہ جھگڑا ٹھنڈا کرتا ہے۔
19 سُست آدمی کا راستہ کانٹوں کی باڑ کی طرح ہوتا ہےلیکن سیدھی راہ پر چلنے والے شخص کا راستہ ہموار شاہراہ کی طرح ہوتا ہے۔
20 ایک دانشمند بیٹا اپنے باپ کو خوش کرتا ہےلیکن ایک احمق بیٹا اپنی ماں کی حقارت کرتا ہے۔
21 جس میں سمجھ کی کمی ہوتی ہے، وہ بےوقوفی سے خوش ہوتا ہےلیکن سُوجھبُوجھ رکھنے والا شخص سیدھی راہ پر چلتا رہتا ہے۔
22 صلاح مشورہ نہ کرنے سے منصوبے ناکام ہو جاتے ہیںلیکن زیادہ لوگوں کے مشورے سے کامیابی ملتی ہے۔
23 اِنسان صحیح جواب دے کر* خوش ہوتا ہےاور صحیح وقت پر کہی گئی بات کیا خوب ہوتی ہے!
24 زندگی کا راستہ گہری سمجھ رکھنے والے شخص کو اُوپر لے جاتا ہےتاکہ وہ نیچے قبر* میں جانے سے بچ سکے۔
25 یہوواہ مغرور شخص کے گھر کو گِرا دے گالیکن وہ بیوہ کی چاردیواری کی حفاظت کرے گا۔
26 یہوواہ بُرے شخص کے منصوبوں سے گِھن کھاتا ہےلیکن دلپسند باتیں اُس کی نظر میں پاک ہیں۔
27 بےایمانی کی کمائی کرنے والا اپنے گھرانے پر مصیبت* لاتا ہےلیکن رشوت سے نفرت کرنے والا زندہ رہے گا۔
28 نیک شخص جواب دینے* سے پہلے دل میں سوچ بچار کرتا ہےلیکن بُرے شخص کا مُنہ بُری باتیں اُگلتا ہے۔
29 یہوواہ بُرے لوگوں سے بہت دُور ہےلیکن وہ نیک لوگوں کی دُعائیں سنتا ہے۔
30 آنکھوں میں چمک دیکھ کر* دل کِھل اُٹھتا ہےاور اچھی خبر ہڈیوں میں جان ڈال دیتی ہے۔*
31 جو زندگیبخش اِصلاح پر دھیان دیتا ہے،وہ دانشمندوں میں شمار ہوتا ہے۔*
32 جو تربیت کو ٹھکراتا ہے، وہ اپنی زندگی* کو حقیر سمجھتا ہےلیکن جو اِصلاح کو قبول کرتا ہے، وہ سمجھ حاصل کرتا ہے۔
33 یہوواہ کا خوف دانشمندی سکھاتا ہےاور عزت خاکسار بننے کے بعد ملتی ہے۔
فٹ نوٹس
^ یا ”تکلیفدہ“
^ یا ”شفابخش“
^ لفظی ترجمہ: ”روح کو کچل دیتی ہیں۔“
^ یا ”پیداوار“
^ یا ”سخت“
^ عبرانی لفظ: ”شیول۔“ ”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
^ یا ”اور ابدّون“
^ لفظی ترجمہ: ”روح“
^ یا ”حماقت کے پیچھے بھاگتا ہے۔“
^ یا ”اچھے دل والا“
^ یا ”اُلجھنوں“
^ یا ”پلے ہوئے“
^ لفظی ترجمہ: ”اپنے مُنہ کے جواب سے“
^ عبرانی لفظ: ”شیول۔“ ”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
^ یا ”رُسوائی“
^ یا ”بولنے“
^ یا ”خوشی بھری نظر سے“
^ لفظی ترجمہ: ”کو موٹا کر دیتی ہے۔“
^ یا ”کے بیچ بستا ہے۔“
^ لفظی ترجمہ: ”جان“

